Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

خُروج 26

عبادت کا مَسکن

”اَور تُم مَسکن کے لیٔے دس پردے بنانا جو نفیس بٹے ہویٔے کتان سے اَور نیلے آسمانی اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے دھاگوں سے بُنے ہُوں اَور جِن پر کسی ماہر کاریگر نے کشیدہ کاری سے کروبیم بنائے ہُوں۔ اَور وہ تمام پردے ایک ہی ناپ کے ہوں یعنی ہر ایک اٹّھائیس ہاتھ لمبا1 اَور چار ہاتھ چوڑا2 ہو۔ اَور تُم پانچ پردوں کو باہم جوڑ دینا اَور باقی پانچ پردے بھی اِسی طرح جوڑے جایٔیں یعنی پانچ پانچ پردوں کے دو جوڑے بَن جایٔیں اَور ایک جوڑے کے آخِری پردہ کے کنارے کے ساتھ ساتھ نیلے آسمانی رنگ کے تُکمے بنانا۔ اَور دُوسرے جوڑے کے آخِری پردہ کے کنارے میں بھی اَیسے ہی تُکمے بنانا۔ پہلی جوڑی کے ایک پردہ پر پچاس تُکمے اَور دُوسری جوڑی کے آخِری پردہ پر بھی پچاس تُکمے ہوں گے۔ سَب تُکمے ایک دُوسرے کے آمنے سامنے ہوں۔ پھر سونے کی پچاس گھنڈیاں بنا کر اُنہیں اُن پردوں کے دونوں جوڑوں کو باہم مِلانے کے لیٔے اِستعمال کرنا تاکہ وہ ایک مَسکن بَن جائے۔

”اَور اُس مَسکن کے اُوپر خیمہ مَسکن کے اُوپر کے خیمہ کے لیٔے بکری کی پشم سے پردے بنانا جِن کی تعداد گیارہ ہُوں۔ اَور وہ گیارہ پردے ایک ہی ناپ کے ہُوں یعنی ہر پردہ تیس ہاتھ لمبا3 اَور چار ہاتھ چوڑا4 ہو۔ اَور اُن پردوں میں سے پانچ کو باہم جوڑ کر ایک جوڑا بنانا اَور باقی چھ کو جوڑ کر دُوسرا جوڑا بنانا۔ اَور چھٹے پردہ کو خیمہ کے سامنے موڑکر دہرا کردینا۔ اَور ایک جوڑے کے آخِری پردہ کے کنارے کے ساتھ ساتھ پچاس تُکمے بنانا اَور دُوسرے جوڑے کے آخِری پردہ کے کنارے کے ساتھ ساتھ بھی پچاس تُکمے بنانا۔ پھر کانسے کی پچاس گھنڈیاں بنانا اَور اُس خیمہ کو باہم جوڑنے کے لیٔے اُن گھنڈیوں کو اُن تکموں میں ڈال دینا۔ اَور مَسکن کے پردوں کو مزید پھیلانے کے لیٔے بچا ہُوا آدھا پردہ خیمہ کی پچھلی طرف لٹکا رہے۔ اَور اُس خیمہ کے پردے دونوں اطراف ایک ایک ہاتھ5 زِیادہ لمبے ہُوں تاکہ مَسکن کو دونوں طرف سے ڈھانکنے کے لیٔے اِدھر اَور اُدھر لٹکے رہیں۔ اَور اُس خیمہ کے اُوپر ڈالنے کے لیٔے ایک غلاف مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا بنانا اَور اُس کے اُوپر دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا۔

”اَور تُم مَسکن کے لیٔے کیکر کی لکڑی کے چوکھٹے بنانا جو کھڑے کئے جا سکیں۔ ہر چوکھٹا دس ہاتھ لمبا6 اَور ڈیڑھ ہاتھ چوڑا7 ہو۔ اُن کی دو دو چُولیں ہُوں جو ایک دُوسرے کے متوازی ہُوں۔ مَسکن کے تمام چوکھٹے اِسی طرح بنانا۔ مَسکن کے جُنوبی پہلو کے لیٔے بیس چوکھٹے بنانا۔ اَور اُن کے لیٔے چاندی کے چالیس پایٔے بنانا یعنی ہر چوکھٹے کے لیٔے دو دو پایٔے جو دونوں چُولوں کے نیچے ہُوں۔ دُوسری جانِب یعنی مَسکن کے شمالی پہلو میں بیس چوکھٹے بنانا۔ اَور چاندی کے چالیس پایٔے بنانا تاکہ ہر ایک چوکھٹے کے نیچے دو دو پایٔے ہُوں۔ اَور آخِری کونے پر یعنی مَسکن کی مغربی سمت میں چھ چوکھٹے بنانا۔ اَور اُسی طرف کونوں کے لیٔے دو چوکھٹے بنانا۔ اِن دونوں کونوں پر وہ نیچے سے لے کر اُوپر تک دوہرے ہُوں اَور ایک ہی حلقے میں برابر جُڑے ہُوں اَور دونوں ایک سے ہُوں۔ یُوں آٹھ چوکھٹے اَور چاندی کے سولہ پایٔے ہوں گے۔ یعنی ہر ایک چوکھٹے کے نیچے دو دو۔

”اَور کیکر کی لکڑی سے بینڈے بھی بنانا۔ پانچ اُن چوکھٹوں کے لیٔے جو مَسکن کے ایک طرف ہوں۔ پانچ اُن چوکھٹوں کے لیٔے جو دُوسری طرف ہیں اَور پانچ مغربی سمت والے چوکھٹوں کے لیٔے جو مَسکن کے کونے پر ہیں۔ اَور وسطیٰ بینڈے کو اَیسا بنانا کہ وہ اُن چوکھٹوں کے درمیان سے ہوکر ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک پہُنچے۔ اَور اُن چوکھٹوں پر سونا منڈھنا اَور اُن بینڈوں کو تھامنے کے لیٔے سونے کے حلقے بنانا۔ اَور اُن بینڈوں کو بھی سونے سے منڈھنا۔

”اَور تُم مَسکن کو اُسی نمونہ کے مُطابق بنانا جو تُمہیں پہاڑ پر دِکھایا گیا تھا۔

”اَور تُم نیلے اَرغوانی اَور سُرخ دھاگے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان سے ایک پردہ بنانا جِس پر کسی ماہر کاریگر نے کشیدہ کاری سے کروبیم بنائے ہوں۔ اَور اُسے سونے سے منڈھے ہویٔے کیکر کی لکڑی کے چار سُتونوں پرجو چاندی کے چار پایوں پر کھڑے ہُوں سونے کے حلقوں سے لٹکانا۔ اَور اُس پردہ کو چھلّوں سے نیچے لٹکانا اَور عہد کے صندُوق کے صندُوق کو اُس پردہ کے پیچھے رکھنا اَور وہ پردہ پاک مقام کو پاک ترین مقام سے الگ کرےگا۔ اَور تُم کفّارہ کے سرپوش کو پاک ترین مقام میں عہد کے صندُوق کے صندُوق کے اُوپر رکھنا۔ اَور میز کو پردہ کے باہر مَسکن کی شمالی سمت میں رکھنا اَور چراغدان کو اُس کے سامنے جُنوبی سمت میں رکھنا۔

”اَور اُس خیمہ میں دروازہ کے لیٔے تُم نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ دھاگے اَور نفیس بٹے ہُوئے کتان سے ایک پردہ بنانا جِس پر کشیدہ کاری کی گئی ہو۔ اِس پردہ کے لیٔے سونے کے حلقے اَور کیکر کی لکڑی کے پانچ سُتون بنانا جِن پر سونا منڈھا ہُوا ہو اَور اُن کے لیٔے کانسے کے پانچ پایٔے ڈھال کر بنانا۔

Source notes (7)
  1. Footnote اٹّھائیس ہاتھ لمبا تقریباً تیرہ میٹر
  2. Footnote چار ہاتھ چوڑا تقریباً ایک میٹر اسّی سینٹی میٹر
  3. Footnote تیس ہاتھ لمبا تقریباً ساڑھے تیرہ مِیٹر
  4. Footnote چار ہاتھ چوڑا تقریباً ایک مِیٹر اسّی سینٹی مِیٹر
  5. Footnote ایک ایک ہاتھ تقریباً پینتالیس سینٹی مِیٹر
  6. Footnote دس ہاتھ لمبا تقریباً ساڑھے چار مِیٹر
  7. Footnote ڈیڑھ ہاتھ چوڑا تقریباً اڑسٹھ سینٹی مِیٹر

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.