Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
عِبرانیوں 1
خُدا کا آخِری کلام اِبن خُدا
گزرے زمانہ میں خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد سے کیٔی مَوقعوں پر اَور مُختلف طریقوں سے نبیوں کی مَعرفت کلام کیا۔ لیکن اِن آخِری دِنوں میں خُدا نے ہم سے اَپنے بیٹے کی مَعرفت کلام کیا، جسے اُس نے سَب چیزوں کا وارِث مُقرّر کیا اَور جِس کے وسیلہ سے اُس نے کایِٔنات کو بھی خلق کیا۔ بیٹا خُدا کے جلال کا عکس اَور اُس کی ذات کا عَین نقش ہے، اَور اَپنے قُدرتی کلام سے پُوری کایِٔنات کو سَنبھالتا ہے۔ اَور وہ گُناہوں سے پاک کرنے کے بعد، عالمِ بالا پر جا کر خُدا کے داہنی طرف تخت نشین ہُوئے۔1 چنانچہ وہ فرشتوں سے اُتنا ہی عظیم ٹھہرا جِتنا اُس نے اُن سے مِیراث میں افضل نام پایاتھا۔
اِبن خُدا فرشتوں سے افضل ہے
کیونکہ فرشتوں میں سے خُدا نے کب کسی سے کبھی کہا،
”تُو میرا بیٹا ہے؛
آج سے میں تیرا باپ بَن گیا ہُوں؟“2
اَور پھر یہ،
مَیں اُس کا باپ ہوں گا،
اَور وہ میرا بیٹا ہوگا؟3
اَور پھر جَب خُدا اَپنے اَبدی پہلوٹھے بیٹے کو دُنیا میں بھیجتا ہے تو فرماتے ہیں،
”خُدا کے سَب فرشتے اُسے سَجدہ کریں۔“4
اَور فرشتوں کے بارے میں وہ فرماتے ہیں،
”وہ اَپنے فرشتوں کو ہَوایٔیں،5
اَور اَپنے خادِموں کو گویا آگ کے شُعلوں کی مانند بناتا ہے۔“6
مگر بیٹے کے بارے میں فرماتا ہے،
”اَے خُدا! تیرا تخت ابدُالآباد تک قائِم رہے گا؛
تیری بادشاہی کا عصا اِنصاف کا عصا ہوگا۔
تُونے راستبازی سے مَحَبّت اَور بدکاری سے نفرت رکھی؛
اِس لیٔے خُدا، یعنی تیرے خُدا نے تُجھے شادمانی کے تیل سے مَسح کرکے
تیرے ساتھیوں کی نِسبت تُمہیں زِیادہ سرفراز کیا۔“7
وہ یہ بھی فرماتے ہیں،
”اَے خُداوؔند! تُونے اِبتدا میں زمین کی بُنیاد رکھی،
اَور آسمان تیرے ہی ہاتھوں کی کاریگری ہے۔
وہ نِیست ہو جایٔیں گے مگر تُو قائِم رہے گا؛
وہ سَب پوشاک کی مانند پُرانے ہو جایٔیں گے۔
تُو اُنہیں لباس کی مانند لپیٹےگا؛
اَور وہ پوشاک کی طرح بدل دئیے جایٔیں گے۔
لیکن خُداوؔند ہمیشہ سے لاتبدیل ہے،
اَور خُداوؔند کی زندگی کے سال کبھی ختم نہ ہوں گے۔“8
لیکن خُداتعالیٰ نے فرشتوں میں سے کِس سے کبھی فرمایا،
”میری داہنی طرف بیٹھو،
جَب تک مَیں تمہارے دُشمنوں کو
تمہارے پاؤں کے نیچے نہ کر دُوں؟“9
کیا وہ تمام فرشتے خدمت گزار رُوحیں نہیں جو نَجات پانے والوں کی خدمت کے لیٔے بھیجی جاتی ہیں؟
Source notes (9)
- Footnote بائبل کے نقطہ نظر سے یہ داہنی طرف ہے جو اِعزاز کی جگہ ہے۔
- Footnote زبُور 2:7
- Footnote 2 سمو 7:14؛ 1 توا 17:13
- Footnote اِست 32:43؛ زبُور 96:7
- Footnote یُونانی لفظ کے معنی ہیں، ہَوا اَور رُوح۔
- Footnote زبُور 104:4
- Footnote زبُور 45:6،7
- Footnote زبُور 102:25‑27
- Footnote زبُور 110:1
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.