Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 9

بُت پرستوں کو سزا

پھر مَیں نے اُسے بُلند آواز میں پُکارتے ہُوئے سُنا، ”شہر کے نگہبانوں کو اَپنے اَپنے ہتھیار ہاتھ میں لیٔے ہُوئے یہاں لے آؤ۔“ اَور مَیں نے چھ مَردوں کو اَپنے اَپنے ہاتھ میں مہلک ہتھیار لیٔے ہُوئے اُوپر کے پھاٹک سے آتے ہُوئے دیکھا، جِس کا رُخ شمال کی جانِب ہے۔ اُن کے ساتھ ایک شخص کتان کا لباس پہنے اَور کاتب کا بستہ لیٔے ہُوئے تھا۔ وہ اَندر آکر کانسے کے مذبح کے پاس کھڑے ہو گئے۔

اَور اِسرائیل کے خُدا کا جلال کروبیوں پر سے جہاں وہ تھا اُٹھ کر بیت المُقدّس کی دہلیز پر آ گیا۔ تَب یَاہوِہ نے اُس شخص کو بُلایا جو کتان کا لباس پہنے ہُوئے تھا اَور جِس کے پاس کاتب کا بستہ تھا۔ اَور یَاہوِہ نے اُس سے کہا، ”یروشلیمؔ کے تمام شہر میں گشت لگا اَور اُن سَب لوگوں کی پیشانی پر نِشان لگا جو شہر میں کئے جانے والے مکرُوہ کاموں کے باعث رنجیدہ ہیں اَور ماتم کرتے ہیں۔“

اُس نے میرے سُنتے ہُوئے دُوسروں سے کہا، ”شہر میں اُس کے پیچھے پیچھے چل کر کسی کے ساتھ رحم یا ہمدردی نہ جتاتے ہُوئے قتل کئے جاؤ۔ ضعیفوں، نوجوانوں، دوشیزاؤں، ماؤں اَور بچّوں کو قتل کرو لیکن جِس کے نِشان ہو اُسے نہ چھُوؤ۔ میرے پاک مُقدّس کے پاس سے شروع کرو۔“ چنانچہ اُنہُوں نے اُن ضعیفوں سے اِبتدا کی جو بیت المُقدّس کے سامنے تھے۔

پھر اُس نے اُن سے کہا، ”بیت المُقدّس کو ناپاک کرو اَور صحنوں کو مقتولوں سے بھر دو۔ جاؤ!“ چنانچہ وہ باہر نکلے اَور سارے شہر میں قتل کرتے پھرے۔ جَب وہ قتل کر رہے تھے اَور مَیں اکیلا بچ گیا تھا تَب میں مُنہ کے بَل گرا اَور چِلّاکر کہا، ”آہ، اَے یَاہوِہ قادر! کیا تُو اَپنا قہر یروشلیمؔ پر نازل کرکے اِسرائیل کے باقی بچے لوگوں کو بھی تباہ کر دے گا؟“

اُس نے جَواب دیا، ”بنی اِسرائیل اَور بنی یہُوداہؔ کی بدکاری نہایت سنگین ہے۔ مُلک میں خُونریزی برپا ہے اَور شہر نااِنصافی سے بھرا ہُواہے۔ وہ کہتے ہیں، ’یَاہوِہ نے مُلک کو ترک کر دیا ہے اَور وہ کچھ نہیں دیکھتا۔‘ اِس لیٔے مَیں اُن پر رحم نہ کروں گا نہ ہی رعایت برتوں گا بَلکہ جو اُنہُوں نے کیا ہے اُن کے سَر پر لے آؤں گا۔“

تَب اُس شخص نے جو کتان کا لباس پہنے ہُوئے تھا اَور جِس کے پاس کاتب کا بستہ تھا، آکر یہ خبر دی، ”مَیں نے تیرے حُکم کی تعمیل کر دی ہے۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.