Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
خُروج 17
چٹّان سے پانی کا نکلنا
پھر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سِنؔ کے بیابان سے روانہ ہویٔی اَور جَیسا یَاہوِہ نے حُکم دیا جگہ جگہ سفر کرتے ہویٔے رفیدیمؔ میں جا کر پڑاؤ کیا۔ لیکن وہاں لوگوں کے پینے کے لیٔے پانی نہ تھا۔ لہٰذا وہ مَوشہ سے جھگڑا کرکے کہنے لگے، ”ہمیں پینے کے لیٔے پانی دو۔“
مَوشہ نے جَواب دیا، ”تُم مُجھ سے کیوں جھگڑتے ہو اَور یَاہوِہ کو کیوں آزماتے ہو؟“
لیکن وہاں وہ لوگ پیاس کے مارے بیتاب تھے اَور وہ مَوشہ کے خِلاف بُڑبُڑانے لگے اَور کہنے لگے، ”آپ ہمیں اَور ہمارے بچّوں اَور ہمارے چَوپایوں کو پیاسا مارنے کے لیٔے مِصر سے کیوں نکال لائے؟“
تَب مَوشہ نے یَاہوِہ سے مِنّت کی، ”میں اِن لوگوں کے ساتھ کیا کروں؟ وہ تو مُجھے سنگسار کرنے کے درپے ہیں۔“
یَاہوِہ نے مَوشہ کو جَواب دیا، ”لوگوں کے آگے آگے چلتے رہو اَور بنی اِسرائیل کے کچھ بُزرگوں کو اَپنے ساتھ لے لو اَور اَپنا وہ عصا بھی ہاتھ میں لیتے جانا جو تُم نے دریائے نیل پر مارا تھا، اَور دیکھو میں تُم سے پیشتر جا کر وہاں حورِبؔ کی چٹّان پر کھڑا ہُوں گا اَور تُم اُس چٹّان پر اَپنا عصا مارنا تو اُس میں سے لوگوں کے پینے کے لیٔے پانی نکلے گا۔“ لہٰذا مَوشہ نے بنی اِسرائیل کے بُزرگوں کے سامنے یہی کیا۔ اَور اُنہُوں نے اُس جگہ کا نام مَسّہؔ1 اَور مریبہؔ2 رکھا کیونکہ بنی اِسرائیل نے وہاں جھگڑا کیا اَور یہ کہتے ہویٔے یَاہوِہ کو آزمایا، ”یَاہوِہ ہمارے درمیان ہیں یا نہیں؟“
عمالیقیوں کی شِکست
اَور اَیسا ہُوا کہ عمالیقیوں نے رفیدیمؔ میں آکر بنی اِسرائیل پر حملہ کر دیا تَب مَوشہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”ہمارے اَپنے اِنسانوں میں سے کچھ کو چُن لو اَور عمالیقیوں سے لڑنے کے لیٔے جاؤ اَور کل میں خُدا کا عصا اَپنے ہاتھوں میں لے کر پہاڑی کی چوٹی پر کھڑا رہُوں گا۔“
لہٰذا یہوشُعؔ عمالیقیوں سے لڑنے لگے جَیسا مَوشہ نے حُکم دیا تھا اَور مَوشہ، اَہرونؔ اَور حُورؔ پہاڑ کی چوٹی پر چڑھ گیٔے۔ اَور جَب تک مَوشہ اَپنے ہاتھ اُٹھائے رکھتے تھے بنی اِسرائیل غالب آتے لیکن جَب کبھی وہ اَپنے ہاتھ نیچے کرلیتے تو عمالیقی غالب آنے لگتے تھے۔ اَور جَب مَوشہ کے ہاتھ تھک گیٔے تو اُنہُوں نے ایک پتّھر لے کر مَوشہ کے پاس رکھ دیا اَور وہ اُس پر بیٹھ گئے۔ اَور اَہرونؔ اَور حُورؔ دونوں ایک مَوشہ کی ایک طرف سے اَور دُوسرا دُوسری طرف سے مَوشہ کے ہاتھوں کو سنبھالے رہے اَور یُوں اُن کے ہاتھ آفتاب کے غروب ہونے تک اُوپر اُٹھے رہے۔ اَور یہوشُعؔ نے عمالیقیوں کو بزورِ تلوار مغلُوب کر لیا۔
تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اِس بات کو یادگاری کے لیٔے طُومار میں لِکھ دو اَور دیکھنا کہ یہوشُعؔ بھی اُسے سُن لے کیونکہ مَیں صفحۂ ہستی سے عمالیقؔ کا نام و نِشان تک مٹا دُوں گا۔“
اَور مَوشہ نے ایک مذبح بنایا اَور اُس کا نام یَاہوِہ میرا پرچم3 ہیں رکھا۔ اَور اُنہُوں نے کہا اِس لیٔے کہ میرے ہاتھ یَاہوِہ کے تخت کی طرف اُٹھائے گیٔے تھے، ”یَاہوِہ عمالیقیوں کے خِلاف پُشت در پُشت جنگ کرتے رہیں گے۔“
Source notes (3)
- Footnote مَسّہؔ آزمائش
- Footnote مریبہؔ جھگڑا
- Footnote میرا پرچم یعنی یَاہوِہ نِسّی
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.