Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 سلاطین 7

تَب الِیشعؔ نے فرمایا، ”یَاہوِہ کا پیغام سُنو۔ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ کل اِسی وقت کے قریب سامریہؔ کے پھاٹک پر چاندی کے ایک سِکّے میں تین کِلو1 مَیدہ اَور چاندی کے ایک سِکّے میں چھ کِلو جَو2 فروخت کیا جایٔےگا۔“

تَب اُس شاہی افسر نے جو بادشاہ کا خاص شخص تھا، مَرد خُدا سے کہا، ”اگر خُود یَاہوِہ آسمان کی کھڑکیاں بھی کھول دیں، تَب بھی اَیسا ہونا ممکن ہے کیا؟“

مگر الِیشعؔ نے اُسے جَواب دیا، ”تُم خُود اِسے اَپنی آنکھوں سے تو دیکھوگے، مگر تُم اُس میں سے کچھ بھی کھانے نہ پاؤگے۔“

محاصرہ سے آزادی

اُس وقت شہر کے داخلہ پھاٹک پر چار کوڑھی تھے۔ اُنہُوں نے آپَس میں مشورہ کیا، شہر میں خُوراک ختم ہو گئی ہے، ”تو ہم یہاں بیٹھ کر اَپنی موت کا اِنتظار کیوں کریں؟ اگر ہم کہیں، ’ہم شہر کے اَندر جایٔیں گے،‘ تو وہاں قحط ہے اَور ہم مَر جایٔیں گے۔ اَور اگر ہم یہاں بیٹھے رہیں تو بھی مَر جایٔیں گے۔ چنانچہ آؤ ہم ارامیوں کی چھاؤنی میں جایٔیں اَور خُود کو اُن کے حوالہ کر دیں۔ اَور اگر وہ رحم کھا کر ہمیں بخش دیں تو ہم زندہ رہیں گے؛ اَور اگر وہ ہمیں قتل کر دیں تو کیا، ہمیں تو وَیسے ہی مَرنا ہی ہے۔“

لہٰذا شام کے وقت میں وہ چاروں اُٹھے اَور ارامیوں کی چھاؤنی کی طرف چل دئیے۔ اَور جَب وہ ارامیوں کی چھاؤنی کے پاس پہُنچے تو دیکھا کہ وہاں کویٔی بھی نہ تھا، کیونکہ یَاہوِہ نے ارامی فَوج کو رتھوں اَور گھوڑوں اَور ایک لشکر جبّار اُن کے نزدیک پہُنچنے کی آواز سُنوایٔی تھی۔ اِس لیٔے اُنہُوں نے آپَس میں مشورت کی دیکھو، ”شاہِ اِسرائیل نے ہم پر حملہ کرنے کے لیٔے حِتّیوں اَور مِصریوں کے بادشاہوں کو اُجرت پر بُلایا ہے۔“ لہٰذا ارامی فَوج خوفزدہ ہوکر شام کو ہی اَپنے خیمے، گھوڑے اَور گدھوں کو چھوڑکر فرار ہو گیٔے۔ وہ اَپنی جان بچا کر اَپنے کو جَیسا تھا وَیسا چھوڑکر فرار ہو گیٔے۔

جَب وہ چاروں کوڑھی چھاؤنی کے کنارے پہُنچ کر ایک خیمہ میں داخل ہُوئے اَور وہاں اُنہُوں نے جی بھر کر خُوب کھایا پیا اَور اَپنے ساتھ چاندی، سونا اَور لباس بھی اُٹھالے گیٔے اَور لے جا کر اُنہیں ایک جگہ چھُپا دیا۔ پھر وہ لَوٹ کر دُوسرے خیمہ میں داخل ہُوئے اَور اُس میں سے بھی کچھ چیزیں اُٹھائیں اَور اُنہیں لے جا کر چھُپا دیا۔

تَب اُنہُوں نے آپَس میں مشاورت کرکے کہا، ”ہم جو کر رہے ہیں وہ ناگوار ہے۔ آج کا دِن تو خُوشخبری سُنانے کا دِن ہے اَور ہم خاموش ہیں۔ اگر ہم صُبح کی رَوشنی تک ٹھہرے رہیں تو ہم پر کویٔی نہ کویٔی سزا ضروُر نازل ہوگی۔ چنانچہ آؤ ہم فوراً جا کر شاہی محل کو خبر پہُنچا دیں۔“

چنانچہ اُنہُوں نے جا کر شہر کے دربانوں کو پُکارا اَور اُنہیں خبر دی کی، ”ہم ارامی چھاؤنی کے اَندر گیٔے تھے، اَور ہم نے دیکھا کہ وہاں نہ کویٔی فَوجی آدمی ہے، اَور نہ کسی کی آواز سُنایٔی دے رہی ہے۔ صِرف بندھے ہُوئے گھوڑے اَور گدھے تھے مگر خیمے خالی پڑے تھے۔“ تَب دربانوں نے بُلند آواز میں پُکار کر شاہی محل تک اَندر خبر پہُنچا دی۔

اَور بادشاہ رات میں ہی اُٹھ بیٹھا اَور اَپنے افسران سے فرمایا، ”میں تُمہیں بتاتا ہُوں کہ ارامیوں نے ہمارے ساتھ کیا کیا ہے۔ وہ خُوب جانتے ہیں کہ ہم بھُوکے ہیں اِس لیٔے وہ کو چھوڑکر میدان میں چھُپ گیٔے ہیں۔ اَور اِنتظار کر رہے ہیں، ’جَب ہم شہر سے باہر نکلیں گے تو وہ ہمیں زندہ پکڑ لیں گے اَور شہر پر قبضہ کر لیں گے۔‘ “

تَب بادشاہ کے افسران میں سے ایک نے صلاح دی، ”ہم باقی بچے ہویٔے گھوڑوں میں سے پانچ کو کُچھ فَوجیوں کے ساتھ وہاں بھیج دیں جو شہر میں بچ گئے ہیں۔ وَیسے بھی جو فَوجی یہاں زندہ بچے رہ گیٔے ہیں اُن کی حالت بھی اُن تمام بنی اِسرائیلی جَیسی ہی ہوگی جو فنا ہونے والے ہیں۔ اِس لیٔے یہی مُناسب ہے کہ وہاں کا حال مَعلُوم کرنے کے لیٔے ہم اُن آدمیوں کو بھیجیں۔“

چنانچہ بادشاہ نے دو رتھ گھوڑوں کے ساتھ تیّار کرکے اُنہیں ارامی فَوج کا جائزہ لینے کو بھیجا اَور اُنہُوں نے رتھ بانوں کو حُکم دیا، ”جاؤ اَور مَعلُوم کرو کہ کیا ہُواہے۔“ اَور وہ دریائے یردنؔ تک اُن کے پیچھے گیٔے اَور اُنہُوں نے دیکھا کہ سارا راستہ کپڑوں اَور جنگی سازوسامان سے بھرا پڑا ہے جسے ارامیوں نے جلدبازی میں پھینک دیا تھا۔ تَب قاصِد لَوٹے اَور اُنہُوں نے بادشاہ کو اِس کی خبر دی۔ یہ بات سُن کر سامریہؔ کے لوگ باہر نکل کر ارامیوں کی چھاؤنی کو لُوٹیں، چنانچہ یَاہوِہ کے کلام کے مُطابق چاندی کے ایک سِکّے میں تین کِلو مَیدہ اَور چاندی کے ایک سِکّے میں چھ کِلو جَو فروخت ہونے لگا۔

اَور بادشاہ نے اُس افسر کو جو اُن کا سَب سے خاص تھا داخلہ پھاٹک کا نِگراں مُقرّر کر دیا تھا تاکہ وہ لوگوں کے مجمع کو قابُو میں رکھے۔ مگر لوگوں نے اُسے پھاٹک سے نکلتے وقت افراتفری میں روند ڈالا اَور وہ مَر گیا۔ یہ واقعہ الِیشعؔ کے اُس پیشین گوئی کے مُطابق ہُوا جو اُنہُوں اُس وقت کی تھی جَب بادشاہ مَرد خُدا کے گھر گیٔے تھے۔ یہ ٹھیک وَیسا ہی ہُوا جَیسا مَرد خُدا نے بادشاہ سے فرمایا تھا: ”کل اِسی وقت کے قریب چاندی کے ایک سِکّے میں تین کِلو مَیدہ اَور چاندی کے ایک سِکّے میں چھ کِلو جَو سامریہؔ کے پھاٹک پر فروخت ہوگا۔“

اَور اُس افسر نے مَرد خُدا سے کہاتھا کہ دیکھ، ”اگر یَاہوِہ آسمان کی کھڑکیاں بھی کھول دیں تَب بھی اَیسا ہونا ممکن ہے کیا؟“ اَور مَرد خُدا نے اُسے جَواب دیا تھا، ”تُم خُود اَپنی آنکھوں سے اُسے دیکھوگے مگر تُم اُس میں سے کچھ بھی کھانے نہ پاؤگے!“ لہٰذا اُس کے ساتھ ٹھیک وَیسا ہی ہُوا کیونکہ لوگوں نے اُسے پھاٹک پر افراتفری کے دَوران پاؤں تلے کُچل ڈالا جِس سے اُس کی موت ہو گئی۔

Source notes (2)
  1. Footnote چاندی کے ایک سِکّے میں تین کِلو تقریباً بَارہ گرام
  2. Footnote چھ کِلو جَو تقریباً نَو کِلوگرام جَو

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.