Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

اِستِثنا 27

کوہِ عیبالؔ کا مذبح

پھر مَوشہ اَور بنی اِسرائیل کے بُزرگوں نے لوگوں کو حُکم دیا: ”یہ سَب اَحکام جو آج کے دِن میں تُمہیں دے رہا ہُوں اُنہیں ماَننا۔ جَب تُم دریائے یردنؔ پار کرکے اُس مُلک میں پہُنچو جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں، تَب چند بڑے بڑے پتّھر کھڑے کرکے اُن پر چُونا پوت دینا، اَور جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہوکر یردنؔ پار پہُنچ جاؤ، تو اُن پتّھروں پر اِس آئین کی سَب باتیں لِکھنا، جِس مَیں یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا کے وعدہ کے مُطابق دُودھ اَور شہد کی بھرپوری ہے، جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں۔ اَور جَب تُم یردنؔ پار کر چُکو تو جَیسا مَیں نے آج تُمہیں حُکم دیا ہے اُسی کے مُطابق اُن پتّھروں کو کوہِ عیبالؔ پر نصب کردینا اَور اُن پر چُونا پوتنا۔ اَور وہاں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے پتّھروں کا ایک مذبح بنانا لیکن اُن پر لوہے کا کویٔی اوزار اِستعمال نہ کرنا۔ یَاہوِہ اَپنے خُدا کا مذبح بے تراشے پتّھروں سے بنانا اَور اُس پر یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے سوختنی نذر پیش کرنا۔ اَور وہیں سلامتی کی نذریں گزراننا اَور اُنہیں کھانا اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور خُوشی منانا۔ اَور اُن پتّھروں پر جنہیں تُم نصب کروگے آئین کی اِن باتوں کو صَاف صَاف لِکھنا۔“

کوہِ عیبالؔ پر سے لعنتیں

پھر مَوشہ اَور لیوی کاہِنوں نے تمام بنی اِسرائیل سے فرمایا، ”اَے اِسرائیل! خاموش ہو جا اَور سُن! تُم اَب یَاہوِہ اَپنے خُدا کی قوم بَن گیٔے ہو۔ یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت کرو اَور اُن کے اَحکام اَور قوانین پرجو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں عَمل کرو۔“

اَور اُسی دِن مَوشہ نے لوگوں کو حُکم دیا،

جَب تُم یردنؔ پار کر چُکو، تو شمعُونؔ، لیوی، یہُوداہؔ، یِسَّکاؔر، یُوسیفؔ اَور بِنیامین کے قبیلے لوگوں کو برکت دینے کے لیٔے کوہِ گِرزِیمؔ پر کھڑے ہو جایٔیں۔ اَور رُوبِنؔ، گادؔ، آشیر، زبُولُون، دانؔ اَور نفتالی کے قبیلے لعنت کرنے کے لیٔے کوہِ عیبالؔ پر کھڑے ہو جایٔیں۔

اَور لیوی سَب اِسرائیلی لوگوں کے سامنے بُلند آواز سے یہ اعلان کریں:

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنی صنعت کاری سے اَیسی بُت تراشے یا بُت ڈھالے جو یَاہوِہ کی نظر میں مکرُوہ ہے اَور اُسے کسی پوشیدہ جگہ میں نصب کرے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنے باپ یا ماں کو بے عزّت کرے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنے ہمسایہ کی سرحد کا پتّھر کھسکائے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو کسی نابینا شخص کو راستہ سے گُمراہ کرے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو کسی پردیسی، یتیم یا بِیوہ کو اِنصاف سے محروم رکھّے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنے باپ کی سابقہ بیوی سے ہم بِستری کرے کیونکہ وہ اَپنے باپ کے مال پر ہاتھ ڈالتا ہے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو کسی جانور کے ساتھ جنسی تعلّقات رکھّے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنی سَوتیلی بہن سے صحبت کرے خواہ وہ اُس کے باپ کی بیٹی ہو خواہ اُس کی ماں کی بیٹی ہو۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنی ساس کے ساتھ صحبت کرے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنے ہمسایہ کو پوشیدگی میں مار ڈالے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو کسی بےگُناہ کو قتل کرنے کے لیٔے رشوت لے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اِس آئین کی باتوں پر عَمل کرنے کے لیٔے اُن پر قائِم نہ رہے۔“

تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.