Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 26

صُورؔ کے خِلاف نبُوّت

بارہویں سال کے گیارھویں مہینے کے پہلے دِن یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”اَے آدمؔ زاد، چونکہ صُورؔ نے یروشلیمؔ کے متعلّق قہقہہ لگا کر کہا، ’آہا! قوموں کا پھاٹک توڑ دیا گیا اَور اُس کے دروازے میرے لیٔے کھول دیئے گیٔے۔ اَب وہ ویران ہے اِس لیٔے میں برومند ہُوں گا،‘ چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے صُورؔ، مَیں تیرا مُخالف ہُوں اَور مَیں بہت سِی قوموں کو تیرے خِلاف اُس طرح چڑھا لاؤں گا جِس طرح سمُندر اَپنی لہریں اُچھالتا ہے۔ وہ صُورؔ کی شہرپناہ کو توڑ ڈالیں گے اَور اُس کے بُرجوں کو ڈھا دیں گے اَور مَیں اُس کی مٹّی کھرچ کر اُسے ننگی چٹّان بنا دُوں گا۔ وہ سمُندر کے درمیان جال ڈالنے کا مقام بَن جائے گی کیونکہ یہ مَیں نے فرمایاہے۔ یُوں یَاہوِہ قادر نے فرماتے ہیں۔ وہ قوموں کے لیٔے مالِ غنیمت بَن جائے گی اَور اُس کی بستیاں جو سطح زمین پر ہیں تلوار سے غارت کر دی جایٔیں گی۔ تَب وہ جان لیں گے کہ میں ہی یَاہوِہ ہُوں۔

”کیونکہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: دیکھ میں شمال سے صُورؔ کے خِلاف بادشاہوں کے بادشاہ، شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کو گھوڑوں، رتھوں، گُھڑسواروں اَور ایک ایک بڑی فَوج کے ساتھ آ رہا ہُوں۔ وہ تیری سرزمین کی بستیاں تلوار سے مٹا دے گا۔ وہ تیرے مقابل مورچہ بندی کرےگا اَور تیری دیوار تک دمدمہ باندھے گا اَور تیرے خِلاف اَپنی ڈھالیں کھڑی کرےگا۔ اَور وہ تیری شہرپناہ کو اَپنی قلعہ شکن سنگ باری کا نِشانہ بنائے گا اَور اَپنے اسلحہ سے تیرے بُرجوں کو ڈھا دے گا۔ اُس کے گھوڑے اِس قدر کثیر التعداد ہوں گے کہ اُن کی اُڑائی ہویٔی گَرد سے تُو ڈھک جائے گی۔ جَب وہ تیرے پھاٹکوں میں سے اُس طرح داخل ہوگا جَیسے لوگ ٹوٹی ہویٔی دیواروں میں سے شہر میں گھُس آتے ہیں۔ تَب جنگی گھوڑوں، گاڑیوں اَور رتھوں کے شور سے تیری شہرپناہ لرز جائے گی۔ اُس کے گھوڑوں کے کُھر تیری تمام سڑکوں کو روند ڈالیں گے؛ وہ تیرے لوگوں کو تلوار سے قتل کر دے گا اَور تیرے مضبُوط چوکھٹ زمین پر گِر جایٔیں گے۔ وہ تیری دولت اَور تیرا تجارتی اَسباب لُوٹ لیں گے اَور تیری شہرپناہ توڑ ڈالیں گے اَور تیرے خُوبصورت مکانات ڈھا دیں گے اَور تیرے پتّھر، لکڑی اَور مٹّی کو سمُندر میں پھینک دیں گے۔ مَیں تیرے بُلند آہنگ نغموں کو بند کر دُوں گا اَور تیرے بربط کی موسیقی پھر کبھی سُنایٔی نہ دے گی۔ مَیں تُجھے ایک ننگی چٹّان بنا دُوں گا اَور تُو مچھلی کے جال ڈالنے کا مقام بَن جائے گا۔ تُو دوبارہ تعمیر نہ کیا جائے گا کیوں کہ میں یعنی یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے۔ یہ یَاہوِہ قادر نے فرماتے ہیں۔

”یَاہوِہ قادر صُورؔ سے یُوں فرماتے ہیں: جَب تُجھ میں قتلِ عام ہوگا اَور زخمی لوگ کراہتے ہوں گے تَب کیا تیرے گرنے کے شور سے بحری ممالک نہ تھرتھرائیں گے؟ تَب ساحِل کے سبھی اُمرا اَپنے تخت شاہیوں پر سے اُتر آئیں گے اَور اَپنی خِلعتیں اَور اَپنے کشیدہ کاری لباس کپڑے اُتار دیں گے اَور تُجھے دیکھ کر حیرت زدہ ہوں گے اَور خوف سے مُلبّس ہوکر اَور ہرپل کانپتے ہُوئے زمین پر بیٹھیں گے۔ پھر وہ تیرے حق میں نوحہ کریں گے اَور تُجھ سے کہیں گے:

” ’اَے نامور شہر جو بحری قوموں سے آباد تھا،

تُو کیسے برباد ہُوا!

تُو اَور تیرے شہری،

سمُندروں میں زورآور مانے جاتے تھے؛

اَور وہاں کے باشِندوں پر،

اَپنا خوف جمائے ہویٔے تھے۔

اَب ساحِلی ممالک،

تیرے زوال کے دِن تھرتھرا رہے ہیں؛

اَور سمُندری جزیرے،

تیری شِکست سے گھبرا گیٔے ہیں۔‘

”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: جَب مَیں تُجھے اُن شہروں کی طرح ویران کر دُوں گا جو کبھی آباد نہ تھے اَور جَب مَیں تُجھ پر سمُندر چڑھا لاؤں گا اَور اِس کا لااِنتہا پانی تُجھے غرق کر دے گا، تَب مَیں تُجھے اُن لوگوں کے ساتھ جو گڑھے میں اُتر جاتے ہیں عہدِ عتیق کے لوگوں کے پاس نیچے اُتاروں گا۔ مَیں تُجھے اُن لوگوں کے ساتھ جو گڑھے میں چلے جاتے ہیں زمین کے نیچے اَیسا بساؤں گا جَیسے کویٔی قدیم کھنڈروں میں رہتا ہو۔ اَور وہاں سے تُو لَوٹ نہ پایٔےگا، نہ زندوں کے مُلک میں اَپنی جگہ لے پایٔےگا۔ مَیں تیرا اَنجام نہایت ہی خوفناک کر دُوں گا اَور تُو باقی نہ رہے گا۔ تُجھے ڈھونڈا جائے گا لیکن تُو پھر کبھی نہ پایا جائے گا۔ یہ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.