Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
عزرا 6
داریاویشؔ بادشاہ کا فرمان
تَب داریاویشؔ بادشاہ نے فرمان جاری کیا کہ بابیل کے خزانہ میں رکھی ہُوئی تاریخی دستاویزوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔ آخِر مِدائی کے صُوبہ میں واقع اکبتاناؔ کے محل میں ایک طُومار مِلا جِس میں یہ لِکھّا تھا:
یادداشت خط:
شاہِ خورشؔ کے دَورِ حُکومت کے پہلے سال میں بادشاہ نے یروشلیمؔ میں خُدا کے ہیکل کے متعلّق فرمان جاری کیا:
ہیکل کو دوبارہ تعمیر کیا جائے تاکہ اُس جگہ قُربانیاں چڑھائی جایٔیں اَور اُس کی بُنیادیں رکھی جایٔیں۔ اُس کی اُونچائی ساٹھ ہاتھ1 اَور چوڑائی ساٹھ ہاتھ ہو۔ اَور اُس کے تین ردّے بڑے بڑے پتّھروں کے اَور ایک ردّہ عمارتی لکڑی کے شہتیروں کا ہو۔ خرچ شاہی خزانہ سے اَدا کیا جائے۔ خُدا کے گھر کے سونے اَور چاندی کے ظروف جنہیں نبوکدنضرؔ یروشلیمؔ میں خُدا کے گھر سے نکال کر بابیل لے گیا تھا واپس کئے جایٔیں اَور یروشلیمؔ کے خُدا کے گھر میں اَپنی اَپنی جگہ پہُنچائے جایٔیں۔ یعنی خُدا کے گھر میں رکھے جایٔیں۔
لہٰذا اَے تتّنیؔ دریائے فراتؔ کے پار کے حاکم اَور شتھر بوزنئی اَور اُس صُوبہ میں اُن کے دُوسرے عہدیدار! اُس مقام سے دُور رہو۔ خُدا کے گھر کے کام میں مداخلت مت کرو۔ یہُودیوں کے حاکم کو اَور اُن کے بُزرگوں کو خُدا کے گھر کو اُس کی سابقہ جگہ پر تعمیر کرنے دو۔
علاوہ اَزیں خُدا کا یہ گھر تعمیر کرنے میں تُم نے یہُودیوں کے بُزرگوں کے لیٔے کیا کچھ کرناہے میں اُس کے لیٔے حُکم دیتا ہُوں:
اِن آدمیوں کے تمام اخراجات شاہی خزانہ سے یعنی دریائے فراتؔ کے پار کے خراج میں سے اَدا کئے جایٔیں تاکہ کام نہ رُکے۔ اَور آسمان کے خُدا کی سوختنی نذریں چڑھانے کے لئے جو کچھ بھی درکار ہو یعنی بچھڑے، مینڈھے اَور نر برّے اَور گیہُوں، نمک، مَے اَور تیل وغیرہ جِس کی یروشلیمؔ کے کاہِنؔ فرمائش کریں وہ اُنہیں ہر روز بلاناغہ مُہیّا کیا جائے تاکہ وہ آسمان کے خُدا کی رضا جوئی کے لیٔے قُربانیاں چڑھائیں اَور بادشاہ اَور اُس کے بیٹوں کی فلاح و بہبُود کے لیٔے دعا کریں۔
مزید برآں میں حُکم دیتا ہُوں کہ اگر کویٔی اِس فرمان کو بدلے تو اُس کے مکان کا شہتیر نکال لیا جائے اَور اُسے اُسی کے اُوپر میخیں ٹھونک کر لٹکا دیا جائے اَور اُس جُرم کی وجہ سے اُس کا مکان کوڑے کرکٹ کا ڈھیر بنا دیا جائے۔ جو بھی بادشاہ یا لوگ اِس فرمان کو بدلنے یا یروشلیمؔ میں اِس ہیکل کو تباہ کرنے کے لیٔے ہاتھ بڑھائیں تو خُدا جِس نے وہاں اَپنا نام قائِم کیا ہے اُنہیں غارت کرے۔
مَیں نے یعنی داریاویشؔ نے یہ فرمان جاری کیا ہے لہٰذا اِس کی فوراً تعمیل کی جائے۔
ہیکل کی تکمیل اَور مخصُوصیت
تَب اُس فرمان کے باعث جو داریاویشؔ بادشاہ نے بھیجا تھا دریائے فراتؔ کے پار کے حاکم تتّنیؔ اَور شتھر بوزنئی اَور اُن کے مُعاوِنوں نے اُس پر بڑی سرگرمی سے عَمل کیا۔ پس یہُودیوں کے بُزرگوں نے حگّیؔ نبی اَور زکریاؔہ بِن عِدّوؔ کی نبُوّت کے زیرِ اثر تعمیری سرگرمیاں جاری رکھیں۔ اُنہُوں نے اِسرائیل کے خُدا کے حُکم اَور شاہانِ فارسؔ خورشؔ، داریاویشؔ اَور ارتخشستاؔ کے اَحکام کے مُطابق اُس عمارت کو مُکمّل کیا۔ اِس طرح ہیکل آدارؔ مہینے کے تیسرے دِن اَور داریاویشؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت کے چھٹے سال میں پایۂ تکمیل کو پہُنچا۔
تَب بنی اِسرائیل، کاہِنوں، لیویوں اَور دیگر لوگوں نے جو اسیری کے بعد واپس آئےتھے خُوشی سے خُدا کے گھر کی تقدیس کے جشن کو منایا۔ خُدا کے اِس گھر کی تقدیس کے لیٔے اُنہُوں نے ایک سَو بَیل، دو سَو مینڈھے اَور چار سَو نر برّے قُربان کئے اَور سارے بنی اِسرائیل کے واسطے خطا کی قُربانی کے طور پر ہر قبیلہ کے لیٔے ایک بکرے کے حِساب سے بَارہ بکرے چڑھائے۔ اَورجو کچھ مَوشہ کی کِتاب میں لِکھّا ہے اُس کے مُطابق اُنہُوں نے یروشلیمؔ میں خُدا کی عبادت کے لیٔے کاہِنوں کو اُن کی تقسیم اَور لیویوں کو اُن کے فریقوں کے مُطابق تعینات کیا۔
عیدِفسح
پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کو بابیل کی اسیری سے لَوٹنے والوں نے عیدِفسح منائی۔ کیونکہ کاہِنوں اَور لیویوں نے اَپنے آپ کو پاک کیا تھا اَور وہ تمام رسمی طور پر پاک تھے۔ لیویوں نے تمام جَلاوطن اسیروں کے لیٔے، اَپنے بھائیوں یعنی کاہِنوں کے لیٔے اَور اَپنے لیٔے عیدِفسح کا برّہ ذبح کیا۔ اَور جَلاوطنی سے واپس لَوٹنے والے اِسرائیلیوں نے اُسے اُن لوگوں کے ساتھ کھایا جنہوں نے یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کے طالب ہونے کے لیٔے اَپنے آپ کو غَیریہُودی قوموں کی ناپاک رسموں سے الگ کر لیا تھا اُنہُوں نے فسح کا کھانا کھایا۔ سات دِن تک اُنہُوں نے بے خمیری روٹی کی عید منائی کیونکہ یَاہوِہ نے اُنہیں بڑی خُوشی بخشی تھی اَور شاہِ اشُور کے رویّہ میں تبدیلی پیدا کی تاکہ وہ خُدا یعنی بنی اِسرائیل کے خُدا کے گھر کے تعمیر کرنے میں اُن کی مدد کی۔
Source notes (1)
- Footnote اُونچائی ساٹھ ہاتھ تقریباً ستّائیس میٹر
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.