Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 40

بیت المُقدّس کے علاقہ کو بحال کرنا

ہماری جَلاوطنی کے پچّیسویں سال کے شروع میں یعنی یروشلیمؔ شہر کی تسخیر کے چودھویں سال کے پہلے ماہ کے دسویں دِن یَاہوِہ کا ہاتھ مُجھ پر تھا اَور وہ مُجھے وہاں لے گیٔے۔ خُدا کی رُویتوں میں وہ مُجھے اِسرائیل کے مُلک میں لے گیا اَور ایک بہت اُونچے پہاڑ پر کھڑا کر دیا جِس کے جُنوب کی جانِب چند عمارتیں تھیں جو شہر کی مانند نظر آتی تھیں۔ وہ مُجھے وہاں لے گیا اَور مَیں نے ایک آدمی کو دیکھا جِس کی صورت کانسے کی بنی ہُوئی صورت کی مانند تھی۔ وہ اَپنے ہاتھ میں کتانی ڈوری اَور پیمائش کا سَرکنڈا لیٔے پھاٹک پر کھڑا تھا۔ اُس آدمی نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، اَپنی آنکھوں سے دیکھ اَور اَپنے کانوں سے سُن اَور ہر اُس چیز پر دھیان دے جو مَیں تُجھے بتانے جا رہا ہُوں کیونکہ اِسی لیٔے تُجھے یہاں لایا گیا ہے۔ جو کچھ تُو دیکھتا ہے اُسے بنی اِسرائیل سے بَیان کر۔“

بیرونی صحن کا مشرقی پھاٹک

مَیں نے ایک دیوار دیکھی جو بیت المُقدّس کے علاقہ کو مُکمّل طور پر گھیرے ہُوئی تھی۔ اُس آدمی کے ہاتھ میں جو پیمائش کا سَرکنڈا تھا اُس کی لمبائی اَیسے چھ ہاتھ کے برابر تھی جو ایک ہاتھ اَور چار اُنگل کے برابر ہوتاہے۔ اُس نے دیوار ناپی۔ وہ ایک سَرکنڈے کے برابر موٹی تھی اَور اُتنی ہی اُونچی تھی۔

تَب وہ اُس پھاٹک کی طرف گیا جِس کا رُخ مشرق کی طرف تھا۔ اُس نے اُس کی سِیڑھیوں پر چڑھ کر اُس کے آستانہ کو ناپا۔ وہ ایک سَرکنڈا کے برابر چوڑا1 تھا۔ اَور پہرےداروں کے کمرے ایک سَرکنڈا لمبے اَور ایک سَرکنڈا چوڑے تھے۔ اَور اُن کمروں کے درمیان اُبھری ہُوئی دیواریں پانچ ہاتھ2 موٹی تھیں اَور بیت المُقدّس کی جانِب کی دہلیز کے نزدیک کے پھاٹک کا آستانہ بھی ایک سَرکنڈا چوڑا تھا۔

پھر اُس نے پھاٹک کے برامدے کو ناپا۔ وہ آٹھ ہاتھ3 چوڑی تھی اَور اُس کے سُتون دو دو ہاتھ4 موٹے تھے۔ پھاٹک کے برامدے کا رُخ بیت المُقدّس کی جانِب تھا۔

مشرقی پھاٹک کے اَندر دونوں طرف تین تین کمرے تھے اَور اُن تینوں کی پیمائش یکساں تھی۔ اَور دونوں طرف کی اُبھری ہُوئی دیواروں کی سطح کی پیمائش بھی یکساں تھی۔ پھر اُس نے پھاٹک کے دروازہ کی چوڑائی ناپی جو دس ہاتھ5 تھی اَور اُس کی لمبائی تیرہ ہاتھ تھی۔ ہر کمرہ کے سامنے ایک دیوار تھی جو ایک ہاتھ اُونچی6 تھی اَور کمروں کا رقبہ چھ ضرب چھ ہاتھ7 تھا۔ پھر اُس نے ایک کمرہ کی پچھلی دیوار کی چھت سے مقابل کے کمرہ کی دیوار کی چھت تک پھاٹک کو ناپا اَور وہ فاصلہ ایک منڈیر سے مقابل کی منڈیر تک پچّیس ہاتھ8 تھا۔ اُس نے پھاٹک کے اَندر چاروں طرف سے اُبھری ہُوئی دیواروں کی سطح کی پیمائش کی جو ساٹھ ہاتھ9 کے برابر تھی۔ یہ پیمائش صحن کی طرف رُخ کی ہُوئی دہلیز تک تھی۔ پھاٹک کے داخلہ سے اُس کی دہلیز کے آخِری سِرے تک کا فاصلہ پچاس ہاتھ تھا۔ کمروں اَور پھاٹک کے دروازہ کے اَندر کی اُبھری ہُوئی دیواروں کے اُوپر ہر طرف تنگ جھروکے تھے جِن کے دریچوں کا رُخ اَندر کی طرف تھا۔ اُبھری ہُوئی دیواروں کو کھجور کے درختوں کے نقوش سے آراستہ کیا گیا تھا۔

بیرونی صحن

پھر وہ مُجھے بیرونی صحن میں لے گیا۔ وہاں مَیں نے کچھ کمرے اَور صحن کے چاروں طرف فرش بنا ہُوا دیکھا۔ اُس فرش پر تیس کمرے تھے۔ یہ فرش پھاٹکوں سے لگا ہُوا تھا اَور وہ اُن کی لمبائی کے برابر ہی چوڑا تھا۔ یہ نیچے کا فرش تھا۔ پھر اُس نے نیچے کے پھاٹک کے اَندر سے اَندرونی صحن کے باہر تک کا فاصلہ ناپا اَور وہ مشرق اَور شمال دونوں جانِب سے سَو ہاتھ10 تھا۔

شمالی پھاٹک

پھر اُس نے اُس پھاٹک کی لمبائی اَور چوڑائی ناپی جِس کا رُخ شمال کی جانِب تھا اَورجو بیرونی صحن میں کھُلتا تھا۔ اُس کی دونوں طرف کے تین تین کمروں، اُس کی اُبھری ہُوئی دیواروں اَور اُس کی دہلیز کا ناپ پہلے پھاٹک کے مُطابق ہی تھا۔ وہ پچاس ہاتھ11 لمبا اَور پچّیس ہاتھ12 چوڑا تھا۔ اُس کے دریچے، اُس کی دہلیز اَور اُس کے کھجور کے درختوں کی سجاوٹ کا ناپ مشرقی پھاٹک کے مُطابق تھا۔ اُس تک چڑھنے کے لیٔے سات سیڑھیاں تھیں اَور اُن کے مقابل اُس کی دہلیز تھی۔ اَندرونی صحن میں داخل ہونے کے لیٔے ایک پھاٹک تھا جِس کا رُخ شمالی پھاٹک کی طرف تھا، ٹھیک اِسی طرح جِس طرح مشرق میں تھا۔ اُس نے ایک پھاٹک سے مقابل کے پھاٹک تک کا فاصلہ ناپا جو سَو ہاتھ13 تھا۔

جُنوبی پھاٹک

پھر وہ مُجھے جُنوب کی جانِب لے گیا اَور مَیں نے ایک پھاٹک دیکھا جِس کا رُخ جُنوب کی طرف تھا۔ اُس نے اُس کے سُتونوں اَور دہلیز کو ناپا جو دُوسروں کے مُطابق تھے۔ پھاٹک اَور اُس کے برامدے میں اِردگرد وَیسے ہی تنگ دریچے تھے جَیسے اَوروں میں تھے۔ وہ پچاس ہاتھ لمبا اَور پچّیس ہاتھ چوڑا تھا۔ اُس تک چڑھنے کے لیٔے سات سیڑھیاں تھیں اَور اُس کی دہلیز اُن کے مقابل تھی۔ اُس کے دونوں طرف کی اُبھری ہُوئی دیواروں پر کھجور کے درخت نقش کئے گیٔے تھے۔ اَندرونی صحن میں ایک اَور پھاٹک تھا جِس کا رُخ جُنوب کی طرف تھا اَور اُس نے اُس پھاٹک سے جُنوب کی جانِب کے بیرونی پھاٹک تک کا فاصلہ ناپا۔ وہ سَو ہاتھ تھا۔

اَندرونی صحن کے پھاٹک

پھر وہ مُجھے جُنوبی پھاٹک کی راہ سے اَندرونی صحن میں لایا اَور اُس نے جُنوبی پھاٹک کو ناپا۔ اُس کا ناپ دُوسرے پھاٹکوں کے مُطابق ہی تھا۔ اُس کے کمرے، اُس کی اُبھری ہُوئی دیواریں اَور اُس کی دہلیز کا ناپ بھی اَوروں جَیسا ہی تھا۔ پھاٹک کے دروازہ میں اَور اُس کی دہلیز کے ہر طرف دریچے تھے۔ وہ پچاس ہاتھ لمبا اَور پچّیس ہاتھ چوڑا تھا۔ (اَندرونی صحن کے اطراف کی دہلیزیں پچّیس ہاتھ لمبی اَور پھاٹک کے دروازے پانچ ہاتھ چوڑے تھے۔) اُس کی دہلیز کا رُخ بیرونی صحن کی طرف تھا اَور اُس کے سُتونوں پر کھجور کے درخت نقش کئے گیٔے تھے اَور اُس تک چڑھنے کے لیٔے آٹھ سیڑھیاں تھیں۔

پھر وہ مُجھے مشرق کی جانِب اَندرونی صحن میں لے آیا اَور اُس نے دروازہ ناپا؛ اُس کا ناپ وَیسا ہی تھا جَیسا دُوسرے دروازوں کا تھا۔ اُس کے کمرے، اُس کی اُبھری ہُوئی دیواریں اَور اُس کی دہلیز کا ناپ بھی اَوروں جَیسا ہی تھا۔ پھاٹک کے دروازہ میں اَور اُس کی دہلیز کے ہر طرف دریچے تھے۔ وہ پچاس ہاتھ لمبا اَور پچّیس ہاتھ چوڑا تھا۔ اُس کا برامدے کا رُخ بیرونی صحن کی طرف تھا اَور اُس کے دونوں طرف کے سُتونوں پر کھجور کے درخت نقش کئے گیٔے تھے اَور اُس تک چڑھنے کے لیٔے آٹھ سیڑھیاں تھیں۔

پھر وہ مُجھے شمالی پھاٹک کے پاس لایا اَور اُسے ناپا۔ اُس کا ناپ دُوسرے پھاٹکوں کے مُطابق ہی تھا۔ وَیسا ہی ناپ اُس کے کمروں، اُبھری ہُوئی دیواروں اَور اُس کی دہلیزوں کا تھا۔ اَور اُس کے چاروں طرف دریچے تھے۔ وہ پچاس ہاتھ لمبا اَور پچّیس ہاتھ چوڑا تھا۔ اُس کا برامدے کا رُخ بیرونی صحن کی طرف تھا اَور اُس کے دونوں طرف کے سُتونوں پر کھجور کے درخت نقش کئے گیٔے تھے اَور اُس تک چڑھنے کے لیٔے آٹھ سیڑھیاں تھیں۔

ذبیحہ کی تیّاری کے کمرے

ہر اَندرونی پھاٹک کی دہلیز کے پاس ایک کمرہ تھا جِس میں دروازہ بھی تھا، جہاں سوختنی نذریں دھوئی جاتی تھیں۔ پھاٹک کی کے برامدے میں دونوں طرف دو دو میزیں تھیں جِن پر سوختنی نذریں، گُناہ کی قُربانیاں14 اَور خطا کی قُربانیاں ذبح کی جاتی تھیں۔ پھاٹک کے برامدے کی بیرونی دیوار کے پاس یعنی شمالی پھاٹک کے دروازہ کی سِیڑھیوں کے پاس دو میزیں تھیں اَور سِیڑھیوں کی دُوسری طرف بھی دو میزیں تھیں۔ اُس طرح پھاٹک کے ایک طرف چار میزیں تھیں اَور دُوسری طرف بھی چار میزیں تھیں۔ کل آٹھ میزیں تھیں۔ جِن پر ذبیحے ذبح کئے جاتے تھے۔ وہاں سوختنی نذروں کے لیٔے تراشے ہُوئے پتّھروں کی چار میزیں تھیں جِن میں سے ہر ایک ڈیڑھ ہاتھ لمبی، ڈیڑھ ہاتھ چوڑی اَور ایک ہاتھ15 اُونچی تھی۔ اُن پر سوختنی نذریں اَور دُوسری قُربانیاں ذبح کرنے کے لیٔے ظروف رکھے جاتے تھے۔ اَور دیوار پر چاروں طرف چار اُنگل16 لمبے دو طرفہ کانٹے لگے ہُوئے تھے۔ یہ میزیں قُربانی کا گوشت رکھنے کے لیٔے تھیں۔

کاہِنوں کے لئے کمرے

اَندرونی پھاٹک کے باہر لیکن اَندرونی صحن کے اَندر دو کمرے تھے۔ ایک شمالی پھاٹک کے بازو میں تھا جِس کا رُخ جُنوب کی طرف تھا اَور دُوسرا جُنوبی پھاٹک کے بازو میں تھا جِس کا رُخ شمال کی جانِب تھا۔ اُس نے مُجھے بتایا کہ، ”جِس کمرہ کا رُخ جُنوب کی جانِب ہے وہ اُن کاہِنوں کے لیٔے ہے جو بیت المُقدّس کے نگہبان ہیں، اَور جِس کمرہ کا رُخ شمال کی جانِب ہے وہ اُن کاہِنوں کے لیٔے ہے جو مذبح کے نگہبان ہیں۔ یہ صدُوقؔ کی اَولاد ہیں۔ لیویوں میں سے صِرف یہی کاہِنؔ یَاہوِہ کے حُضُور میں آسکتے ہیں اَور اُن کی خدمت کر سکتے ہیں۔“

پھر اُس نے صحن کو ناپا جو مُربّع نُما تھا۔ سَو ہاتھ لمبا اَور سَو ہاتھ چوڑا۔ اَور مذبح بیت المُقدّس کے سامنے تھا۔

نیا بیت المُقدّس

پھر وہ مُجھے بیت المُقدّس کی دہلیز میں لایا اَور اُس نے سُتونوں کی دہلیز کو ناپا جو دونوں طرف پانچ پانچ ہاتھ چوڑے تھے۔ دروازہ کی چوڑائی چودہ ہاتھ17 تھی اَور اُس کی دونوں طرف کی اُبھری ہُوئی دیواریں تین تین ہاتھ18 چوڑی تھیں۔ دہلیز بیس ہاتھ چوڑی ہاتھ19 اَور آگے سے پیچھے تک بَارہ ہاتھ20 کے برابر تھی۔ اُس پر چڑھنے کے لیٔے (دس) سیڑھیاں تھیں اَور دونوں طرف کے دہلیز کے بازو میں سُتون تھے۔

Source notes (20)
  1. Footnote چوڑا دُوسرے نُسخوں میں گہرائی
  2. Footnote پانچ ہاتھ تقریباً 2.7 میٹر
  3. Footnote آٹھ ہاتھ تقریباً4.2 میٹر
  4. Footnote دو دو ہاتھ تقریباً ایک میٹر
  5. Footnote دس ہاتھ تقریباً 5میٹر
  6. Footnote تقریباً6.9 میٹر
  7. Footnote چھ ہاتھ تقریباً 3 میٹر
  8. Footnote پچّیس ہاتھ تقریباً 13میٹر
  9. Footnote ساٹھ ہاتھ تقریباً 32میٹر
  10. Footnote سَو ہاتھ تقریباً 53میٹر
  11. Footnote پچاس ہاتھ تقریباً 26میٹر
  12. Footnote پچّیس ہاتھ تقریباً13 میٹر
  13. Footnote سَو ہاتھ تقریباً52 میٹر
  14. Footnote گُناہ کی قُربانیاں لہٰذا پاک کرنے کی قُربانی
  15. Footnote ڈیڑھ ہاتھ چوڑی اَور ایک ہاتھ تقریباً 80سینٹی میٹر لمبائی اَور 53چوڑائی سینٹی میٹر اُونچائی
  16. Footnote چار اُنگل تقریباً 9سینٹی میٹر
  17. Footnote چودہ ہاتھ تقریباً 7.4 میٹر
  18. Footnote تین تین ہاتھ تقریباً 1.6 میٹر
  19. Footnote بیس ہاتھ چوڑی ہاتھ تقریباً 11 میٹر
  20. Footnote بَارہ ہاتھ تقریباً 6.4 میٹر

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.