Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 28

صُورؔ کے بادشاہ کے خِلاف نبُوّت

یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”اَے آدمؔ زاد، صُورؔ کے حُکمران سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:

” ’اَپنے دِل کے غُرور میں

تُو کہتاہے، ”میں خُدا ہُوں؛

اَور سمُندر کے درمیان

میں خُدا کے تخت پر بیٹھا ہُوں۔“

حالانکہ تُو سوچتا ہے کہ تُو خُدا کی طرح عقلمند ہے،

پھر بھی تُو اِنسان ہی ہے، خُدا نہیں۔

کیا تُو دانی ایل سے بھی زِیادہ عقلمند ہے؟

کیا تُجھ سے کویٔی بھید چھُپا نہیں ہے؟

اَپنی حِکمت اَور فراست سے

تُونے اَپنے لیٔے دولت حاصل کی

اَور اَپنے خزانے

سونے اَور چاندی سے بھر لیٔے۔

تِجارت میں بڑا ہُنرمند ہوکر

تُونے اَپنی دولت بڑھالی،

اَور اَپنی دولت کی بدولت

تیرا دِل مغروُر ہو چُکاہے۔

” ’چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:

” ’چونکہ تُو سوچتا ہے کہ تُو عقلمند ہے،

گویا بالکُل خُدا کی مانند عقلمند،

میں پردیسیوں کو تیرے خِلاف چڑھا لا رہا ہُوں،

جو نہایت ہی سنگدل قومیں ہیں؛

جو تیرے حُسن اَور تیری حِکمت کے خِلاف اَپنی تلواریں کھیچیں گے

اَور تیرے چمکتے ہُوئے جمال کو چھید ڈالیں گے۔

وہ تُجھے گڑھے میں اُتاریں گے،

اَور تُو سمُندر کے درمیان

مقتولوں کی سِی موت مَرے گا۔

تَب کیا تُو اَپنے قاتلوں کے رُوبرو،

یہ کہے گا، ”میں خُدا ہُوں؟“

تُو اَپنے قاتلوں کے ہاتھوں میں

محض اِنسان ہی رہے گا، خُدا نہیں۔

تُو پردیسیوں کے ہاتھوں میں

نامختون کی سِی موت مَرے گا۔

یہ مَیں نے کہا ہے، یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔‘ “

یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”اَے آدمؔ زاد، صُورؔ کے بادشاہ کے متعلّق نوحہ تیّار کر اَور اُس سے کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:

” ’تُو اِنتہائی کمال کا نمونہ تھا،

جو پُر اَز حِکمت سے مُکمّل اَور حُسن میں کامل تھا۔

تُو عدنؔ میں تھا،

جو خُدا کا باغ تھا؛

ہر قیمتی پتّھر تُمہیں سجاتا تھا

یاقُوتِ سُرخ، ہیرا اَور سبز زُمُرّد،

پکھراج اَور سنگِ سُلیمانی اَور سنگِ یَشب

نیلم، نیلا فیروزہ اَور فیروزہ،

الغرض ہر قِسم کے قیمتی پتّھر سے تُو آراستہ تھا؛

جنہیں سونے کی تختیوں میں جڑ دیا گیا تھا،

جو تیری پیدائش کے دِن ہی تیّار کی گئی تھیں۔

مَیں نے تُجھے ایک سرپرست کروبی کی مانند مَسح کیا،

اَور تُجھے خُدا کے پہاڑ پر مُقرّر کیا؛

جہاں تُو بیش قیمتی آتِشی پتّھروں کے درمیان چلتا پھرتا تھا۔

تیری پیدائش کے دِن سے لے کر

تُجھ میں ناراستی سمانے تک

تیری روِشیں بےگُناہ تھیں۔

تیری تِجارت کی بہتات کے باعث

تُجھ میں تشدّد بھر گیا،

اَور تُونے گُناہ کیا۔

اِس لیٔے اَے سرپرست کروبی،

مَیں نے تُجھے بےحُرمتی سمجھ کر خُدا کے پہاڑ پر سے ہٹا دیا،

اَور تُجھے اُن آتِشی پتّھروں کے درمیان سے خارج کر دیا۔

اَپنے حُسن کے باعث

تیرا دِل مغروُر ہُوا،

اَور اَپنے جمال کے سبب سے

تُونے اَپنی حِکمت کو بِگاڑ لیا۔

اِس لیٔے مَیں نے تُجھے زمین پر پٹک دیا؛

اَور بادشاہوں کے سامنے تماشا بنا دیا۔

تُونے اَپنی گُناہوں کی کثرت اَور ناجائز تِجارت سے

اَپنے پاک مَقدِسوں کو ناپاک کر دیا۔

اِس لیٔے مَیں نے تُجھ میں سے آگ نموُدار کی،

جِس نے تُجھے بھسم کر دیا،

اَور مَیں نے تیرے تمام تماشائیوں کے سامنے

تُجھے زمین پر راکھ بنا دیا۔

تیری تمام شناسا قومیں

تُجھے دیکھ کر حیران ہیں؛

تُو نہایت خوفناک اَنجام کو پہُنچا

اَور اَب باقی نہ رہے گا۔‘ “

صیدونؔ کے خِلاف نبُوّت

یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”اَے آدمؔ زاد، اَپنا رُخ صیدونؔ کی طرف کر اَور اُس کے خِلاف نبُوّت کر اَور کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:

” ’اَے صیدونؔ، مَیں تیرے خِلاف ہُوں،

اَور مَیں تمہارے درمیان اَپنی عظمت ظاہر کروں گا۔

اَور جَب مَیں اُسے سزا دُوں گا

اَور اُس میں اُس کو مُقدّس ٹھہراؤں گا،

تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔

میں اُس پر وَبا نازل کروں گا

اَور اُس کی گلیوں میں خُون بہاؤں گا

اُس پر ہر طرف سے تلوار چلے گی

اَور اُس کے مقتول اُس کے اَندر گریں گے۔

تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔

” ’اَور بنی اِسرائیل کا اَیسا کویٔی کُنبہ و ہمسایہ نہ ہوگا جو تکلیف دہ جھاڑیاں یا چبھنے والے کانٹے ثابت ہُوں۔ تَب وہ جان لیں گے کہ میں یَاہوِہ قادر ہُوں۔

” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: جَب مَیں بنی اِسرائیل کو اُن قوموں میں سے جمع کروں گا جہاں وہ پراگندہ ہو چُکے ہیں تَب میں مُختلف قوموں کی آنکھوں کے سامنے اُن میں مُقدّس ٹھہروں گا۔ تَب وہ خُود اَپنے مُلک میں رہیں گے جسے مَیں نے اَپنے خادِم یعقوب کو دیا تھا۔ وہ وہاں بحِفاظت رہیں گے اَور وہاں مکانات تعمیر کریں گے اَور تاکستان لگائیں گے اَور جَب مَیں اُن کے اُن تمام ہمسایوں کو جنہوں نے اُنہیں حقیر جانا سزا دُوں گا تَب وہ سلامتی سے رہیں گے۔ اَور تَب وہ جان لیں گے کہ میں ہی یَاہوِہ اُن کا خُدا ہُوں۔‘ “

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.