Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 25

عمُّون کے خِلاف نبُوّت

یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہَوا: ”اَے آدمؔ زاد، عمُّونیوں کی طرف رُخ کرکے اُن کے خِلاف نبُوّت کر۔ اُن عمُّونیوں سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر کا کلام سُنو: یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں کہ تُم نے میرے پاک مَقدِس کے لیٔے جَب وہ ناپاک کیا گیا اَور اِسرائیل کے مُلک کے لیٔے جَب وہ ویران ہَوا اَور یہُودیؔہ کے لوگوں کے لیٔے جَب وہ جَلاوطن کئے گیٔے، تو اُنہُوں نے شاباش کہا۔ اِس لیٔے میں تُمہیں اہلِ مشرق کے سُپرد کرتا ہُوں تاکہ تُم اُس کی مِلکیّت بنو اَور وہ تمہارے درمیان اَپنے ڈیرے ڈالیں گے اَور خیمے کھڑے کریں گے۔ وہ تمہارا پھل کھایٔیں گے اَور تمہارا دُودھ پیئیں گے۔ میں ربّہؔ کو اُونٹوں کے لیٔے چراگاہ اَور عمُّون کو بھیڑوں کی آرامگاہ بنا دُوں گا۔ تَب تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ کیونکہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں، چونکہ تُم نے تالیاں بجائیں اَور اَپنے پیر پٹکے اَور اِسرائیل کے مُلک کے خِلاف اَپنے دِل کے کینہ کی بدولت خُوشی منائی، اِس لیٔے مَیں تمہارے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھا کر تُمہیں مالِ غنیمت کے طور پر مُختلف قوموں کو دے دُوں گا۔ میں تُمہیں مُختلف قوموں میں سے مٹا دُوں گا اَور مُلکوں میں سے بھی تُمہیں نِیست و نابود کر دُوں گا۔ میں تُمہیں تباہ کر دُوں گا اَور تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “

مُوآب کے خِلاف نبُوّت

”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’چونکہ مُوآب اَور سِعِیؔر نے کہا، ”دیکھو بنی یہُوداہؔ بھی دُوسری تمام قوموں کی طرح ہو گئے ہیں،“ اِس لیٔے میں مُوآب کی راہوں کو، اُس کی سرحد کے شہروں بیت یسیموتؔ، بَعل مِعُون اَور قِریتائم سے شروع کرتے ہُوئے جو اُس مُلک کی شان ہیں کھول دُوں گا۔ اَور مَیں مُوآب کو بنی عمُّون سمیت اہلِ مشرق کو بطور مملکت دے دُوں گا تاکہ قوموں کے درمیان بنی عمُّون کا ذِکر تک باقی نہ رہے۔ اَور مَیں مُوآب کو سزا دُوں گا۔ تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “

اِدُوم کے خِلاف نبُوّت

”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’چونکہ اِدُوم نے بنی یہُوداہؔ سے اِنتقام لیا اَور اُس وجہ سے نہایت گُنہگار ٹھہرا چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں اِدُوم کے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھاؤں گا اَور اُس کے لوگوں اَور اُن کے حَیوانوں کو مار ڈالوں گا۔ میں اُسے ویران کر دُوں گا اَور تیمانؔ سے لے کر دِدانؔ تک وہ تلوار سے مارے جایٔیں گے۔ اَور مَیں اَپنی قوم اِسرائیل کے ہاتھوں اِدُوم کا اِنتقام لُوں گا اَور وہ اِدُوم کے ساتھ میرے قہر و غضب کے مُطابق پیش آئیں گے۔ اِس طرح وہ جان لیں گے کہ یہ میرا اِنتقام ہے۔ یَاہوِہ قادر نے یہ فرماتے ہیں۔‘ “

فلسطینیوں کے خِلاف نبُوّت

”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’چونکہ فلسطینیوں نے اِنتقام کے جذبہ میں اَپنے دِل میں کینہ رکھ کر بدلہ لیا اَور قدیم عداوت کی بنا پر یہُوداہؔ کو تباہ کرنا چاہا چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: مَیں فلسطینیوں کے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھانے کو ہُوں اَور مَیں کریتیوں کو مٹا دُوں گا اَور سمُندر کے ساحِل پر بچے ہُوئے لوگوں کو تباہ کر دُوں گا۔ مَیں اُن سے کڑا اِنتقام لُوں گا اَور اَپنے عتاب میں اُنہیں سزا دُوں گا۔ اَور جَب مَیں اُن سے اِنتقام لُوں گا تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.