Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

عِبرانیوں 12

چنانچہ جَب گواہوں کااِتنا بڑا بادل ہمیں گھیرے ہویٔے ہے، تو آؤ ہم بھی ہر ایک رُکاوٹ اَور اُس گُناہ کو جو ہمیں آسانی سے اُلجھا لیتا ہے، دُور کرکے اُس دَوڑ میں صبر سے دَوڑیں جو ہمارے لیٔے مُقرّر کی گئی ہے۔ اَور ایمان کے بانی اَور کامِل کرنے والے یِسوعؔ پر اَپنی نظریں جمائے رکھیں جِس نے اُس خُوشی کے لیٔے جو اُن کی نظروں کے سامنے تھی، شرمندگی کی پروا نہ کرتے ہویٔے صلیبی موت کا دُکھ سہا اَور خُدا کے داہنی طرف تخت نشین ہیں۔ تُم اُن پر غور کرو جِس نے گُنہگاروں کی کتنی بڑی مُخالفت برداشت کی تاکہ تُم بے دِل ہوکر ہِمّت نہ ہارو۔

خُدا اَپنے فرزندوں کی تربّیت کرتا ہے

تُم نے گُناہ سے لڑتے ہویٔے اَب تک اَیسا مُقابلہ نہیں کیا کہ تمہارا خُون نہ بہایا جائے۔ اَور کیا تُم اُس نصیحت کو بالکُل بھُول گیٔے جِس میں باپ نے تُمہیں اَپنا فرزند سمجھ کر تُمہیں مُخاطِب کیا ہے،

”اَے میرے بیٹے! خُداوؔند کی تربّیت کو ناچیز نہ جان،

اَور جَب وہ تُجھے ملامت کرے تو بے دِل نہ ہو،

کیونکہ جِس سے خُداوؔند مَحَبّت رکھتا ہے اُسے تنبیہ بھی کرتا ہے،

اَور جسے بیٹا بنا لیتا ہے اُسے کوڑے بھی لگاتاہے۔“1

اَپنی مُصیبتوں کو الٰہی تنبیہ سمجھ کر برداشت کرو گویا خُدا تُمہیں اَپنے فرزند سمجھ کر تمہاری تربّیت کر رہاہے۔ کیونکہ وہ کون سا بیٹا ہے جسے اُس کا باپ تنبیہ نہیں کرتا؟ اگر تمہاری تنبیہ سَب کی طرح نہیں کی جاتی تو، تُم بھی ناجائز فرزند ٹھہرتے اَور خُداوؔند کی حقیقی بیٹیاں اَور بیٹے نہیں ٹھہرتے۔ اِس کے علاوہ، جَب ہمارے جِسمانی باپ ہماری تنبیہ کرتے تھے تو ہم اُن کی تعظیم کرتے تھے، تو کیا رُوحانی باپ کی اِس سے زِیادہ تابع داری نہ کریں تاکہ زندہ رہیں؟ ہمارے جِسمانی باپ تو تھوڑے دِنوں کے لیٔے اَپنی سمجھ کے مُطابق ہمیں تنبیہ کرتے تھے لیکن خُدا ہمارے فائدہ کے لیٔے ہمیں تنبیہ کرتا ہے تاکہ ہم اُس کی پاکیزگی میں شریک ہونے کے لائق بَن جایٔیں۔ اِس میں شک نہیں جَب تنبیہ کی جاتی ہے تو اُس وقت وہ خُوشی کا نہیں بَلکہ غم کا باعث مَعلُوم ہوتی ہے مگر جو اُسے سَہہ سَہہ کر پُختہ ہو گیٔے ہیں اُنہیں بعد میں راستبازی اَور سلامتی کا اجر ملتا ہے۔

چنانچہ اَپنے تھکے ہویٔے بازوؤں اَور کمزور گھٹنوں کو مضبُوط کرو۔ ”اَور اَپنے پاؤں کے لیٔے سیدھے راستہ بناؤ“2 تاکہ لنگڑا عُضو ٹوٹ نہ جائے بَلکہ شفایاب رہے۔

ہدایت اَور حوصلہ اَفزائی

سَب کے ساتھ کوشش کرکے صلاح و سلامتی سے رہو اَور اُس پاکیزگی کے طالب رہو جِس کے بغیر کویٔی خُداوؔند کو نہ دیکھے گا۔ اِس بات پر غور کرنا کہ کویٔی شخص خُدا کے فضل سے محروم رہ جائے، اَور اَیسا نہ ہو کہ کویٔی کڑوی جڑ پھوٹ نکلے اَور تُمہیں تکلیف دے اَور بہُتوں کو ناپاک کر دے۔ اَور نہ کویٔی شخص زناکار ہو یا عیسَوؔ کی طرح خُدا کا مُخالف ہو جِس نے ایک وقت کے کھانے کے عوض میں اَپنے پہلوٹھے ہونے کا حق بیچ ڈالا۔3 کیونکہ تُم جانتے ہو کہ بعد میں جَب اُس نے وہ برکت دوبارہ پانے کی کوشش کی تو ناکام رہا۔ چنانچہ اُس وقت اُسے تَوبہ کا موقع نہ مِلا حالانکہ اُس نے آنسُو بہا بہا کر یہ برکت حاصل کرنے کی کوشش کی۔

خوف اَور شادمانی کے پہاڑ

تُم اُس پہاڑ کے پاس نہیں آئے جسے چھُونا ممکن تھا، اَور وہ پہاڑ آگ سے جلتا تھا اَور اُس پر کالی گھٹا، تاریکی اَور طُوفان سے گھِرا ہُوا تھا۔4 اَور وہاں نرسنگے کی تیز آواز اَور کلام کرنے والے کی اَیسی خوفناک آواز سُنایٔی دی تھی کہ جنہوں نے اُسے سُنا، اُنہُوں نے درخواست کی کہ ہم سے اَب اَور کلام نہ کیا جائے۔ کیونکہ وہ اُس حُکم کو برداشت نہ کر سکے، ”اگر کویٔی جانور بھی اُس پہاڑ کو چھُوئے تو وہ فوراً سنگسار کیا جائے۔“5 وہ منظر اِتنا ہیبت ناک تھا کہ حضرت مَوشہ نے کہا، ”میں خوف کے مارے تھرتھرا رہا ہُوں۔“6

لیکن تُم کوہِ صِیّونؔ اَور زندہ خُدا کے شہر یعنی آسمانی یروشلیمؔ اَور بے شُمار فرشتوں اَور جَشن منانے والی جماعت کے پاس آئے ہو۔ اَور اُن پہلوٹھوں کی جماعت کے پاس جِن کے نام آسمان پر لکھے ہویٔے ہیں۔ اَور تُم اُس خُدا کے پاس آ چُکے ہو جو سَب کا مُنصِف ہے۔ تُم کامِل کیٔے ہویٔے راستبازوں کی رُوحوں، اَور نئے عہد کے درمیانی، یِسوعؔ اَور اُس کے چھڑکے ہویٔے خُون کے پاس آ چُکے ہو، جو ہابلؔ کے خُون کی نِسبت بہتر باتیں کہتاہے۔

چنانچہ خبردار رہو کہ اُس کا جو تُم سے ہم کلام ہو رہاہے اِنکار نہ کرنا کیونکہ جَب وہ لوگ زمین پر تنبیہ کرنے والے حضرت مَوشہ کا اِنکار کرکے نہ بچ سکے تو ہم آسمان پر کے ہدایت کرنے والے کا اِنکار کرکے کیسے بچیں گے؟ اُس وقت تو اُس کی آواز نے زمین کو ہلا دیا تھا مگر اَب اُس نے یہ وعدہ کیا ہے کہ، ”پھر ایک بار میں فقط خُشکی کو ہی نہیں بَلکہ آسمانوں کو بھی ہلا دُوں گا۔“7 اَور یہ عبارت ”ایک بار پھر“ صَاف ظاہر کرتی ہے کہ خلق کی ہُوئی ساری چیزیں ہلایٔی اَور مٹا دی جایٔیں گی، تاکہ وُہی چیزیں قائِم رہیں جو ہلایٔی نہیں جا سکتی ہیں۔

چنانچہ جَب ہمیں اَیسی بادشاہی عطا کی جا رہی ہے جسے ہلایا نہیں جا سَکتا تو آؤ ہم خُدا کا شُکر اَدا کریں اَور اُس کی عبادت خُدا ترسی و خوف کے ساتھ کریں تاکہ وہ خُوش ہو سکے۔ کیونکہ ہمارا ”خُدا بھسم کر دینے والی آگ ہے۔“8

Source notes (8)
  1. Footnote امثا 3‏:11‏،12‏ ‏
  2. Footnote امثا 4‏:26‏ ‏
  3. Footnote پیدا 25‏:33‏،34‏ ‏
  4. Footnote خُرو 10‏:21‏،22‏
  5. Footnote خُرو 19‏:12‏‑13؛ اِست 5‏:23‏‑25‏ ‏
  6. Footnote اِست 9‏:19‏ ‏
  7. Footnote حگّیؔ 2‏:6‏ ‏
  8. Footnote اِست 4‏:24؛ 9‏:3؛ یَشع 33‏:14‏ ‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.