Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 29

مِصر کے خِلاف نبُوّت

فَرعوہؔ کو سزا

دسویں سال کے دسویں مہینے کے بارہویں دِن، یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”اَے آدمؔ زاد، شاہِ مِصر فَرعوہؔ کی طرف اَپنا رُخ کر اَور اُس کے تمام مِصر کے خِلاف نبُوّت کر۔ اُس سے بات کر، ’اَور کہہ کہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:

” ’اَے شاہِ مِصر فَرعوہؔ، میں تیرا مُخالف ہُوں،

اَے بھاری اَور موٹے گھڑیال جو اَپنی دریاؤں کے درمیان پڑا رہتاہے۔

تُو کہتاہے، ”دریائے نیل میرا ہے؛

اَور مَیں نے اُسے اَپنے لیٔے بنایا ہے۔“

لیکن مَیں تیرے جَبڑوں میں کانٹے پھنساؤں گا

اَور تیری دریاؤں کی مچھلیوں کو تیری جِلد سے چپکاؤں گا۔

اَور تیری کھال میں چُپکی ہُوئی تمام مچھلیوں سمیت،

مَیں تُجھے تیری دریاؤں میں سے باہر کھینچ لُوں گا۔

مَیں تُجھے اَور تیری دریاؤں میں کی تمام مچھلیوں کو،

بیابان میں چھوڑ دُوں گا۔

تُو کھُلے میدان میں پڑا رہے گا

جہاں سے نہ تو بٹورا جائے گا، نہ اُٹھایا جائے گا۔

اَور مَیں تُجھے زمین کے درندوں اَور آسمان کے پرندوں کی

خُوراک بنا دُوں گا۔

تَب مِصر کے تمام باشِندے جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔

” ’تُو بنی اِسرائیل کے لیٔے سَرکنڈے کا عصا بَن گیا ہے۔ جَب اُنہُوں نے تُجھے اَپنی گرفت میں لیا تَب تُو ٹوٹ گیا اَور اُن کے کندھوں کو زخمی کر دیا۔ اَور جَب اُنہُوں نے تیرا سہارا لیا تَب تُو ٹوٹ گیا اَور اُن کی پیٹھ میں موچ آ گئی۔

” ’چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: مَیں تُجھ پر تلوار چلوا کر تیرے لوگوں اَور اُن کے حَیوانوں کو قتل کرا دُوں گا۔ مِصر ایک ویران مُلک بَن جائے گا۔ تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔

” ’چونکہ تُونے کہا، ”دریائے نیل میرا ہے اَور مَیں نے ہی اُسے بنایا ہے۔“ اِس لیٔے میں تیرا اَور تیرے دریاؤں کا مُخالف ہُوں اَور مَیں مِصر کے مُلک کو مِگدُلؔ سے لے کر آسوانؔ تک یہاں تک کہ کُوشؔ کی سرحد تک بالکُل اُجاڑ کر رکھ دُوں گا۔ کسی اِنسان یا حَیوان کا قدم تک اِدھر نہ پڑےگا اَور چالیس بَرس تک اُس میں کویٔی نہ بسے گا۔ میں مُلک مِصر کو اُجڑے ہُوئے مُلکوں کے درمیان اُجاڑ کر رکھ دُوں گا اَور اُس کے شہر کو مُختلف قوموں میں پراگندہ اَور مُختلف ممالک میں تِتّر بِتّر کر دُوں گا۔

” ’پھر بھی یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: چالیس بَرس گزر جانے کے بعد میں مِصریوں کو اُن قوموں میں سے جمع کروں گا جِن کے درمیان اُنہیں تِتّر بِتّر کیا گیا تھا۔ میں اُنہیں اسیری سے چھُڑا کر واپس لاؤں گا اَور اُن کے آبائی وطن مِصر یعنی فتروسؔ میں لَوٹاؤں گا جہاں وہ ایک مَعمولی مملکت بَن جایٔیں گے۔ وہ تمام مملکتوں میں نہایت مَعمولی مملکت ہوگی اَور پھر کبھی اَپنا سَر اَور قوموں سے اُونچا نہ اُٹھا پایٔے گی۔ میں اُسے اِس قدر کمزور کر دُوں گا کہ وہ پھر کبھی اَور قوموں پر حُکومت نہ کر پایٔے گی۔ مِصر پھر کبھی بنی اِسرائیل کے لیٔے قابلِ اِعتماد نہ رہے گا بَلکہ اُنہُوں نے مِصریوں سے اِمداد طلب کرکے جو گُناہ کیا تھا اُس کی یادداشت بَن جائے گا۔ تَب وہ جان لیں گے کہ میں یَاہوِہ قادر ہُوں۔‘ “

نبوکدنضرؔ کا اِنعام

ستّائیسویں سال کے پہلے ماہ کے پہلے دِن یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”اَے آدمؔ زاد، شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ نے صُورؔ کے خِلاف فَوج کشی کرکے اَپنے لوگوں کے لیٔے بڑی مُشکل پیدا کر دی؛ یہاں تک کہ ہر سَر گنجا ہُوا اَور ہر کندھا چھِل گیا۔ پھر بھی صُورؔ کے خِلاف اُس مُہم سے نہ اُسے نہ اُس کی فَوج کو کویٔی صِلہ مِلا۔ چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں مِصر کو شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے سُپرد کروں گا اَور وہ اُس کی دولت لے جائے گا۔ وہ مُلک کو لُوٹ لے گا تاکہ اَپنی فَوج کی تنخواہ اَدا کر سکے۔ مَیں نے اُسے اُس کی کوششوں کے عوض مِصر اِنعام میں دیا ہے کیونکہ اُس نے اَور اُس کی فَوج نے یہ سَب کام میرے لیٔے کیا۔ یہ یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔

”اُس وقت مَیں اِسرائیل کے خاندان سے ایک سینگ اُگاؤں گا اَور اُن کے درمیان تیرا مُنہ کھولوں گا۔ تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.