Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 1

حزقی ایل کی پہلی رُویا

تیسویں بَرس کے چوتھے مہینے کے پانچویں دِن میں اسیروں کے درمیان کِبارؔ نہر کے کنارے پر تھا، کہ آسمان کھُل گیا اَور مَیں نے خُدا کی رُویتیں دیکھیں۔

اُس ماہ کے پانچویں دِن۔ جو یہُویاکینؔ بادشاہ کی جَلاوطنی کا پانچواں سال تھا۔ یَاہوِہ کا کلام بوزی کے بیٹے حزقی ایل کاہِنؔ پر کَسدیوں کے مُلک میں کِبارؔ نہر کے کنارے پر نازل ہُوا۔ وہاں یَاہوِہ کا ہاتھ اُس پر تھا۔

جَب مَیں نے نظر کی تو شمال کی طرف سے زبردست آندھی آتی ہُوئی دِکھائی دی۔ وہ ایک بہت بڑی گھٹا تھی جِس کے ساتھ بجلی چمک رہی تھی اَور اُس کے چاروں طرف تیز رَوشنی تھی۔ اُس آگ کا مرکز چمکتی ہُوئی دھات کا سا نظر آ رہاتھا، اَور اُس آگ میں چار جاندار شکلیں نظر آ رہی تھیں جو اِنسان کی صورت سے مُشابہ تھیں، لیکن اُن میں سے ہر ایک کے چار چار چہرے اَور چار چار پر تھے۔ اُن کی ٹانگیں سیدھی تھیں اَور پاؤں بچھڑے کے کھُروں کی مانند تھے جو منجھے ہُوئے کانسے کی مانند چمکتے تھے۔ اُن کے چاروں بازوؤں میں پروں کے نیچے اِنسان کی طرح ہاتھ تھے۔ اُن چاروں کے چہرے اَور پر تھے، اَور اُن کے پر ایک دُوسرے کو چھُوتے تھے۔ ہر ایک سیدھا آگے بڑھتا تھا؛ کیونکہ جَب وہ حرکت کرتے تھے تو اِدھر اُدھر مُڑتے نہ تھے۔

اُن کے چہرے اُس طرح نظر آتے تھے: کہ چاروں کا ایک ایک چہرہ اِنسان کا، ایک ایک چہرہ شیرببر کا داہنی طرف اَور ایک ایک چہرہ سانڈ کا بائیں طرف اَور ایک ایک چہرہ عُقاب کا سا تھا۔ اُن کے چہرے تو اَیسے تھے لیکن اُن کے پر اُوپر کی طرف پھیلے ہُوئے تھے۔ ہر جاندار کے دو دو پر تھے جو اَپنے اَپنے بازو کے دُوسرے جاندار کے پروں کو چھُوتے تھے اَور دو دو پر ہر ایک کے جِسم کو ڈھانکے ہُوئے تھے۔ ہر جاندار سیدھا آگے بڑھتا تھا۔ جدھر اُن کی رُوح جانا چاہتی تھی اُدھر وہ جاتے تھے لیکن چلتے وقت کسی بھی طرف مُڑتے نہ تھے۔ اُن جانداروں کی صورت آگ کے جلتے ہُوئے اَنگاروں یا مشعلوں کی مانند تھی۔ اُن جانداروں کے درمیان آگ آگے اَور پیچھے چلتی پھرتی تھی جو نہایت رَوشن تھی اَور اُس میں سے بجلی نکلتی تھی۔ وہ جاندار اِس قدر تیزی سے آگے پیچھے دَوڑتے تھے جَیسے بجلی کوندتی ہو۔

جَیسے ہی مَیں نے اُن جانداروں پر نظر کی مَیں نے اُن چار چہروں والے ہر جاندار کے پاس زمین پر ایک پہیّا دیکھا۔ اُن پہیّوں کی شکل و صورت اَیسی تھی: وہ پکھراج کی طرح چمکدار تھے اَور چاروں پہیّے ایک ہی طرح کے تھے۔ ہر ایک پہیّا کی بناوٹ اَیسی لگتی تھی گویا ایک پہیّا دُوسرے کو کاٹتا ہو۔ جَب وہ حرکت کرتے تو اُن چاروں سمتوں میں سے جدھر اُن جانداروں کا رُخ ہوتا تھا کسی ایک جانِب چل پڑتے تھے۔ جَب وہ جاندار چل پڑتے تَب پہیّے مُڑتے نہ تھے۔ اُن کے حلقے بہت اُونچے اَور ہیبت ناک تھے اَور اُن چاروں حلقوں کے ہر طرف آنکھیں ہی آنکھیں لگی ہُوئی تھیں۔

جَب وہ جاندار چلتے تھے، تو اُن کے بازو کے پہیّے بھی اُن کے ساتھ حرکت کرتے تھے اَور جَب وہ جاندار زمین سے اُوپر اُٹھتے تھے تو اُن کے ساتھ پہیّے بھی اُٹھتے تھے۔ جہاں جہاں اُن کی رُوح جانا چاہتی تھی وہاں وہ جاتے تھے اَور پہیّے اُن کے ساتھ اُٹھتے تھے کیونکہ جانداروں کی رُوح پہیّوں میں تھی۔ جَب جاندار چلتے تھے، تَب پہیّے بھی چلتے تھے اَور جَب جاندار رُک جاتے تھے تَب پہیّے بھی رُک جاتے تھے۔ جَب جاندار زمین پر سے اُٹھتے تھے تَب پہیّے بھی اُٹھ جاتے تھے کیونکہ اُن کی رُوح پہیّوں میں تھی۔

جانداروں کے سَروں پر فضا برف کی مانند شفّاف تھی لیکن مُہیب نظر آتی تھی۔ اِس فضا کے نیچے اُن کے پر ایک دُوسرے کی طرف پھیلے ہُوئے تھے اَور ہر ایک کے دو پر اُن کے جِسم کو ڈھانکے ہُوئے تھے جَب وہ جاندار چلنے لگے تو مَیں نے اُن کے پروں کی پھڑپھڑاہٹ سُنی جو زور سے بہتے ہُوئے پانی کے شور کی مانند قادرمُطلق کی آواز کی مانند یا کسی لشکر کی ہلچل کی مانند لگتی تھی۔ جَب وہ روکتے تھے تو اَپنے پر لٹکا لیتے تھے۔

جَب وہ پر لٹکایٔے ہُوئے روکتے تھے تَب اُن کے سَر کے اُوپر کی فضا میں سے صدا آ رہی تھی۔ اِس فضا کے اُوپر جو اُن کے سَروں کے اُوپر تھی نیلم کا بنا ہُوا تخت نظر آ رہاتھا جِس کے اُوپر اِنسان کی شکل کی کویٔی ہستی تھی۔ مَیں نے دیکھا کہ وہ اَپنی کمر سے اُوپر تک چمکدار دھات کا بنا ہُوا تھا جَیسے آگ کا شُعلہ ہو اَور اُس کی کمر کے نیچے تک وہ آگ کی مانند نظر آتا تھا۔ اَور ہر طرف تیز رَوشنی اُسے گھیرے ہُوئے تھی۔ اُن کے اطراف کی جگمگاہٹ بارش کے دِن میں بادل میں نظر آنے والے قوسِ قُزح کی مانند تھی۔

یہ منظر یَاہوِہ کے جلال کی مانند تھا، جَب مَیں نے اُسے دیکھا مُنہ کے بَل گِر پڑا اَور مَیں نے ایک آواز سُنی جَیسے کویٔی بول رہا ہو۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.