Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

پیدائش 20

اَبراہامؔ اَور اَبی ملیخ

تَب اَبراہامؔ وہاں سے کُوچ کرکے نِیگیوؔ کے علاقہ میں آکر قادِسؔ اَور شُورؔ کے درمیان بس گئے۔ کچھ عرصہ تک وہ گِراؔر میں رہے۔ اَور وہاں اَبراہامؔ نے اَپنی بیوی سارہؔ کے بارے میں فرمایا، ”وہ میری بہن ہے۔“ تَب گِراؔر کے بادشاہ اَبی ملیخ نے سارہؔ کو بُلاکر اَپنے پاس رکھا۔

لیکن ایک رات خُدا خواب میں اَبی ملیخ کے پاس آئے اَور اُن سے فرمایا، ”تُم اُس عورت کے سبب سے جسے تُم نے رکھ لیا ہے یہ سمجھ لو کہ تمہاری موت آ پہُنچی ہے کیونکہ وہ عورت شادی شُدہ ہے۔“

اَب تک اَبی ملیخ اُن کے پاس نہیں گیا تھا اِس لیٔے اُس نے کہا، ”اَے آقا، کیا آپ ایک بے قُصُور قوم کو بھی تباہ کر دیں گے؟ کیا اَبراہامؔ نے مُجھ سے یہ نہ کہاتھا، ’وہ میری بہن ہے،‘ اَور کیا وہ خُود بھی یہ نہ کہتی تھی، ’وہ میرا بھایٔی ہے؟‘ میری اِس حرکت کے باوُجُود میرا دِل صَاف ہے اَور میرے ہاتھ پاک ہیں۔“

تَب خُدا نے اُسے خواب میں فرمایا، ”ہاں، مَیں جانتا ہُوں کہ تُونے یہ کام راست دِلی سے کیا ہے اَور اِسی لیٔے مَیں نے تُجھے اَپنے خِلاف گُناہ کرنے سے باز رکھا اَور سارہؔ کو چھُونے نہیں دیا۔ اَب تُم اُس آدمی کی بیوی لَوٹا دو کیونکہ وہ نبی ہے اَور وہ تمہاری خاطِر دعا کرےگا اَور تُم جیتے رہوگے۔ لیکن اگر تُم نے اُسے نہ لَوٹایا تو یقین جانو کہ تُم اَور تمہارے سَب لوگ ہلاک ہو جایٔیں گے۔“

اگلے دِن اَبی ملیخ نے صُبح سویرے اُٹھ کر اَپنے سَب اہلکاروں کو بُلایا اَور جَب اُس نے اُنہیں یہ سَب ماجرا سُنایا تو وہ بےحد خوفزدہ ہویٔے۔ تَب اَبی ملیخ نے اَبراہامؔ کو اَندر بُلاکر کہا، ”آپ نے ہمارے ساتھ یہ کیا کیا؟ مَیں نے آپ کی کیا خطا کی تھی کہ آپ نے مُجھ پر اَور میری بادشاہی پر اِتنا بڑا بارِ گُناہ ڈال دیا؟ آپ نے میرے ساتھ وہ سلُوک کیا ہے جو نہیں کرنا چاہئے تھا۔“ اَور اَبی ملیخ نے اَبراہامؔ سے پُوچھا، ”کیا وجہ تھی جو آپ نے اَیسا کیا؟“

اَبراہامؔ نے جَواب دیا، ”مَیں نے سوچا، ’اِس جگہ لوگوں کو بالکُل خُدا کا خوف نہیں ہے اَور وہ میری بیوی سارہؔ کو حاصل کرنے کے لیٔے مُجھے مار ڈالیں گے۔‘ اُس کے علاوہ وہ واقعی میری بہن بھی ہے یعنی میرے باپ کی بیٹی ہے، میری ماں کی بیٹی نہیں ہے، پھر بعد کو وہ میری بیوی بنی۔ اَور جَب خُدا نے مُجھے اَپنے باپ کا گھر چھوڑکر وہاں سے نکل جانے کا حُکم دیا تو مَیں نے سارہؔ سے کہا، ’آئندہ تُم مُجھ سے اَپنی مَحَبّت یُوں جتانا: جہاں کہیں ہم جایٔیں وہاں تُم میرے بارے میں یہی کہنا، ”یہ میرا بھایٔی ہے۔“ ‘ “

تَب اَبی ملیخ نے بھیڑیں اَور مویشی اَور غُلام اَور لونڈیاں لاکر اَبراہامؔ کو دیں اَور اُن کی بیوی سارہؔ کو بھی اُنہیں لَوٹا دیا۔ اَور اَبی ملیخ نے اَبراہامؔ سے کہا، ”میرا مُلک آپ کے سامنے ہے؛ جہاں جی چاہے، وہاں سکونت کرو۔“

اَور اُس نے سارہؔ سے کہا، ”مَیں آپ کے بھایٔی کو چاندی کے ہزار سِکّے1 دے رہا ہُوں۔ تاکہ اِن سَب کے سامنے جو آپ کے ساتھ ہیں، اُس نازیبا سلُوک کا جو آپ کے ساتھ ہُواہے ازالہ ہو جائے اَور آپ ہر ایک کی نظر میں پاک دامن ٹھہرو۔“

تَب اَبراہامؔ نے خُدا سے دعا کی اَور خُدا نے اَبی ملیخ، اُن کی بیوی اَور اُن کی خادِماؤں کو شفا بخشی اَور اُن کے اَولاد ہونے لگی کیونکہ یَاہوِہ نے اَبراہامؔ کی بیوی سارہؔ کے سبب سے اَبی ملیخ کے خاندان کی ہر عورت کا رِحم بند کر دیا تھا۔

Source notes (1)
  1. Footnote چاندی کے ہزار سِکّے تقریباً بَارہ کِلو

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.