Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

اِستِثنا 26

پہلے پھل اَور دہ یکیاں

جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جاؤ، جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں مِیراث کے طور پر دے رہے ہیں اَور اُس پر قبضہ کرکے اُس میں بس جاؤ، تَب جو مُلک یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں، اُن کی زمین میں جو کچھ تُم اُگاؤ، تو اُن سَب کے کچھ پہلے پھل ٹوکری میں رکھ کر اُس جگہ لے جانا جو یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے نام کے قِیام کے واسطے مُنتخب کریں گے۔ اَور اُس وقت کے کاہِنؔ کے پاس جا کر اُس سے یہ کہنا، ”آج کے دِن میں یَاہوِہ تمہارے خُدا کے حُضُور اقرار کرتا ہُوں کہ میں اُس مُلک میں آ چُکا ہُوں جسے دینے کی قَسم یَاہوِہ نے ہمارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی۔“ تَب کاہِنؔ تمہارے ہاتھ سے ٹوکری لے کر اُسے یَاہوِہ تمہارے خُدا کے مذبح کے سامنے رکھ دے۔ تَب تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور یُوں کہنا: ”میرے آباؤاَجداد ایک خانہ بدوش ارامی تھے جو چند لوگوں کے ساتھ مِصر میں پردیسی ہوکر گیٔے تھے اَور وہاں بس گیٔے اَور اُن سے ایک بڑی قوم بَن گئی جو نہایت زورآور اَور کثیرُالتعداد تھی لیکن مِصریوں نے ہمارے ساتھ بُرا سلُوک کیا اَور ہمیں اَذیّت پہُنچائی، اَور ہم سے سخت خدمت لی۔ تَب ہم نے یَاہوِہ ہمارے آباؤاَجداد کے خُدا سے فریاد کی اَور یَاہوِہ نے ہماری آواز سُنی اَور ہماری مُصیبت محنت اَور مظلومی دیکھی۔ چنانچہ یَاہوِہ نے اَپنے قوی ہاتھ اَور پھیلے ہویٔے بازو سے بڑے معجزوں اَور حیرت اَنگیز نِشانات اَور عجائب کے ساتھ ہمیں مِصر سے باہر نکالا۔ اَور یَاہوِہ نے ہمیں اِس جگہ پر لاکر ہمیں یہ مُلک عطا فرمایا جِس میں دُودھ اَور شہد کی بھرپوری ہے۔ اِس لیٔے اَب اَے یَاہوِہ دیکھو، جو زمین آپ نے مُجھے عطا فرمائی ہے، اُس کا پہلا پھل مَیں آپ کے پاس لے آیا ہُوں۔“ پھر تُم اُس ٹوکری کو یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور رکھ دینا اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کو سَجدہ کرنا۔ اَور تُم اَور لیوی اَور تمہارے ساتھ رہنے والے پردیسی، سَب مِل کر اُن سَب نِعمتوں کے لیٔے جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں اَور تمہارے خاندان کو بخشا ہے، خُوشی منانا۔

جَب تُم تیسرے سال جو دہ یکی کا سال ہے اَپنی پیداوار کا دسواں حِصّہ الگ کر چُکو، تو اُسے لیوی، پردیسی، یتیم اَور بِیوہ کو دے دینا تاکہ وہ اُسے تمہارے شہروں میں کھایٔیں اَور مطمئن ہوں۔ تَب تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور یُوں کہنا: ”مَیں نے آپ کے سَب اَحکام کے مُطابق مُقدّس حِصّہ اَپنے گھر سے نکالا اَور اُسے لیوی، پردیسی، یتیم اَور بِیوہ کو دے دیا ہے۔ مَیں نے آپ کے کسی حُکم کو نہیں ٹالا ہے اَور نہ ہی اُنہیں بھُلایا ہے۔ مَیں نے اَپنے ماتم کے دِنوں میں بھی مُقدّس حِصّہ میں سے کچھ نہ کھایا اَور نہ ہی مَیں نے اُنہیں ناپاکی کی حالت میں الگ کیا اَور نہ مَیں نے اُس میں سے کچھ مُردوں کو نذر کی۔ مَیں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت کی ہے اَور آپ کے ہر حُکم کے مُطابق عَمل کیا ہے۔ آسمان پر سے جو آپ کی مُقدّس قِیام گاہ ہے نظر کریں اَور اَپنی قوم اِسرائیل کو اَور اُس مُلک کو برکت دیں، جسے آپ نے اُس وعدہ کے مُطابق ہمیں عنایت کیا ہے جِس میں دُودھ اَور شہد کی بھرپوری ہے اَور جِس کو آپ نے اُس قَسم کے مُطابق جو آپ نے ہمارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی ہمیں عطا کیا ہے۔“

یَاہوِہ کے اَحکام پر عَمل کرنا

یَاہوِہ تمہارے خُدا، آج تُمہیں اِن قوانین اَور آئین کو ماننے کا اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے اُن پر عَمل کرنے کا حُکم دے رہے ہیں۔ تُم نے آج کے دِن اقرار کیا ہے کہ یَاہوِہ ہی تمہارے خُدا ہیں اَور تُم اُن کی راہوں پر چلوگے اَور تُم اُن کے قوانین، اَحکام اَور آئین کو مانوگے اَور اُن کی اِطاعت کروگے۔ اَور یَاہوِہ نے بھی آج کے دِن تُمہیں اَپنے وعدہ کے مُطابق اَپنی خاص قوم اَور بیش قیمت مِیراث قرار دیا ہے تاکہ تُم اُن کے تمام اَحکام کو مانو۔ یَاہوِہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ سَب قوموں میں سے جو اُن کی بنائی ہُوئی ہیں، وہ تُمہیں تعریف، شہرت اَور عزّت میں ممتاز کریں گے اَور اُن کے وعدہ کے مُطابق تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی مُقدّس قوم بَن جاؤگے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.