Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
ایسترؔ 8
یہُودیوں کے حق میں فرمان کا جاری ہونا
احسویروسؔ بادشاہ نے اُسی دِن یہُودیوں کے دُشمن ہامانؔ کی جاگیر ملِکہ ایسترؔ کو عطا فرمائی اَور مردکیؔ بادشاہ کی خدمت مَیں حاضِر ہُوا کیونکہ ایسترؔ نے بادشاہ کو بتا دیا تھا کہ مردکیؔ کا اُس کے ساتھ رشتہ کیا ہے۔ بادشاہ نے اَپنی انگُوٹھی اُتاری جو اُس نے ہامانؔ سے واپس لے لی تھی اَور مردکیؔ کو دے دی اَور ملِکہ ایسترؔ نے مردکیؔ کو ہامانؔ کی جاگیر پر بطور مختار مامُور کر دیا۔
ایسترؔ نے بادشاہ کے قدموں پر گِر کر روتے ہُوئے یہ مِنّت بھی کی کہ یہُودیوں کو ہلاک کروانے کا منصُوبہ جو اگاگی ہامانؔ نے بنایا تھا ردّ کیا جائے۔ تَب بادشاہ نے اَپنا طلائی عصائے شاہی ایسترؔ کی طرف بڑھایا۔ وہ اُٹھی اَور بادشاہ کے سامنے کھڑی ہو گئی۔
اَور کہنے لگی، ”اگر بادشاہ سلامت مُجھ سے راضی ہیں اَور مَیں اُن کی منظورِ نظر ہُوں تو کیا بادشاہ سلامت میری یہ درخواست بھی قبُول فرمائیں گے کہ وہ اَحکام منسُوخ کئے جایٔیں جنہیں ہامانؔ بِن ہمّداتھاؔ اگاگی نے اُن سَب یہُودیوں کو جو بادشاہ کی مملکت کے مُختلف صوبوں میں بسے ہُوئے ہیں ہلاک کرنے کے لیٔے جاری کیا تھا؟ بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ میں اَپنی آنکھوں سے اَپنی قوم کے لوگوں کو تباہ ہوتے ہُوئے دیکھوں؟ میں اَپنے رشتہ داروں کی ہلاکت کیسے برداشت کر سکتی ہُوں؟“
بادشاہ احسویروسؔ نے ملِکہ ایسترؔ اَور یہُودی مردکیؔ سے کہا: ”کیونکہ ہامانؔ نے یہُودیوں کو اَپنا نِشانہ بنانا چاہا تھا مَیں نے ہامانؔ کا گھر لے کر ایسترؔ کو دے دیا اَور ہامانؔ کو سُولی پر ٹنگوا دیا۔ اَب تُم بھی ایک فرمان بادشاہ کے نام سے یہُودیوں کے بارے میں جَیسا تُمہیں مُناسب مَعلُوم ہو تیّار کرو۔ اُس پر میری انگُوٹھی کی مُہر لگائی جائے کیونکہ جو فرمان بادشاہ کی انگُوٹھی کی مُہر کے ساتھ جاری کیا جاتا ہے اُسے کویٔی ردّ نہیں کر سَکتا۔“
اُسی وقت یعنی تیسرے مہینے سیوانؔ کی تئیسویں تاریخ کو شاہی مُنشی بُلائے گیٔے۔ اُنہُوں نے مردکیؔ کے اَحکام تحریر کئے جو یہُودیوں اَور ہندوستانؔ سے کُوشؔ تک کے ایک سَو ستّائیس صوبوں کے حاکموں اَور اُمرا کے نام تھے۔ یہ اَحکام ہر صُوبہ کی زبان میں جو لوگوں میں اُس وقت رائج تھی لکھے گیٔے اَور یہُودیوں کو اُن کی زبان اَور اُن کے رسمُ الخط میں لِکھ کر بھیجے گیٔے۔ مردکیؔ کے یہ تحریری اَحکام شاہ احسویروسؔ کے نام سے جاری کئے گیٔے اَور اُنہیں بھیجنے سے پہلے اُن پر شاہی انگُوٹھی سے مُہر لگائی گئی۔ اُن اَحکام کو سرکاری ہرکارے عُمدہ نَسل کے تیز رفتار گھوڑوں پرجو بادشاہ کے لیٔے پالے جاتے تھے لے کر روانہ ہُوئے۔
بادشاہ نے اِن اَحکام کے ذریعہ ہر شہر کے یہُودیوں کو اِجازت دی کہ وہ اَپنے دفاع کے لیٔے اِکٹھّے ہوکر لڑ سکتے ہیں اَور ہر مُسلّح فَوج کو خواہ وہ کسی قوم کی ہو جو اُن پر، اُن کی بیویوں اَور اُن کے بال بچّوں پر حملہ کرے ہلاک کرکے نابود کر دیں اَور اُن کا مال و اَسباب لُوٹ لیں۔ یہُودیوں کو اَیسا اقدام کرنے کی اِجازت صِرف ایک دِن کے لیٔے تھی۔ اِس کے لیٔے بارہویں مہینے یعنی آدارؔ کی تیرہویں تاریخ مُقرّر کی گئی اَور اِس کا اطلاق بادشاہ احسویروسؔ کے تمام صوبوں پر تھا۔ اِس فرمان کو ایک قانُون کی حیثیت دی گئی اَور اُس کی نقل ہر صُوبہ میں مُشتہر کی گئی تاکہ ہر قوم کے لوگ اُس سے آگاہ ہو جایٔیں اَور اُس دِن یہُودی اَپنے دُشمنوں سے اِنتقام لینے کے لیٔے تیّار رہیں۔
بادشاہ کے حُکم کے مُطابق سرکاری ہرکارے شاہی گھوڑوں پر سوار ہوکر تیزی سے روانہ ہُوئے اَور یہ فرمان شُوشنؔ کے قلعہ میں بھی مُشتہر کیا گیا۔
یہُودیوں کی فتح
جَب مردکیؔ بادشاہ کے حُضُور سے باہر نِکلا تو وہ نیلے اَور سفید رنگ کا شاہانہ لباس، سونے کا بڑا سا تاج اَور باریک کتان کا اَرغوانی شاہی لباس پہنے ہُوئے تھا۔ سارے شُوشنؔ شہر میں جَشن کا ماحول تھا۔ یہُودیوں کے لیٔے یہ خُوشی اَور خُرّمی کا موقع تھا کیونکہ اُنہیں بڑی عزّت اَور شادمانی حاصل ہُوئی تھی۔ ہر صُوبہ اَور شہر میں جہاں بھی بادشاہ کا یہ فرمان پہُنچا یہُودیوں میں خُوشی اَور شادمانی کی لہر دَوڑ گئی، ضیافتیں ہُوئیں اَور عید منائی گئی۔ یہُودیوں کے خوف سے کیٔی قوموں کے لوگ یہُودی ہو گئے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.