Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
خُروج 24
عہد کی توثیق
تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”تُم اَور تمہارے ساتھ اَہرونؔ نادابؔ اَور اَبِیہُو اَور بنی اِسرائیل کی نَسل کے ستّر رہنما اُوپر یَاہوِہ کے پاس آئیں اَور تُم دُور ہی سے سَجدہ کرنا۔ صِرف مَوشہ ہی یَاہوِہ کے نزدیک آئے دُوسرے نزدیک نہ آئیں۔ نہ ہی اَور لوگ اُن کے ساتھ اُوپر چڑھیں۔“
جَب مَوشہ نے جا کر اُن لوگوں کو یَاہوِہ کی سَب باتیں اَور اَحکام بتائے تو اُنہُوں نے ہم آواز ہوکر جَواب دیا، ”جو کچھ یَاہوِہ نے فرمایاہے ہم بجا لائیں گے۔“ تَب مَوشہ نے ساری باتوں کو جو یَاہوِہ نے فرمائی تھیں لِکھ لیا۔
اَور اگلے دِن صُبح سویرے اُٹھ کر پہاڑ کے دامن میں ایک مذبح بنایا اَور بنی اِسرائیل کے بَارہ قبیلوں کے حِساب سے پتّھر کے بَارہ سُتون نصب کئے۔ تَب مَوشہ نے بنی اِسرائیل کے جَوانوں کو بھیجا اَور اُنہُوں نے سوختنی نذریں چڑھائیں اَور بچھڑوں کو ذبح کرکے سلامتی کی نذر کی قُربانی یَاہوِہ کے حُضُور گزرانی۔ اَور مَوشہ نے آدھا خُون لے کر لگنوں میں رکھا اَور باقی کا آدھا مذبح پر چھڑک دیا۔ پھر مَوشہ نے عہد کی کِتاب کو لیا اَور لوگوں کو پڑھ کر سُنایا اَور اُنہُوں نے جَواب دیا، ”جو کچھ یَاہوِہ نے فرمایاہے ہم بجا لائیں گے اَور تابع رہیں گے۔“
تَب مَوشہ نے وہ خُون لیا اَور اُسے اُن لوگوں پر چھڑک دیا اَور کہا، ”یہ اُس عہد کا خُون ہے جو یَاہوِہ نے اِن سَب باتوں کی بابت تمہارے ساتھ باندھا ہے۔“
پھر مَوشہ اَور اَہرونؔ نادابؔ اَور اَبِیہُو اَور بنی اِسرائیل کے وہ ستّر رہنما اُوپر گیٔے۔ اَور اُنہُوں نے اِسرائیل کے خُدا کو دیکھا۔ اُن کے پاؤں کے نیچے نیلم کے پتّھر کی اینٹوں کا چبوترہ سا تھا جو نیلے آسمان کی مانند شفّاف تھا۔ بنی اِسرائیل کے اِن سربراہوں نے خُدا کو دیکھا لیکن خُدا نے اُنہیں ہلاک نہیں کیا۔ تَب اُنہُوں نے کھایا اَور پیا۔
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”پہاڑ پر میرے پاس آؤ اَور وہیں ٹھہرے رہو۔ میں تُمہیں پتّھر کی تختیاں دُوں گا جِن پر مَیں نے اُن کی تعلیم کے لیٔے آئین کے اَحکام لِکھ دئیے ہیں۔“
تَب مَوشہ اَپنے خادِم یہوشُعؔ کو لے کر روانہ ہُوئے اَور مَوشہ خُدا کے پہاڑ کے اُوپر چڑھ گئے۔ اَور اُنہُوں نے اُن رہنماؤں سے کہا، ”جَب تک ہم لَوٹ کر تمہارے پاس واپس نہ آ جائیں تَب تک تُم ہمارا یہیں اِنتظار کرو۔ اَہرونؔ اَور حُورؔ تمہارے ساتھ ہیں اَور جِس کسی کا کویٔی مُقدّمہ ہو وہ اُن سے رُجُوع کرے۔“
جَب مَوشہ اُوپر پہُنچے تو پہاڑ پر گھٹا چھاگئی۔ اَور یَاہوِہ کا جلال کوہِ سِینؔائی پر آ ٹھہرا۔ اَور پہاڑ پر چھ دِن تک گھٹا چھائی رہی اَور ساتویں دِن یَاہوِہ نے اُس گھٹا میں سے مَوشہ کو پُکارا۔ اَور بنی اِسرائیل کی نگاہ میں پہاڑ کی چوٹی پر یَاہوِہ کے جلال کا منظر بھسم کرنے والی آگ کی مانند تھا۔ اَور مَوشہ اُس گھٹا میں داخل ہوکر اُوپر چڑھ گیٔے اَور چالیس دِن اَور چالیس رات پہاڑ ہی پر رہے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.