Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

پیدائش 26

اِصحاقؔ اَور اَبی ملیخ

پھر مُلک میں قحط پڑا جو اُس پہلے قحط کے علاوہ تھا جو اَبراہامؔ کے ایّام میں پڑا تھا۔ اِس لیٔے اِصحاقؔ گِراؔر میں فلسطینی بادشاہ اَبی ملیخ کے پاس چلےگئے۔ تَب یَاہوِہ اِصحاقؔ پر ظاہر ہویٔے اَور فرمایا، ”مِصر کو نہ جانا بَلکہ جہاں میں تُمہیں رہنے کو کہُوں وہیں رہنا۔ تُم اِس مُلک میں کچھ عرصہ کے لیٔے رہو اَور مَیں تمہارے ساتھ رہُوں گا اَور تُمہیں برکت دُوں گا۔ میں یہ تمام مُلک تُمہیں اَور تمہاری نَسل کو دے کر وہ قَسم پُوری کروں گا جو مَیں نے تمہارے باپ اَبراہامؔ سے کھائی تھی۔ مَیں تمہاری اَولاد کو آسمان کے تاروں کی طرح بڑھاؤں گا اَور اُنہیں یہ تمام مُلک دُوں گا اَور تمہاری نَسل کے وسیلہ سے دُنیا کی سَب قومیں برکت پائیں گی، کیونکہ اَبراہامؔ نے میری باتیں مانیں اَور میرے اَحکام میرے قوانین اَور میری ہدایات پر عَمل کیا۔“ چنانچہ اِصحاقؔ گِراؔر میں مُقیم ہو گئے۔

جَب وہاں کے باشِندوں نے اُن سے اُن کی بیوی کے متعلّق پُوچھا تَب آپ نے کہا، ”وہ میری بہن ہے،“ کیونکہ وہ یہ کہنے سے ڈرتے تھے، ”وہ میری بیوی ہے۔“ اِصحاقؔ نے سوچا، ”اِس جگہ کے لوگ رِبقہؔ کی وجہ سے مُجھے قتل نہ کر ڈالیں کیونکہ رِبقہؔ خُوبصورت ہے۔“

جَب اِصحاقؔ کو وہاں رہتے ہویٔے کافی عرصہ گزر گیا تَب فلسطینی بادشاہ اَبی ملیخ نے ایک کھڑکی سے نیچے جھانک کر دیکھا کہ اِصحاقؔ اَپنی بیوی رِبقہؔ سے لاڈ پیار کر رہاہے۔ تَب اَبی ملیخ نے اِصحاقؔ کو بُلوا کر کہا، ”دراصل وہ تمہاری بیوی ہے! پھر تُم نے یہ کیوں کہا، ’وہ تمہاری بہن ہے‘؟“

اِصحاقؔ نے اُسے جَواب دیا، ”کیونکہ مَیں نے سوچا کہ کہیں اَیسا نہ ہو کہ اُس کی وجہ سے مُجھے اَپنی جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔“

تَب اَبی ملیخ نے کہا، ”یہ تُم نے ہمارے ساتھ کیا کیا؟ یہ ممکن تھا کہ اِن میں سے کوئی شخص تمہاری بیوی کے ساتھ مباشرت کر لیتا اَور تُم ہم پر اِلزام لگاتے۔“

تَب اَبی ملیخ نے سَب لوگوں میں اعلان کروایا: ”جو کویٔی اِس مَرد یا اِس کی بیوی پر ہاتھ ڈالے گا وہ یقیناً قتل کر دیا جائے گا۔“

اَور اِصحاقؔ نے اُس سال اُس مُلک میں جِتنی فصل بوئی اُس کا سَو گُنا پھل پایا کیونکہ یَاہوِہ نے اُنہیں برکت دی تھی۔ وہ بہت مالدار ہو گئے اَور اُن کی دولت بڑھتی چلی گئی یہاں تک کہ اَبراہامؔ بےحد اَمیر ہو گئے۔ اُن کے پاس اِس قدر زِیادہ بھیڑ بکریاں اَور جانور اَور نوکر چاکر تھے کہ فلسطینی اُن سے حَسد کرنے لگے۔ چناچہ فلسطینیوں نے وہ سَب کنوئیں جو اُن کے باپ اَبراہامؔ کے خادِموں نے اَبراہامؔ کے جیتے جی کھودے تھے مٹّی سے بھر کر بند کر دئیے۔

تَب اَبی ملیخ نے اِصحاقؔ سے کہا، ”تُم ہمارے پاس سے چلے جاؤ کیونکہ تُم ہم سے زِیادہ زورآور ہو گئے ہو۔“

چنانچہ اِصحاقؔ وہاں سے کُوچ کرکے گِراؔر کی وادی میں جا کر خیمہ زن ہو گئے اَور وہیں بس گئے۔ اِصحاقؔ نے اُن کنوؤں کو جو اُن کے باپ اَبراہامؔ کے دِنوں میں کھودے گیٔے تھے اَور جنہیں فلسطینیوں نے اَبراہامؔ کی موت کے بعد بند کر دیا تھا پھر سے کھُلوا دیا اَور اُن کے وُہی نام رکھے جو اُن کے باپ نے رکھے تھے۔

جَب اِصحاقؔ کے خادِم وادی میں کھدائی کر رہے تھے تو اُنہیں تازہ پانی کا ایک کنواں مِلا۔ تَب گِراؔر کے چرواہوں نے اِصحاقؔ کے چرواہوں سے جھگڑا کیا اَور کہا، ”یہ پانی ہمارا ہے!“ اِس لیٔے اِصحاقؔ نے اُس کنوئیں کا نام عِسقؔ1 رکھا کیونکہ وہ اُن سے جھگڑتے تھے۔ پھر اُنہُوں نے دُوسرا کنواں کھودا لیکن وہ اُس کے لیٔے بھی جھگڑنے لگے۔ اِس لیٔے اِصحاقؔ نے اُس کا نام سِتنہؔ2 یعنی مُخالفت رکھا۔ پھر وہاں سے آگے جا کر آپ نے ایک اَور کنواں کھودا اَور اُس کے لیٔے کسی نے جھگڑا نہ کیا۔ اِصحاقؔ نے اُس کا نام یہ کہہ کر رحوبوتھؔ3 رکھا، ”اَب یَاہوِہ نے ہمیں جگہ دی ہے اَور اَب ہم اِس مُلک میں آسُودہ حال ہوں گے۔“

جَب وہ وہاں سے بیرشبعؔ کو چلےگئے۔ اُسی رات یَاہوِہ آپ پر ظاہر ہویٔے اَور فرمایا، ”مَیں تمہارے باپ اَبراہامؔ کا خُدا ہُوں۔ خوف نہ کرو۔ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں۔ اَپنے خادِم اَبراہامؔ کی خاطِر میں تُمہیں برکت دُوں گا اَور تمہاری نَسل کو بڑھاؤں گا۔“

اِصحاقؔ نے وہاں ایک مذبح بنایا اَور یَاہوِہ سے دعا کی۔ وہاں آپ نے اَپنا خیمہ کھڑا کیا اَور وہیں اُن کے خادِموں نے ایک کنواں کھودا۔

اِس اَثنا میں اَبی ملیخ اَپنے ذاتی مُشیر اخُوزتؔ اَور اَپنے فَوجی سپہ سالار فِیکُلؔ کے ہمراہ گِراؔر سے اِصحاقؔ کے پاس آیا۔ اِصحاقؔ نے پُوچھا، ”تُم میرے پاس کیوں آئے ہو؟ تُم تو مُجھ سے عداوت رکھتے تھے اَور مُجھے اَپنے علاقہ سے نکال چُکے تھے۔“

اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہم نے خُوب جان لیا ہے کہ یَاہوِہ تمہارے ساتھ ہے؛ اِس لیٔے ہم نے کہا، ’کیوں نہ ہم قَسم کھا کر آپَس میں عہد کر لیں۔‘ ہم تمہارے ساتھ یہ عہد کرنا چاہتے ہیں کہ جِس طرح ہم نے تمہارے ساتھ کویٔی ناجائز حرکت نہیں کی بَلکہ تمہارے ساتھ ہمیشہ نیک سلُوک کیا اَور تُمہیں سلامتی سے رخصت کیا اُسی طرح تُم بھی ہمیں کویٔی نُقصان نہ پہُنچاؤگے اَور اَب یَاہوِہ نے تُمہیں برکت بخشی ہے۔“

تَب اِصحاقؔ نے اُن کے لیٔے ضیافت تیّار کی اَور اُنہُوں نے کھا پی کر خُوشی منائی۔ دُوسرے دِن علی الصبح اُنہُوں نے قَسم کھا کر آپَس میں عہد کر لیا۔ تَب اِصحاقؔ نے اُنہیں رخصت کر دیا اَور وہ سلامتی کے ساتھ وہاں سے چلے گیٔے۔

اُس دِن اِصحاقؔ کے خادِموں نے آکر اُن سے اُس کنوئیں کا ذِکر کیا جسے اُنہُوں نے کھودا تھا۔ اُنہُوں نے کہا، ”ہمیں پانی مِل گیا ہے۔“ اِصحاقؔ نے اُس کا نام شِباہ4 رکھا اَور آج تک وہ شہر بیرشبعؔ5 کہلاتا ہے۔

یعقوب کا عیسَوؔ کی برکت کو ہتھیانا

جَب عیسَوؔ چالیس بَرس کے ہویٔے تو اُنہُوں نے بیؔری حِتّی کی بیٹی یُودِتھؔ اَور ایلون حِتّی کی بیٹی بسِماتھؔ سے بیاہ کر لیا۔ وہ اِصحاقؔ اَور رِبقہؔ کے لیٔے وبالِ جان بَن گئیں۔

Source notes (5)
  1. Footnote عِسقؔ مُراد جھگڑا
  2. Footnote سِتنہؔ مُراد مُخالفت
  3. Footnote رحوبوتھؔ کثیر جگہ
  4. Footnote شِباہ مُراد قَسم یا سات
  5. Footnote بیرشبعؔ مُراد قَسم کا کنواں

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.