Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 سلاطین 22

کِتاب تورہ کا مِلنا

یُوشیاہؔ آٹھ سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں اِکتیس سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام یدِیداہؔ تھا جو عدایاہؔ کی بیٹی تھی اَور بُصقتؔ کی باشِندہ تھی۔ اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست تھا اَور اَپنے آباؤاَجداد داویؔد کی سَب راہوں پر چلا اَور اُس سے نہ تو داہنی یا بائیں طرف مُڑا۔

بادشاہ یُوشیاہؔ نے اَپنی حُکمرانی کے اٹھّارہویں سال میں اَپنے مُنشی شافانؔ بِن اصلیاہؔ بِن مِشُلّامؔ کو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں یہ کہہ کر بھیجا: ”خِلقیاہؔ اعلیٰ کاہِن کے پاس جاؤ تاکہ وہ اُس نقدی کو گنے جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں لائی گئی ہے اَور جسے دربانوں نے عوام سے لے کر جمع کیا ہے۔ اَور یہ رقم اُن آدمیوں کے حوالہ کر دی جائے جو بیت المُقدّس کی مرمّت کے کام کی نِگرانی پر مامُور ہیں تاکہ وہ اُن کاریگروں کو مُہیّا کرایٔیں جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی مرمّت کا کام کر رہے ہیں۔ یعنی بڑھئیوں، مِعماروں اَور سنگ تراشوں کو ادائیگی کریں اَور اَیسا بندوبست کرنا کہ وہ بیت المُقدّس کی مرمّت کرنے کے لیٔے لکڑی اَور تراشا ہُوا پتّھر خرید لیں۔ لیکن تعمیر کرانے والوں سے اُس نقدی کا جو اُنہیں سُپرد کی جائے حِساب لینے کی ضروُرت نہیں کیونکہ وہ راستی سے کام کر رہے ہیں۔“

خِلقیاہؔ اعلیٰ کاہِن نے شافانؔ مُنشی کو اِطّلاع دی، ”مُجھے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں کِتاب تورہ مِلی ہے اَور اُس نے وہ کِتاب شافانؔ کو دے دی۔“ اَور وہ اُسے پڑھنے لگا۔ اَور پھر شافانؔ مُنشی نے بادشاہ کے پاس جا کر اُنہیں اِطّلاع دی: ”آپ کے خادِموں نے وہ ساری نقدی جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں مِلی تھی، اُسے لے کر آپ کے منصبداروں اَور کاریگروں کے ہاتھ میں سُپرد کر دی ہے جنہیں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی مرمّت کا نِگراں مُقرّر کیا ہے۔“ اِس کے بعد شافانؔ مُنشی نے بادشاہ کو یہ بھی خبر دی، ”خِلقیاہؔ کاہِنؔ نے مُجھے ایک کِتاب دی ہے۔“ اَور شافانؔ نے اُسے بادشاہ کے حُضُور پڑھ کر سُنایا۔

جَب بادشاہ نے کِتاب تورہ کی باتیں سُنیں تو اُنہُوں نے اَپنے کپڑے پھاڑ دئیے۔ اَور خِلقیاہؔ کاہِنؔ، احیقامؔ بِن شافانؔ، عکبورؔ بِن میکایاہؔ، شافانؔ مُنشی اَور بادشاہ کے خادِم عسایاہؔ کو یہ حُکم دیا: ”اِس کِتاب میں ہماری بابت جو لِکھا ہے، اُس کے بارے میں، میری طرف سے، عوام کی طرف سے، اَور سارے یہُوداہؔ کی طرف سے بیت المُقدّس میں جا کر یَاہوِہ کی مرضی دریافت کرو۔ کیونکہ یَاہوِہ کا بڑا غضب ہم پر اِسی سبب سے نازل ہُواہے؛ کیونکہ ہمارے آباؤاَجداد نے اِس کِتاب میں درج حُکموں کی تعمیل نہ کی اَورجو کچھ اِس میں ہمارے لئے لِکھا ہے اُس کے مُطابق عَمل نہیں کیا۔“

تَب خِلقیاہؔ کاہِنؔ، احیقامؔ، عکبورؔ، شافانؔ اَور عسایاہؔ مِل کر حُلدہؔ نبیّہ سے مشورہ کرنے اُس کے پاس گیٔے، جو توشہ خانہ کے داروغہ شلُّومؔ بِن تِقوہؔ کی بیوی تھی، جو ہرحاسؔ کے بیٹے، وہ یروشلیمؔ کے نئے محلّہ میں رہتی تھی۔

حُلدہؔ نبیّہ نے اُنہیں جَواب دیا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: جِس شخص نے تُمہیں میرے پاس بھیجا ہے اُس سے یہ کہنا، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ اِس کِتاب کی اُن سَب باتوں کے مُطابق جنہیں شاہِ یہُودیؔہ نے پڑھا ہے، میں اِس مُلک پر اَور اِس کے سَب باشِندوں پر بَلائیں نازل کرنے والا ہُوں۔ کیونکہ اُنہُوں نے مُجھے ترک کر دیا ہے اَور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جَلایا اَور اَپنے ہاتھوں سے تعمیر کی ہوئی تمام چیزوں سے مُجھے غُصّہ دِلایا ہے۔ لہٰذا میرا قہر اِس مقام پر بھڑکے گا اَور ٹھنڈا نہ ہوگا۔‘ لیکن تُم شاہِ یہُودیؔہ سے جِس نے تُمہیں یَاہوِہ سے دریافت کرنے کے لیٔے بھیجا ہے کہنا: ’جو کلام تُم نے سُنا ہے اُس کے متعلّق، یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: کیونکہ تمہارا دِل حلیم ہے، اَور تُم نے خُود کو یَاہوِہ کے حُضُور حلیم کیا ہے، جَب تُم نے وہ بات سُنی جو مَیں نے اِس مقام اَور اِس کے باشِندوں کے متعلّق کہا ہے کہ وہ لعنتی ٹھہریں گے اَور تباہ کر دئیے جایٔیں گے، تو تُم نے اَپنے کپڑے پھاڑے اَور تُم نے میرے حُضُور ماتم کیا ہے۔ لہٰذا یہ یَاہوِہ کا پیغام ہے کہ مَیں نے بھی تمہاری فریاد سُن لی ہے۔ چنانچہ سُنو! میں تُمہیں تمہارے آباؤاَجداد کے ساتھ مِلا دُوں گا اَور تُم سلامتی کے ساتھ قبر میں اُتارے جاؤگے اَور تمہاری آنکھیں اُس تمام آفت کو نہ دیکھ پائیں گی جو میں اِس جگہ پر اَور یہاں کے باشِندوں پر لانے والا ہُوں۔‘ “

تَب اُنہُوں نے لَوٹ کر بادشاہ کو حُلدہؔ نبیّہ کا یہ پیغام سُنایا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.