Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 شموایلؔ 24

داویؔد کا مَرد شُماری کرنا

یَاہوِہ کا غُصّہ اِسرائیل کے خِلاف ایک دفعہ پھر بھڑکا اَور اُنہُوں نے داویؔد کو یہ کہہ کر اُبھارا کہ، ”جا کر بنی اِسرائیل اَور یہُوداہؔ کی مردُم شماری کر۔“

پس بادشاہ نے یُوآبؔ اَور اُس کے ساتھ فَوج کے سپہ سالاروں سے کہا، ”دانؔ سے لے کر بیرشبعؔ تک بنی اِسرائیل کے تمام قبیلوں میں جاؤ اَور اُن لوگوں کا شُمار کرو جو جنگ کرنے کے قابل ہُوں تاکہ مُجھے مَعلُوم ہو کہ اَیسے کتنے آدمی ہیں۔“

لیکن یُوآبؔ نے بادشاہ کو جَواب دیا کہ، ”داویؔد تمہارا یَاہوِہ اُن لوگوں کو سَو گُنا بڑھائے اَور میرے آقا بادشاہ کی آنکھیں اُنہیں دیکھیں۔ لیکن میرے آقا بادشاہ نے اَیسا اِرادہ کس غرض سے کیا ہے؟“

مگر یُوآبؔ اَور فَوج کے سپہ سالاروں کو بادشاہ کا حُکم ماَننا پڑا۔ لہٰذا وہ بادشاہ کے حُضُور سے نکلے تاکہ بنی اِسرائیل کے اَیسے لوگوں کا شُمار کریں جو جنگ کے قابل ہُوں۔

اَور وہ دریائے یردنؔ کو پار کرنے کے بعد عروعؔر کے قریب تنگ گھاٹی میں اُس شہر کے جُنوب میں خیمہ زن ہُوئے۔ پھر گادؔ سے گزر کر آگے یعزیرؔ چلے گیٔے۔ اَور پھر وہ گِلعادؔ اَور تحتیمؔ حُدشی کے علاقہ سے گزر کر آگے دانؔ یعن آئے اَور چکّر کاٹ کر صیدونؔ کی جانِب روانہ ہو گئے۔ پھر وہ صُورؔ کے قلعہ کی طرف اَور حِوّیوں اَور کنعانیوں کے تمام شہروں سے ہوتے ہُوئے آخِر میں یہُوداہؔ کے جُنوب میں آگے بیرشبعؔ جا پہُنچے۔

سارے مُلک میں گشت کرنے کے بعد وہ نَو مہینے اَور بیس دِن میں یروشلیمؔ واپس آئے۔

اَور یُوآبؔ نے اُن لوگوں کی تعداد جو جنگ کرنے کے قابل تھے بادشاہ کو بتایٔی۔ اِسرائیل میں آٹھ لاکھ تندرست و توانا آدمی تھے جو شمشیر زنی کر سکتے تھے اَور یہُوداہؔ میں اَیسے آدمیوں کی تعداد پانچ لاکھ تھی۔

اَور جنگی مَردوں کی گِنتی کرنے کے بعد داویؔد کے ضمیر نے اُسے پشیمان کیا اَور داویؔد نے یَاہوِہ سے کہا، ”مَیں نے اَیسا کرکے بڑا سنگین گُناہ کیا ہے، اَب اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی مِنّت کرتا ہُوں کہ آپ اَپنے خادِم کا سنگین گُناہ دُور کر دیں کیونکہ مَیں نے یہ بڑی حماقت کی ہے۔“

اگلی صُبح داویؔد کے اُٹھنے سے پیشتر، یَاہوِہ کا کلام گادؔ نبی پر، جو داویؔد کا غیب بین تھا نازل ہُوا کہ: ”جا اَور داویؔد کو بتا، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ مَیں تیرے سامنے تین بَلائیں لاتا ہُوں۔ اُن میں سے ایک چُن لے جسے مَیں تُجھ پر نازل کروں۔‘ “

لہٰذا گادؔ نے داویؔد کے پاس جا کر اُسے بتایا اَور پُوچھا، ”کیا آپ کے مُلک میں تین سال کا قحط ہو؟ یا جَب آپ کے دُشمن آپ کا تعاقب کریں تو آپ تین مہینے تک اُن سے بھاگتے پھرے؟ یا آپ کے مُلک میں تین دِن تک وَبا پھیلے؟ اِس لئے اَب آپ خُوب سوچ لینا اَور فیصلہ کرنا کہ مُجھے بتائیں کہ مَیں اَپنے بھیجنے والے کو کیا جَواب دُوں؟“

داویؔد نے گادؔ سے کہا، ”میں بڑی کشمش میں ہُوں۔ بہتر ہے کہ ہم یَاہوِہ کے ہاتھوں میں پڑیں کیونکہ اُن کی رحمتیں عظیم ہیں۔ لیکن مُجھے اِنسان کے ہاتھوں میں پڑنا منظُور نہیں۔“

سَو یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل پر اُس صُبح سے لے کر مُقرّرہ مُدّت کے خاتِمہ تک وَبا بھیجی اَور دانؔ سے بیرشبعؔ تک ستّر ہزار لوگ موت کے شِکار ہو گئے۔ اَور جَب فرشتہ نے یروشلیمؔ کو تباہ کرنے کے لیٔے اَپنا ہاتھ بڑھایا تو اِس تباہی سے یَاہوِہ ملُول ہُوئے اَور اُنہُوں نے اُس فرشتہ سے جو لوگوں کو ہلاک کر رہاتھا کہا، ”بس کر! اَپنا ہاتھ روک لے۔“ اُس وقت یَاہوِہ کا فرشتہ یبُوسی اُرنانؔ کے کھلیان میں تھا۔

جَب داویؔد نے اُس فرشتہ کو جو لوگوں کو مار رہاتھا دیکھا تو اُس نے یَاہوِہ سے کہا، ”گُناہ تو مَیں نے کیا ہے اَور خطا تو مُجھ چرواہے سے ہُوئی ہے اَور یہ تو محض بھیڑیں ہیں۔ اُنہُوں نے کیا کیا ہے؟ لہٰذا آپ کا ہاتھ مُجھ پر اَور میرے گھرانے پر پڑے۔“

داویؔد کا ایک مذبح تعمیر کرنا

اُسی دِن گادؔ نے داویؔد کے پاس جا کر اُن سے کہا، ”جا اَور یبُوسی اُرنانؔ کے کھلیان میں یَاہوِہ کے لیٔے ایک مذبح تعمیر کر۔“ لہٰذا داویؔد جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُسے گادؔ کی مَعرفت حُکم دیا تھا۔ جَب اُرنانؔ نے نگاہ اُٹھائی تو دیکھا کہ بادشاہ اَور اُن کے اہلکار اُس کی طرف چلے آ رہے ہیں۔ وہ فوراً باہر نِکلا اَور زمین پر مُنہ رکھ کر بادشاہ کو سَجدہ کیا۔

اُرنانؔ نے کہا، ”میرا آقا بادشاہ اَپنے خادِم کے پاس کس لیٔے آئے ہیں؟“

داویؔد نے جَواب دیا، ”تیرا کھلیان خریدنے کے لیٔے تاکہ میں یَاہوِہ کے لیٔے ایک مذبح بنا سکوں۔ تَب لوگوں پر آئی ہُوئی وَبا رُک جائے گی۔“

اُرنانؔ نے داویؔد سے کہا، ”میرا آقا بادشاہ جو کچھ آپ کو پسند ہے لے لیں اَور نذر چڑھائیں۔ یہاں سوختنی نذر کے لیٔے بَیل ہیں اَور ایندھن کے لیٔے گاہنے کا اوزار گٹھّا اَور بَیلوں کے جُوئے بھی ہیں۔ اَے بادشاہ! اُرنانؔ یہ سَب بادشاہ کو دیتاہے۔“ اروناہؔ نے یہ بھی کہا، ”میری دعا ہے کہ یَاہوِہ آپ کا خُدا آپ کو قبُول فرمائیں۔“

لیکن بادشاہ نے اُرنانؔ کو جَواب دیا، ”نہیں، مَیں تُجھے قیمت اَدا کرنے پر اِس لیٔے بضِد ہُوں کہ مَیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور میں اَیسی سوختنی نذریں نہیں پیش کروں گا جِن پر میرا کچھ خرچ نہ ہُوا ہو۔“

لہٰذا داویؔد نے وہ کھلیان اَور وہ بَیل پچاس ثاقل چاندی اَدا کرکے خرید لیٔے۔ اَور داویؔد نے یَاہوِہ کے لیٔے وہاں ایک مذبح تعمیر کیا اَور سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں چڑھائیں۔ تَب یَاہوِہ نے اُس مُلک کے بارے میں کی گئی دعا کا جَواب دیا اَور اِسرائیل سے وہ وَبا جاتی رہی۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.