Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
عامُوسؔ 7
ٹِڈّیاں، آگ اَور ایک ساہول
یَاہوِہ قادر نے مُجھے یہ دِکھایا: شاہی حِصّے کی فصل کٹنے کے بعد، جَب دُوسری فصل آنے والی تھی، تَب یَاہوِہ ٹِڈّیوں کا ایک غول تیّار کر رہے تھے۔ جَب ٹِڈّیاں زمین کی سَب گھاس کو بالکُل چٹ کر گئیں، تَب مَیں نے زور سے چِلّاکر فریاد کی، ”اَے یَاہوِہ قادر، مُعاف کریں، یعقوب کیسے زندہ رہ سَکتا ہے؟ وہ تو بہت ہی چھوٹاہے!“
پس یَاہوِہ نے رحم کیا اَور اَپنے کام کو روک دیا۔
اَور فرمایا، ”اَب اَیسا نہیں ہوگا۔“
یَاہوِہ قادر نے مُجھے یہ دِکھایا: یَاہوِہ قادر نے اِنصاف کرنے کے لیٔے آگ کو بُلایا۔ اَور اُس آگ نے گہرے سمُندر کو سُکھا دیا اَور زمین کو نگل گئی۔ تَب مَیں چِلّایا، ”اَے یَاہوِہ قادر، مَیں آپ سے مِنّت کرتا ہُوں، اِسے روک دیجئے! یعقوب کیسے زندہ رہ سَکتا ہے؟ وہ تو بہت ہی چھوٹاہے۔“
تَب یَاہوِہ نے اُس آفت کو ٹال دیا،
اَور پھر یَاہوِہ قادر نے فرمایا، ”اَب اَیسا نہیں ہوگا۔“
پھر خُداوؔند نے مُجھے یہ دِکھایا: خُداوؔند اَپنے ایک ہاتھ میں ایک ساہول لئے ہُوئے ساہول کی ایک دیوار پر کھڑے ہیں۔ اَور یَاہوِہ نے مُجھ سے پُوچھا، ”اَے عامُوسؔ، تُمہیں کیا دِکھائی دے رہاہے؟“
مَیں نے جَواب دیا، ”ایک ساہول،“
تَب خُداوؔند نے مُجھ سے فرمایا، ”دیکھو، مَیں اَپنی قوم بنی اِسرائیل میں ساہول لگاؤں گا اَور اَب مَیں اُن کو سزا دئیے بغیر نہ چھوڑوں گا۔
”اِصحاقؔ کے اُونچے مقامات تباہ کئے جایٔیں گے
اَور بنی اِسرائیل کے مُقدّس مقام ویران ہو جایٔیں گے؛
اَور مَیں تلوار لے کر بنی یرُبعامؔ پر حملہ کروں گا۔“
عامُوسؔ اَور اماضیاہؔ
تَب بیت ایل کے کاہِنؔ اماضیاہؔ نے شاہِ اِسرائیل یرُبعامؔ کو خبر بھیجی: ”عامُوسؔ نبی بنی اِسرائیل کے دِل میں آپ کے خِلاف فتنہ کھڑا کر رہاہے۔ مُلک اُس کی سَب باتوں کو برداشت نہیں کر سَکتا۔ کیونکہ عامُوسؔ یُوں کہہ رہاہے،
” ’یرُبعامؔ تلوار سے ماراجائے گا،
اَور بنی اِسرائیل یقیناً! اَپنے وطن سے دُور ہوکر
اسیری میں چلا جائے گا۔‘ “
تَب اماضیاہؔ نے عامُوسؔ سے کہا، ”اَے نبی یعنی غیب کی باتیں کہنے والے، یہاں سے دفع ہو جا، اَور مُلکِ یہُودیؔہ کو بھاگ جا، وہیں اَپنی روٹی کما اَور وہیں اَپنی نبُوّت کر۔ اَب بیت ایل میں اَور نبُوّت نہ کرنا کیونکہ یہ بادشاہ کا پاک مَقدِس اَور سلطنت کی عبادت گاہ ہے۔“
عامُوسؔ نبی نے اماضیاہؔ کو جَواب دیا، ”مَیں نہ نبی تھا اَور نہ نبی کا بیٹا ہُوں، مَیں تو ایک چرواہا اَور گُولر کے درختوں کی دیکھ بھال کرنے والا تھا۔ لیکن یَاہوِہ نے مُجھے ریوڑ کی دیکھ بھال کرنے کے کام سے بُلاکر مُجھ سے فرمایا، ’جاؤ، میری قوم بنی اِسرائیل سے نبُوّت کرو۔‘ اِس لئے اَب تُم یَاہوِہ کا کلام سُن، تُم کہتے ہو،
” ’بنی اِسرائیل کے خِلاف نبُوّت نہ کر،
اَور بنی اِصحاقؔ کے خِلاف کلام کرنا بند کر۔‘
”اِس لیٔے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
” ’تمہاری بیوی شہر میں فاحِشہ بَن جائے گی،
اَور تمہارے بیٹے اَور بیٹیاں تلوار سے قتل کئے جایٔیں گے۔
تمہاری زمین ناپ کر تقسیم کی جائے گی،
اَور تُم خُود ایک بُت پرست مُلک میں مروگے۔
اَور یقیناً بنی اِسرائیل اَپنے وطن سے دُور،
جَلاوطنی میں چلا جائے گا۔‘ “
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.