Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 45

اسرائیل کی مُکمّل طور پر بحالی

” ’جَب تُم مُلک کو مِیراث کے طور پر تقسیم کرو تَب تُم زمین کا ایک حِصّہ مُقدّس علاقہ کے طور پر یَاہوِہ کی نذر کرو جو پچّیس ہزار ہاتھ1 لمبا اَور بیس ہزار ہاتھ2 چوڑا ہو اَور وہ تمام علاقہ مُقدّس ہوگا۔ اُس میں سے پانچ سَو مُربّع ہاتھ3 حِصّہ مُقدّس کے لیٔے ہوگا اَور اِس کے اطراف پچاس ہاتھ4 کا کھُلا احاطہ ہوگا۔ اُس مُقدّس علاقہ میں سے پچّیس ہزار ہاتھ لمبا اَور دس ہزار ہاتھ5 چوڑا حِصّہ ناپ لینا۔ اُس میں پاک مَقدِس ہوگا جو نہایت ہی پاک ترین مقام ہے۔ زمین کا یہ مُقدّس حِصّہ اُن کاہِنوں کے لیٔے ہوگا جو پاک مَقدِس میں خدمت کرتے ہیں اَور یَاہوِہ کے حُضُور میں خدمت کرنے کو آتے ہیں اَور یہ جگہ اُن کے مکانوں کے لیٔے ہوگی اَور پاک مُقدّس کے لیٔے مُقدّس مقام بھی ہوگی۔ پچّیس ہزار ہاتھ لمبی اَور دس ہزار ہاتھ چوڑی جگہ بیت مُقدّس کی خدمت کرنے والے لیویوں کی مِلکیّت ہوگی تاکہ وہ اُس میں رہنے کے لیٔے شہر بسائیں۔

” ’مُقدّس علاقہ سے لگ کر پانچ ہزار ہاتھ6 چوڑی اَور پچّیس ہزار ہاتھ لمبی زمین کا مُقدّس حِصّہ تُم شہر کے لیٔے دے دینا جو تمام بنی اِسرائیل کی ہوگی۔

” ’اَور شہزادے کے مُقدّس علاقہ اَور شہر کی زمین سے بنے ہُوئے علاقہ کے دونوں طرف کی زمین شہزادے کی ہوگی جو مغربی بازو سے مغرب کی طرف اَور مشرقی بازو سے مشرق کی طرف، مغربی سرحد سے مشرقی سرحد تک کسی ایک قبائلی حِصّہ کی لمبائی کے متوازی پھیلی ہوگی۔ یہ زمین اِسرائیل میں اُس کی مِلکیّت ہوگی اَور میرے حُکمراں میرے لوگوں پر پھر کبھی سِتم نہ کریں گے بَلکہ بنی اِسرائیل کو اُن کے قبائل کے مُطابق زمین تقسیم کریں گے۔

” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے اِسرائیل کے اُمرا! تُم حَد سے بڑھ گیٔے ہو۔ تُم تشدّد اَور سِتم چھوڑ دو اَور وُہی کرو جو جائز اَور روا ہے۔ میرے لوگوں سے اُن کی جائداد نہ چھینو۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ تُم صحیح ترازو، صحیح ایفہ اَور صحیح بَت اِستعمال کرو۔ ایفہ7 اَور بَت8 دونوں ایک سے ناپ ہُوں۔ بَت میں حُومر کا دسواں حِصّہ سمائے اَور ایفہ میں بھی حُومر کا دسواں حِصّہ ہو۔ حُومر ہی دونوں کے لیٔے معیاری پیمانہ ہو۔ ایک ثاقل9 بیس گِیرہ کا ہو اَور ساٹھ ثاقل (بیس ثاقل جمع پچّیس ثاقل جمع پندرہ ثاقل) کے برابر ایک مِنہ10 ہو۔

قُربانیاں اَور مُقدّس دِن

” ’اَور تُم یہ خصوصی ہدیہ نذر کرو: گیہُوں کے ہر حُومر سے ایفہ کا چھٹا حِصّہ؛ فی حُومر جَو سے ایفہ کا چھٹا حِصّہ11۔ تیل کا مُقرّرہ حِصّہ، بَت کے ناپ سے، ہر کور میں بَت کا دسواں حِصّہ12 ہو (ایک کور دس بَت یا ایک حُومر کے برابر ہوتاہے کیونکہ دس بَت ایک حُومر کے برابر ہوتے ہیں)۔ اَور اِسرائیل کی سیراب چراگاہوں میں سے ہر دو سَو کے گلّہ میں سے ایک برّہ لیا جائے۔ اُنہیں لوگوں کا کفّارہ دینے کے لیٔے نذر کی قُربانی، سوختنی نذر اَور سلامتی کی نذر کی قُربانی کے طور پر اِستعمال کیا جائے گا۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ مُلک کے تمام لوگ اِسرائیل کے شہزادوں کے اِستعمال کے لیٔے اُس خصوصی ہدیہ میں شریک ہُوں۔ اِسرائیل کے شہزادے کی یہ ذمّہ داری ہوگی کہ وہ مُختلف عیدوں، نئے چاند کے دِنوں اَور سَبت کے دِنوں جَیسی بنی اِسرائیل کی تمام مُقرّرہ عیدوں کے موقعوں پر سوختنی نذریں، نذر کی قُربانیاں اَور تپاون مُہیّا کرے۔ وہ بنی اِسرائیل کے کفّارہ کے لیٔے گُناہ کی نذر، اناج کی نذریں، سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذروں کی قُربانیاں مُہیّا کرےگا۔

” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: پہلے مہینے کے پہلے دِن تُو ایک بے عیب بچھڑا لے کر پاک مَقدِس کو پاک کرنا۔ کاہِنؔ گُناہ کی قُربانی کا کچھ لہُو لے کر بیت المُقدّس کے دروازوں کی چوکھٹوں پر اَور مذبح کے اُوپر کی کُرسی کے چاروں کونوں پر اَور اَندرونی صحن کے پھاٹک کے کھمبوں پر لگائے۔ اَور اگر کویٔی شخص نادانستہ طور پر یا بھُول سے گُناہ کر بیٹھے تو مہینے کے ساتویں دِن بھی تُم اُس کے لیٔے اَیسا ہی کرنا۔ اِس طرح تُم بیت المُقدّس کا کفّارہ دیتے رہنا۔

” ’پہلے مہینے کے چودھویں دِن تُم عیدِفسح منانا۔ یہ عید ساتویں دِن تک رہے گی اَور اُس عرصہ میں تُم بے خمیری روٹی کھاؤگے۔ اُس دِن اُمرا اَپنے لیٔے اَور مُلک کے تمام لوگوں کی خاطِر ایک بچھڑا گُناہ کی قُربانی کے لیٔے مُہیّا کرےگا۔ عید کے اُن سات دِنوں میں یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذر گذراننے کے لیٔے وہ ہر روز سات بچھڑے اَور سات مینڈھے مُہیّا کرے جو بے عیب ہُوں اَور ایک بکرا گُناہ کی قُربانی کے لیٔے مُہیّا کرے۔ اَور وہ نذر کی قُربانی کے طور پر ہر بچھڑے کے لیٔے ایک ایفہ اَور ہر مینڈھے کے لیٔے ایک ایفہ مُہیّا کرے اَور اُس کے ساتھ فی ایفہ ایک ہِین13 روغن بھی مُہیّا کرے۔

” ’عید کے سات دِنوں میں جو ساتویں مہینے کے پندرھویں دِن شروع ہوتی ہے، وہ اِسی طرح گُناہ کی قُربانیاں، سوختنی نذریں اَور نذر کی قُربانیاں اَور روغن مُہیّا کرےگا۔ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَندرونی صحن کا پھاٹک۔

Source notes (13)
  1. Footnote پچّیس ہزار ہاتھ تیرہ کِلومیٹر
  2. Footnote بیس ہزار ہاتھ گیارہ کِلومیٹر
  3. Footnote پانچ سَو مُربّع ہاتھ دو سو پَینسٹھ میٹر
  4. Footnote پچاس ہاتھ ۲۷ میٹر
  5. Footnote دس ہزار ہاتھ 5.3کِلومیٹر
  6. Footnote پانچ ہزار ہاتھ دو کِلومیٹر سات سو میٹر
  7. Footnote ایفہ بائیس لیٹر خشک اَشیا کے لئے
  8. Footnote بَت بائیس لیٹر کے لئے
  9. Footnote ایک ثاقل تقریباً بَارہ گرام
  10. Footnote ایک مِنہ تقریباً چھ سو نوّے گرام
  11. Footnote ایفہ کا چھٹا حِصّہ دو کِلو سات سو گرام
  12. Footnote بَت کا دسواں حِصّہ تقریباً 2.2 لیٹر
  13. Footnote ایک ہِین تقریباً ساڑھے تین لیٹر

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.