Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 54

صِیّونؔ کی مُستقبِل کی شان

اَے بانجھ عورت،

تُم جو بے اَولاد رہی، نغمہ گا؛

تُم کو جسے کبھی دردِزہ نہ ہُوا،

نغمہ سرائی کر اَور خُوشی سے للکار،

کیونکہ یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ

چھوڑی ہُوئی عورت کی اَولاد

شوہر والی کی اَولاد سے زِیادہ ہوگی۔

اَپنے خیمہ کے احاطہ کو بڑھا،

اَور اُس کے پردے وسیع کر،

دریغ نہ کر۔

اَپنی رسّیوں کی لمبائی بڑھا،

اَور اَپنی میخیں مضبُوط کر۔

کیونکہ تُم داہنی اَور بائیں طرف پھیلے گی؛

اَور تیری نَسل قوموں کو ہٹا کر اُن کے ویران شہروں میں بسیں گی۔

خوف نہ کر کیونکہ تُم پھر پشیمان نہ ہوگی۔

رُسوائی کا خوف نہ کر کیونکہ تُم ذلیل نہ کی جائے گی۔

تُم اَپنا جَوانی کی شرم کو بھُول جائے گی

اَور اَپنی بیوگی کی عاؔر کو پھر یاد نہ کرےگی۔

کیونکہ تمہارا خالق ہی تمہارا خَاوند ہے

جِن کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے

تمہارا نَجات دِہندہ اِسرائیل کا قُدُّوس ہے؛

جو سارے جہان کا خُدا کہلاتا ہے۔

کیونکہ تمہارا خُدا فرماتا ہے:

یَاہوِہ تُمہیں اَیسے بُلائیں گے

گویا تُم متروکہ بیوی اَور دِل آزردہ عورت تھی

جِس کی شادی نوجوانی میں ہو گئی،

لیکن اُسے فوراً ترک کر دیا گیا۔

کچھ دیر کے لیٔے مَیں نے تُجھے چھوڑ دیا تھا،

لیکن اَپنی بے پناہ گہری شفقت کے باعث مَیں تُجھے واپس لاؤں گا۔

یَاہوِہ تمہارے نَجات دِہندہ فرماتے ہیں:

سخت غُصّہ کی حالت میں

مَیں نے پل بھرکے لیٔے تُجھ سے مُنہ چھُپا لیا تھا،

پر اَب اَبدی شفقت سے

مَیں تُجھ پر رحم کروں گا۔

یہ میرے لیٔے نوحؔا کے دِنوں کی طرح ہے،

جَب مَیں نے قَسم کھائی تھی کہ زمین پر نوحؔا کا سا سیلاب پھر کبھی نہ آئے گا۔

پس اَب مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ مَیں تُجھ پر خفا نہ ہوں گا،

اَور نہ ہی تُجھے کبھی ڈانٹوں گا۔

یَاہوِہ جو تُجھ پر مہربان ہے، یُوں کہتاہے:

خواہ پہاڑ ہلا دئیے جایٔیں

اَور ٹیلے سَرکا دئیے جایٔیں،

مگر میری لافانی مَحَبّت تُجھ پر سے کبھی نہ ہٹے گی

اَور نہ ہی میرا عہدِ اَمن کبھی ٹلےگا۔

اَے مُصیبت زدہ شہر، جو طُوفان کا مارا ہُوا اَور تسلّی سے محروم ہے،

مَیں تُجھے سنگِ فیروزہ سے تعمیر کروں گا،

اَور تیری بُنیادیں نیلم سے ڈالوں گا۔

مَیں تیرے قلعہ کی فصیل لعلوں سے،

اَور تیرے پھاٹک چمکدار جواہرات سے،

اَور تیری تمام دیواریں بیش قیمت پتّھروں سے بناؤں گا۔

آپ کے تمام فرزند کو یَاہوِہ علم بخشیں گے،

اَور آپ کے بچّوں کو کامل تسلّی مُیسّر ہوگی۔

تُو راستبازی سے پائدار ہو جائے گی:

تُو ظُلم سے دُور رہے گی؛

تُجھے کسی بات کا خوف نہ ہوگا۔

دہشت دُور کر دی جائے گی؛

وہ تیرے نزدیک نہ آئے گی۔

اگر کویٔی تُجھ پر حملہ کرتا ہے تو وہ میری جانِب سے نہ ہوگا؛

اَورجو بھی تُجھ پر حملہ آور ہوگا وُہی تیرا مطیع ہو جائے گا۔

”دیکھ، مَیں نے ہی لوہار کو پیدا کیا

جو کوئلوں کو سُلگا کر شُعلے پیدا کرتا ہے

اَور اَپنے کام کے لیٔے مُناسب ہتھیار تیّار کرتا ہے۔

اَور مَیں نے ہی تباہ گِر کو پیدا کیا تاکہ وہ تباہی مچائے؛

تیرے خِلاف بنایا گیا کویٔی بھی ہتھیار کامیاب نہ ہوگا،

اَور تُو ہر اُس زبان کو جو تُجھے مُلزم قرار دے گی جھُوٹا ثابت کر دے گا۔

کہ یہ ہی ہے یَاہوِہ کے خادِموں کی مِیراث اَور

یہ ہی ہے میری طرف سے اُن کی راستبازی،“

یَاہوِہ کا یہ ہی فرمان ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.