Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 48

ضِدّی اِسرائیل

”یہ بات سُنو اَے یعقوب کے گھرانے والو،

تُم جو اِسرائیل کے نام سے پُکارے جاتے ہو

اَور یہُوداہؔ کی نَسل سے ہو،

اَورجو یَاہوِہ کے نام کی قَسم کھاتے ہو

اَور اِسرائیل کے خُدا سے مُخاطِب ہوتے ہو

لیکن سچّائی اَور راستبازی سے نہیں

تُم جو اَپنے آپ کو مُقدّس شہر کے باشِندے جتاتے ہو

اَور اِسرائیل کے خُدا پر توکّل کرتے ہو

جِن کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے:

عرصہ ہُوا مَیں نے قدیم سے ہونے والی باتوں کی خبر دی،

میرے مُنہ سے اُن کا اعلان کیا اَور مَیں نے اُنہیں ظاہر کیا؛

پھر اَچانک اُنہیں عَمل میں لایا اَور وہ وقوع میں آئیں۔

کیونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُم کس قدر ضِدّی ہو؛

تیری گردن کے پٹھّے لوہے کے تھے،

اَور تیری پیشانی کانسے کی تھی۔

اِس لیٔے مَیں نے یہ باتیں تُجھے قدیم سے ہی بتا دیں؛

اِس سے پہلے کہ وہ واقع ہُوں، مَیں نے تُجھے بتا دیں۔

تاکہ تُو یہ نہ کہے کہ،

’یہ میرے بُتوں کا کام ہے؛

یا میری لکڑی کی گھڑی ہُوئی مُورت

اَور دھات سے ڈھالی

ہُوئی دیوی نے اِسے اَنجام دیا۔‘

تُونے یہ باتیں سُنی ہیں؛ اُن سَب پر نظر ڈال۔

کیا تُو اُن کو نہ مانے گا؟

”اَب سے آگے مَیں تُجھے نئی چیزوں،

اَور اَیسی پوشیدہ باتوں کے بارے میں بتاؤں گا جنہیں تُو نہیں جانتا تھا۔

وہ ابھی ابھی خلق کی گئی ہیں، قدیم سے نہیں ہیں؛

بَلکہ آج سے پہلے تُونے اُن کے بارے میں کچھ بھی نہ سُنا تھا۔

اِس لیٔے تُو یہ نہیں کہہ سَکتا کہ

’ہاں، میں اِن کے بارے میں جانتا تھا۔‘

تُونے اُنہیں نہ تو سُنا نہ سمجھا تھا؛

قدیم ہی سے تیرے کان کھُلے نہ تھے۔

مَیں بخُوبی جانتا تھا کہ تُو کس قدر بےوفا ہے؛

تُو پیدائش ہی سے باغی کہلایا۔

مَیں اَپنے نام کی خاطِر اَپنے غضب میں تاخیر کر رہا ہُوں؛

اَور اَپنے جلال کی خاطِر مَیں نے اُسے روک رکھتا ہے،

تاکہ مَیں تُجھے پُوری طرح تباہ نہ کر ڈالوں۔

دیکھ، مَیں نے تُجھے صَاف تو کیا لیکن چاندی کی طرح نہیں؛

مَیں نے تُجھے دُکھ کی بھٹّی میں پرکھ لیا ہے۔

اَپنی خاطِر، ہاں میری اَپنی ہی خاطِر مَیں نے یہ کیا ہے۔

میں اَپنے نام کی تکفیر کیوں ہونے دُوں؟

میں اَپنا جلال کسی دُوسرے کو نہیں دوں گا۔

اِسرائیل آزاد کیا گیا

”اَے یعقوب،

اَے اِسرائیل، تُو جو میرا بُلایا ہُواہے، میری سُن:

مَیں وُہی ہُوں؛

مَیں ہی اوّل اَور مَیں ہی آخِر ہُوں۔

میرے ہی ہاتھ نے زمین کی بُنیاد ڈالی،

اَور میرے داہنے ہاتھ نے آسمانوں کو پھیلایا؛

جَب مَیں اُنہیں بُلاتا ہُوں،

تَب وہ سَب ایک ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں۔

”تُم سَب اِکٹھّے ہوکر سُنو:

کِن معبُودوں نے اِن باتوں کی پیشن گوئی کی ہے؟

وہ جو یَاہوِہ کا پسندیدہ ہے

بابیل کے خِلاف اُن کا مرضی پُوری کرےگا؛

اُن کا ہاتھ کَسدیوں کے خِلاف اُٹھے گا۔

مَیں نے، ہاں مَیں نے ہی کہا ہے؛

ہاں، مَیں نے اُسے بُلایا ہے۔

میں اُسے لے آؤں گا،

اَور وہ اَپنے مقصد میں کامیاب ہوگا۔

”میرے قریب آؤ اَور یہ بات سُنو:

”شروع ہی سے مَیں نے پوشیدگی میں کلام نہیں کیا؛

جَب یہ ہوتاہے، میں بھی وہاں ہوتا ہُوں۔“

اَور اَب یَاہوِہ قادر نے

اَپنی رُوح کے ساتھ مُجھے بھیجا ہے۔

یَاہوِہ۔ تیرا نَجات دِہندہ،

اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں فرماتے ہیں:

”میں یَاہوِہ تیرا خُدا ہُوں،

جو تُجھے اَیسی تعلیم دیتاہے جو تیرے حق میں مفید ہے،

اَور جِس راہ پر تُجھے چلنا ہے اُس پر لے چلتا ہے۔

کاش کہ تُونے میرے اَحکام پر دھیان دیا ہوتا،

تو تُجھے ندی کی مانند تسلّی ملتی،

اَور تیری راستبازی سمُندر کی موجوں کی مانند ہوتی۔

تیری نَسل ریت کی مانند ہوتی،

اَور تیری اَولاد اُس کے لاتعداد ذرّوں کی مانند ہوتی؛

اُس کا نام میرے حُضُور سے نہ ہی کاٹا

اَور نہ مٹایا جائے گا۔“

بابیل کو خیرباد کہو،

کَسدیوں کے درمیان سے بھاگ جاؤ!

خُوشی سے للکار کر اِس کی خبر دو

اَور اُس کا اعلان کرو۔

اِس کی خبر زمین کی اِنتہا تک پہُنچا دو؛

کہو، ”کہ یَاہوِہ نے اَپنے خادِم یعقوب کا فدیہ دیا ہے۔“

جَب وہ اُنہیں بیابان میں سے لے گیا تَب وہ پیاسے نہ ہُوئے۔

اُس نے اُن کے لیٔے چٹّان میں سے پانی نکالا؛

اُس نے چٹّان کو چیرا

اَور پانی پھوٹ نِکلا۔

”بدکاروں،“ کے لیٔے، ”کوئی سلامتی نہیں،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.