Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 50

اِسرائیل کا گُناہ اَور خادِم کی اِطاعت

یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:

”وہ طلاق نامہ کہاں ہے

جسے لِکھ کر مَیں نے تمہاری ماں کو چھوڑ دیا تھا؟

یا اَپنے قرض خواہوں میں سے کس کے ہاتھ

مَیں نے تُمہیں بیچا تھا؟

تُم تو اَپنے ہی گُناہوں کے باعث بِک گیٔے؛

اَور تمہاری خطاؤں کی وجہ سے تمہاری ماں کو طلاق دی گئی تھی۔

کیا وجہ ہے کہ جَب مَیں آیا تَب کویٔی آدمی نہ تھا؟

اَور جَب مَیں نے پُکارا تَب کویٔی جَواب دینے والا نہ تھا؟

کیا میرا ہاتھ اِس قدر کوتاہ ہو گیا تھا کہ تمہارا فدیہ نہ دے سکے؟

یا مُجھ میں اُتنی طاقت نہ تھی کہ تُمہیں چھُڑا سَکتا؟

محض ایک دھمکی سے میں سمُندر کو سُکھا دیتا ہُوں،

اَور دریاؤں کو صحرا میں بدل دیتا ہُوں؛

اُن کی مچھلیاں پانی کی عدم مَوجُودگی میں سڑ جاتی ہیں

اَور پیاس سے مَر جاتی ہیں۔

میں آسمانوں کو تاریکی کا لباس پہناتا ہُوں

اَور اُنہیں ٹاٹ اوڑھا دیتا ہُوں۔“

یَاہوِہ قادر نے مُجھے تربیّت یافتہ زبان بخشی ہے،

تاکہ اُس کلام کو جانوں جو تھکے ماندوں کو سہارا دیتاہے۔

وہ مُجھے ہر صُبح جگاتا ہے،

اَور میرا کان کھولتا ہے تاکہ میں ایک شاگرد کی طرح سُنوں۔

یَاہوِہ قادر نے میرے کان کھول دئیے ہیں،

اَور مَیں سرکش نہ ہُوا؛

نہ پیچھے ہٹا۔

مَیں نے اَپنی پیٹھ مارنے والوں کے،

اَور اَپنی داڑھی نوچنے والوں کے حوالہ کر دی؛

تضحیک اَور تھُوک سے بچنے کے لیٔے

مَیں نے اَپنا مُنہ نہیں چھپایا۔

چونکہ یَاہوِہ قادر میرے مددگار ہیں،

میں رُسوا نہ ہوں گا۔

اِسی لیٔے مَیں نے اَپنا چہرہ چقماق کی مانند کر لیا،

اَور مُجھے یقین ہے کہ میں شرمندہ نہ ہوں گا۔

مُجھے بے قُصُور ٹھہرانے والے میرے قریب ہیں۔

پھر کون مُجھ پر اِلزام لگا سَکتا ہے؟

آؤ ہم آمنے سامنے کھڑے ہُوں!

میرا مُدّعی کون ہے؟

وہ میرے مقابل ہو!

یَاہوِہ قادر میرے مددگار ہیں۔

کون ہے جو مُجھے مُجرم قرار دے گا؟

وہ سَب کپڑے کی طرح پُرانے ہو جایٔیں گے؛

کیڑے اُنہیں کھا جایٔیں گے۔

تُم میں کون یَاہوِہ کا خوف رکھتا ہے

اَور اُن کے خادِم کی باتیں سُنتا ہے؟

جو تاریکی میں چلتا ہے،

اَور رَوشنی سے محروم ہے،

وہ یَاہوِہ کے نام پر توکّل کرے

اَور اَپنے خُدا پر بھروسا رکھے۔

لیکن تُم سَب جو آگ سُلگاتے ہو

اَور اَپنے لیٔے بڑی بڑی مشعلوں کا اہتمام کرتے ہو،

جاؤ، اَپنی آگ کے شُعلوں

اَور اُن مشعلوں کی بھڑکتی رَوشنی میں چلو جنہیں تُم نے سُلگا رکھتا ہے۔

تُم میرے ہاتھ سے یہی پاؤگے:

تُم عذاب میں پڑے رہوگے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.