Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 کُرِنتھِیوں 4

رُوحانی خزانہ

پس، جَب ہم نے خُدا کی مہربانی کی بدولت یہ خدمت پائی ہے، تو ہم ہِمّت نہیں ہارتے۔ ہم نے شرم کی پوشیدہ باتوں کو ترک کر دیا ہے؛ ہم مکّاری کی چال نہیں چلتے، اَور نہ ہی خُدا کے کلام میں آمیزش کرتے ہیں۔ بَلکہ جو حق ہے اُسے ظاہر کرکے خُدا کے حُضُور ہر شخص کے دِل میں اَپنی نیک نیّتی بِٹھاتے ہیں۔ اگر ہماری خُوشخبری ابھی بھی پوشیدہ ہے، تو صِرف ہلاک ہونے والوں کے لیٔے پوشیدہ ہے۔ چونکہ اِس جہان کے جھُوٹے خُدا نے اُن بےاِعتقادوں کی عقل کو اَندھا کر دیا ہے، اِس لیٔے وہ خُدا کی صورت یعنی المسیح کے جلال کی خُوشخبری کی رَوشنی کو دیکھنے سے محروم ہیں۔ کیونکہ ہم اَپنی نہیں، بَلکہ یِسوعؔ المسیح کی مُنادی کرتے ہیں کہ وُہی خُداوؔند ہیں، اَور اَپنے حق میں یہی کہتے ہیں کہ ہم المسیح کی خاطِر تمہارے غُلام ہیں۔ اِس لیٔے کہ وہ خُدا جِس نے فرمایا: ”تاریکی میں سے نُور چمکے،“1 وُہی ہمارے دِلوں میں چمکا تاکہ ہم پہچان سکیں کہ جو نُور یِسوعؔ المسیح کے چہرہ سے جلوہ گِر ہے وہ خُدا کے جلال کا نُور ہے۔

لیکن ہمارے پاس یہ خزانہ مٹّی کے برتنوں2 میں رکھا گیا ہے تاکہ ظاہر ہو جائے کہ یہ لامحدود قُدرت خُدا کی طرف سے ہے نہ کہ ہماری طرف سے۔ ہم ہر طرف سے دبائے جاتے ہیں، لیکن کُچلے نہیں جاتے؛ پریشان تو ہوتے ہیں، لیکن نا اُمّید نہیں ہوتے؛ ستائے جاتے ہیں، لیکن اکیلے نہیں چھوڑے جاتے؛ زخم کھاتے ہیں، لیکن ہلاک نہیں ہوتے۔ ہم اَپنے بَدن میں یِسوعؔ کی موت لیٔے پھرتے ہیں، تاکہ یِسوعؔ کی زندگی بھی ہمارے بَدن میں ظاہر ہو۔ کیونکہ ہم عمر بھر یِسوعؔ کی خاطِر موت کا مُنہ دیکھتے رہتے ہیں، تاکہ یِسوعؔ کی زندگی بھی ہمارے فانی بَدن میں ظاہر ہو۔ پس موت تو ہم میں کام کرتی ہے، لیکن زندگی تُم میں۔

کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”میں ایمان لایا؛ اِسی لیٔے بولا۔“3 ایمان کی وُہی رُوح ہم میں بھی ہے، پس ہم بھی ایمان لایٔے اَور اِسی سبب سے بولتے ہیں۔ کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ جِس نے خُداوؔند یِسوعؔ کو مُردوں میں سے زندہ کیا وہ ہمیں بھی یِسوعؔ کے ساتھ زندہ کرےگا اَور تمہارے ساتھ اَپنے سامنے حاضِر کرےگا۔ یہ سَب چیزیں تمہارے فائدہ کے لیٔے ہیں، تاکہ جو فضل زِیادہ سے زِیادہ لوگوں تک پہُنچ رہاہے اُس کے ذریعہ سے خُدا کے جلال کے لیٔے لوگوں کی شُکر گُزاری میں بھی اِضافہ ہوتا جائے۔

اِس لیٔے ہم ہِمّت نہیں ہارتے۔ خواہ ہماری ظاہری طور سے جِسمانی قُوّت کم ہوتی جا رہی ہے، لیکن باطنی رُوحانی قُوّت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ ہماری یہ مَعمولی سِی مُصیبت جو کہ عارضی ہے ہمارے لیٔے اَیسا اَبدی جلال پیدا کر رہی ہے جو ہمارے قیاس سے باہر ہے۔ لہٰذا ہم دیکھی ہُوئی چیزوں پر نہیں، بَلکہ اَندیکھی چیزوں پر نظر کرتے ہیں، کیونکہ دیکھی ہُوئی چیزیں چند روزہ ہیں، مگر اَندیکھی ہمیشہ کے لیٔے ہیں۔

Source notes (3)
  1. Footnote پیدا 1‏:3‏
  2. Footnote مٹّی کے برتنوں کا مطلب ہے، ہمارے جِسمانی جِسم‏
  3. Footnote زبُور 116‏:10‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.