Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 62

صِیّونؔ کا نیا نام

صِیّونؔ کی خاطِر مَیں خاموش نہ رہُوں گا،

یروشلیمؔ کی خاطِر میں چُپ نہ رہُوں گا،

جَب تک کہ اُس کی صداقت طُلوع سحر کی طرح نہ چمک اُٹھے،

اَور اُس کی نَجات رَوشن چراغ کی طرح جلوہ گِر نہ ہو۔

قوموں پر تیری صداقت ظاہر ہوگی،

اَور تمام بادشاہ تیرا جلال دیکھیں گے؛

تُو نئے نام سے پُکاری جائے گی

جو یَاہوِہ کے مُنہ سے نکلے گا۔

تُو یَاہوِہ کے ہاتھ میں جلالی تاج

اَور اَپنے خُدا کے ہاتھ میں افسر شاہانہ ہوگی۔

پھر تُو متروکہ نہ کہلائے گی،

اَور نہ تیری سرزمین کو ویرانہ کہا جائے گا۔

بَلکہ تُو حِپضیباہؔ1

اَور تیری زمین بِیولا2 کہلائے گی؛

کیونکہ یَاہوِہ تُجھ سے خُوش ہوگا،

اَور تیری زمین کا بیاہ رچایا جائے گا۔

جِس طرح ایک جَوان مَرد ایک کنواری عورت سے بیاہ کرتا ہے،

اُسی طرح مِعمار تُجھے بیاہ لیں گے؛

اَور جَیسا دُلہا اَپنی دُلہن میں خُوشی پاتاہے،

اُسی طرح تیرا خُدا تُجھ میں مسرُور ہوگا۔

اَے یروشلیمؔ، مَیں نے تیری دیواروں پر نگہبان مُقرّر کئے ہیں؛

وہ دِن رات کبھی خاموش نہ ہوں گے۔

تُم جو یَاہوِہ کو پُکارتے رہتے ہو،

خاموش نہ بیٹھو،

اَور جَب تک وہ یروشلیمؔ کو قائِم کرکے اُسے ساری دُنیا میں تعریف کے قابل نہ بنادے۔

تَب تک تُم بھی خُدا کو آرام نہ لینے دو۔

یَاہوِہ نے اَپنے داہنے ہاتھ

اَور اَپنے قوی بازو کی قَسم کھائی ہے:

”مَیں پھر کبھی تیرے اناج کو

تیرے دُشمنوں کی خُوراک نہ بننے دوں گا،

نہ ہی پڑوسی تیری نئی مَے پینے پائیں گے

جِس کے لیٔے تُم نے محنت اُٹھائی ہے؛

لیکن جو اناج جمع کریں گے وُہی اُسے کھایٔیں گے،

اَور یَاہوِہ کی سِتائش کریں گے،

اَورجو انگور جمع کریں گے وُہی اُس کا رس

میرے پاک مَقدِس کے صحنوں میں پی پائیں گے۔“

گزر جاؤ، پھاٹکوں میں سے گزر جاؤ!

لوگوں کے لیٔے راہ تیّار کرو۔

شاہراہ کو ہموار کر دو!

پتّھروں کو ہٹا دو۔

اَور قوموں کے لیٔے پرچم اُونچا کرو۔

یَاہوِہ نے دُنیا کی اِنتہا تک

یہ اعلان کر دیا ہے:

”صِیّونؔ کی بیٹی سے کہو،

’دیکھ تیرا مُنجّی آ رہاہے!

دیکھ وہ تیرا اجر اَپنے ساتھ لا رہاہے،

اَور تیرا مُعاوضہ بھی اُس کے ساتھ ہے۔‘ “

اُس کے لوگ مُقدّس

اَور یَاہوِہ کے چھُڑائے ہُوئے لوگ کہلایٔیں گے؛

اَور تُو اَے یروشلیمؔ، خُدا کا مطلوبہ شہر کہلائے گا،

جسے خُدا نے ترک نہیں کیا۔

Source notes (2)
  1. Footnote حِپضیباہؔ یعنی میری خُوشی
  2. Footnote بِیولا یعنی سُہاگن

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.