Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
عزرا 9
عزراؔ کی دعا
اِن چیزوں کے مُکمّل ہونے کے بعد سربراہوں نے میرے پاس آکر کہا، ”اِسرائیل کے لوگ جِن میں کاہِنؔ اَور لیوی بھی شامل ہیں اَپنے پڑوسی اَقوام یعنی کنعانیوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، یبُوسیوں، عمُّونیوں، مُوآبیوں، مِصریوں اَور امُوریوں کے مکرُوہ کاموں سے اَپنے آپ کو الگ نہیں رکھا۔ اُنہُوں نے اَپنی بیٹیوں میں سے کچھ کو اَپنے اَور اَپنے بیٹوں کے لیٔے بیویاں بنا لیا ہے اَور مُقدّس قوم کو اَپنے اِردگرد کے لوگوں کے ساتھ مِلا دیا ہے۔ اَور رہنما اَور اہلکاروں نے اِس بےوفائی کی راہ لی ہے۔“
جَب مَیں نے یہ سُنا تو اَپنے پیراہن اَور اَپنی چادر کو چاک کر دیا، سَر اَور داڑھی کے بال نوچے اَور خوفزدہ ہوکر بیٹھ گیا۔ تَب وہ سَب جو بنی اِسرائیل کے خُدا کی باتوں سے کانپتے تھے جَلاوطنی سے آنے والوں کی اِس بےوفائی کے باعث میرے گِرد جمع ہو گئے۔ اَور مَیں شام کی قُربانی تک خوفزدہ وہاں بیٹھا رہا۔
پھر شام کی قُربانی کے وقت میں اَپنے چاک پیراہن اَور پھٹی چادر کے ساتھ ہی اَپنی ماتمی حالت کو بھُول کر اُٹھا اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کے آگے اَپنے ہاتھ پھیلا کر گھٹنوں کے بَل گِر پڑا اَور دعا کی:
”اَے میرے خُدا! میں اِس قدر شرمندہ اَور ذلیل ہُوں کہ مَیں آپ کے سامنے، اَے میرے خُدا، اَپنا مُنہ اُٹھانے تک کے لائق نہیں کیونکہ ہمارے گُناہ بڑھ کر ہمارے سَروں سے بھی بُلند ہو گئے ہیں اَور ہماری خطائیں آسمانوں تک جا پہُنچی ہیں۔ ہمارے آباؤاَجداد کے دَور سے لے کر اَب تک ہم سے بڑی خطائیں سرزد ہُوئی ہیں اَور اَپنے گُناہوں کے باعث ہم، ہمارے بادشاہ اَور ہمارے کاہِنؔ غَیر مُلکی بادشاہوں کی تلوار، اسیری، لُوٹ مار اَور تذلیل کا شِکار رہے ہیں جَیسا کہ آج کے دِن ہے۔
”مگر اَب تھوڑے عرصہ کے لیٔے یَاہوِہ ہمارے خُدا ہم پر مہربان ہُوئے ہیں کہ ہماری قوم کے ایک حِصّہ کو باقی رہنے دیں اَور اُسے اَپنے پاک مَقدِس میں پائداری بخشیں۔ اَور یُوں ہمارے خُدا ہماری آنکھیں رَوشن کریں اَور ہماری اسیری میں ہمیں تسکین عطا فرمائیں۔ اگرچہ ہم غُلام ہیں تاہم ہمارے خُدا نے ہمیں ہماری غُلامی میں ترک نہیں کیا بَلکہ اُنہُوں نے فارسؔ کے بادشاہوں کے سامنے ہم پر اَپنی شفقت کا مظاہرہ کیا۔ اُنہُوں نے ہمیں نئی زندگی دی کہ ہم اَپنے خُدا کے گھر کو پھر سے تعمیر کریں اَور اُس کے کھنڈرات کی مرمّت کریں اَور اُنہُوں نے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں ہمیں محفوظ کر دیا ہے۔
”لیکن اَب اَے ہمارے خُدا! اِس کے بعد ہم اَور کیا کہیں؟ کیونکہ ہم نے اُن اَحکام کو نظرانداز کیا ہے جو آپ نے اَپنے خادِموں یعنی نبیوں کی مَعرفت دئیے جَب آپ نے فرمایا: ’جِس مُلک میں تُم داخل ہو رہے ہو کہ اُس پر قابض ہو سکو وہ اَیسا مُلک ہے جو وہاں کی اَقوام کی بد عنوانیوں کے باعث نجِس ہو چُکاہے۔ اَپنے نہایت ہی مکرُوہ اعمال کے باعث اُنہُوں نے اُسے ایک سِرے سے لے کر دُوسرے سِرے تک اَپنی ناپاکی سے بھر دیا ہے۔ اِس لیٔے نہ تو اَپنی بیٹیوں کا اُن کے بیٹوں سے اَور نہ اُن کی بیٹیوں سے اَپنے بیٹوں کا بیاہ کرو۔ اُن کے ساتھ کبھی بھی دوستی کا عہد نہ کرنا تاکہ تُم مضبُوط بنو اَور مُلک کی اَچھّی چیزیں کھاؤ اَور اُسے اَپنے بچّوں کے لیٔے ہمیشہ کے لیٔے مِیراث میں چھوڑ جاؤ۔‘
”جو کچھ ہم پر گزرا ہے وہ ہمارے بُرے کاموں اَور ہماری بہت سِی جرائم کا نتیجہ ہے۔ اَور پھر بھی اَے ہمارے خُدا آپ نے ہمیں ہمارے گُناہوں کی واجبی سزا کی بہ نِسبت کم سزا دی ہے اَور ہمیں باقی رہنے دیا ہے۔ کیا ہم پھر آپ کے حُکم کو توڑ دیں اَور اِن لوگوں سے شادی کریں جو اَیسے مکرُوہ کام کرتے ہیں؟ کیا آپ ہم پر اِتنا غُصّہ نہیں کریں گے کہ ہم کو تباہ کر دیں، ہمارے لیٔے کوئی باقی بچ جانے والا نہیں؟ لیکن اَے یَاہوِہ، اِسرائیل کے خُدا! آپ بڑے راستباز ہیں! آپ نے ہمیں آج تک باقی رہنے دیا۔ ہم اَپنے جرائم کے ساتھ یہاں آپ کے سامنے حاضِر ہیں حالانکہ اُن کے باعث ہم میں سے ایک بھی آپ کی بارگاہ میں کھڑا نہیں رہ سَکتا۔“
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.