Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
خُروج 1
بنی اِسرائیل کا ستایا جانا
اِسرائیل کے بیٹوں کے نام جو اَپنے اَپنے گھرانے سمیت یعقوب کے ساتھ مِصر میں آئے وہ یہ ہیں:
رُوبِنؔ، شمعُونؔ، لیوی، یہُوداہؔ؛
یِسَّکاؔر، زبُولُون، بِنیامین؛
دانؔ اَور نفتالی؛
گادؔ اَور آشیر۔
اَور یعقوب کی نَسل کی کُل تعداد ستّر تھی، اَور یُوسیفؔ تو پہلے ہی مِصر میں تھے۔
اَور یُوسیفؔ اَور اُن کے سَب بھایٔی اَور وہ ساری پُشت فنا ہو گئی۔ لیکن بنی اِسرائیل سرفراز ہویٔے اَور افزائشِ نَسل کے باعث خُوب بڑھے اَور شُمار میں اِس قدر زِیادہ ہو گئے کہ وہ مُلک اُن سے بھر گیا۔
اُس وقت ایک نیا بادشاہ، جو یُوسیفؔ کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا تھا، مِصر پر حُکمراں ہو چُکاتھا۔ ”دیکھو،“ اُس نے اَپنے لوگوں سے کہا، ”ہمارے مُقابلہ میں بنی اِسرائیل کی تعداد بہت زِیادہ ہو گئی ہے۔ پس آؤ ہم اُن کے ساتھ ہوشیاری سے کام لیں، ورنہ اگر جنگ چھڑ گئی، تو وہ ہمارے دُشمنوں کے ساتھ مِل جایٔیں گے، اَور ہمارے خِلاف لڑیں گے اَور مُلک سے نکل جایٔیں گے۔“
لہٰذا اُنہُوں نے اُن پر بیگار لینے والے سرداروں کو مُقرّر کیا تاکہ اُن سے سخت کام لے کر اُن کو ستائیں اَور اُنہُوں نے فَرعوہؔ کے ذخیروں کے لیٔے شہر پِتومؔ اَور رَعمسیسؔ بنائے۔ لیکن اِسرائیلی جِس قدر زِیادہ ستائے گیٔے، اُسی قدر اُن کی تعداد اَور زِیادہ بڑھی اَور وہ پھیلتے چلے گیٔے۔ لہٰذا مِصری اُن سے خوف کھانے لگے۔ مِصری غُلام اِسرائیلیوں سے اَور بھی زِیادہ سختی سے کام لینے لگے۔ اَور اُنہُوں نے اُن سے اینٹیں اَور گارا بنوا بنوا کر اَور کھیتوں میں ہر قِسم کی خدمت لے کر اُن کی زندگیاں تلخ کر دیں، اَور اُن کی ساری محنت اَور مشقّت میں مِصری اُن پر تشدّد کرتے تھے۔
اَور مِصر کے بادشاہ نے عِبرانی دائیوں، کو جِن کے نام شِفرہؔ اَور پُوعہؔ تھے کہا، ”جَب تُم عِبرانی عورتوں کو بچّہ پیدا کرنے میں مدد کرو اَور اُنہیں وضعِ حَمل کی تِپائی پر بیٹھی دیکھو تو اگر لڑکا ہو تو اُسے مار ڈالنا؛ لیکن اگر لڑکی ہو تو، اُسے زندہ رہنے دینا۔“ مگر اُن دائیوں نے خُدا کا خوف کرتے ہویٔے، اَیسا کام نہ کیا جو مِصر کے بادشاہ نے اُنہیں کرنے کے لیٔے حُکم دیا تھا؛ بَلکہ اُنہُوں نے لڑکوں کو زندہ رہنے دیا۔ تَب مِصر کے بادشاہ نے اُن دائیوں کو طلب کیا اَور اُن سے بازپُرس کی، ”تُم نے اَیسا کیوں کیا؟ تُم نے لڑکوں کو کیوں زندہ رہنے دیا؟“
اُن دائیوں نے فَرعوہؔ کو جَواب دیا، ”عِبرانی عورتیں مِصری عورتوں کی مانند نہیں ہیں؛ وہ اَیسی توانا ہوتی ہیں، دائیوں کے آنے سے پیشتر ہی بچّہ پیدا کر لیتی ہیں۔“
پس خُدا اُن دائیوں پر مہربان تھا، اَور لوگ بڑھتے چلے گیٔے اَور تعداد میں اَور بھی زِیادہ ہو گئے۔ اَور چونکہ دائیوں نے خُدا کا خوف مانا، اِس لیٔے خُدا نے اُنہیں بھی بال بچّے والیاں بنا دیا۔
تَب فَرعوہؔ نے اَپنے تمام لوگوں کو یہ حُکم دیا: ”ہر اِسرائیلی لڑکا جو پیدا ہو وہ ضروُر دریائے نیل میں پھینک دیا جائے۔ لیکن ہر ایک لڑکی کو زندہ رہنے دیا جائے۔“
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.