Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
2 تواریخ 4
بیت المُقدّس کا سازوسامان
اِس کے بعد شُلومونؔ نے کانسے کا ایک مذبح بنوایا جِس کی لمبائی اَور چوڑائی برابر یعنی بیس ہاتھ1 تھی اَور اِس کی اُونچائی دس ہاتھ2 تھی۔ پھر شُلومونؔ نے ڈھالی ہُوئی دھات کا پانی کا ایک بڑا حوض بنوایا جِس کی شکل گول تھی اَورجو ایک کنارے سے دُوسرے کنارے تک دس ہاتھ3 اَور اُونچا پانچ ہاتھ4 تھا اَور پیمائش کے لحاظ سے اُس کا گھیرا تیس ہاتھ5 تھا۔ اِس پانی کے کنارے کے نیچے اَور اِس کے چاروں طرف بَیلوں کی صورتیں بنی ہوئی تھیں جو ایک ہاتھ کے اَندر بَیلوں کی دس صورتیں پُورے حوض کو گھیرے ہُوئے تھیں۔ اِن بَیلوں کی صورتیں اُس بڑے حوض کے ساتھ ہی دو قطاروں میں ڈھالی گئی تھیں۔
اَور یہ حوض کانسے کے بَارہ بَیلوں کے اُوپر رکھّا گیا تھا؛ جِن میں سے تین کا مُنہ شمال کی طرف، تین کا مغرب، تین کا جُنوب اَور تین کا مشرق کی طرف تھا۔ حوض اُن کے سِروں پر ٹِکا ہُوا تھا اَور اُن کے پیچھے والے دھڑ اَندر کی طرف تھے۔ اِس حوض کے دھات کی موٹائی تقریباً چار اُنگل6 تھی اَور اُس کا کنارہ پیالہ کے کنارے کی طرح شُوشنؔ کے پھُول کی مانند تھا۔ اَور اُس حوض میں تین ہزار بَت7 پانی کی گنجائش تھی۔
پھر شُلومونؔ نے دھونے کے لیٔے دس چُھوٹی چلمچیاں بنوائیں جِن میں سے پانچ کو شُلومونؔ نے جُنوب اَور پانچ کو شمال کی طرف رکھا، جِن کا کام سوختنی نذروں میں اِستعمال ہونے والی اَشیا کو دھونا تھا مگر وہ بڑا حوض کاہِنوں کے غُسل کے لیٔے تھا۔
شُلومونؔ نے اُن ہدایات کے مُطابق جو اُسے مِلی تھیں سونے کے دس چراغدان بنوائے اَور اُنہیں بیت المُقدّس میں رکھا۔ پانچ جُنوب کی طرف اَور پانچ شمال کی طرف رکھے گیٔے۔
شُلومونؔ نے دس میزیں بھی بنوائیں اَور اُنہیں بیت المُقدّس میں رکھا۔ پانچ کو جُنوب کی طرف اَور پانچ کو شمال کی طرف اَور شُلومونؔ نے سونے کے ایک سَو پیالے بھی بنوائے جو چھڑکاؤ کرنے کے کام میں آتے تھے۔
اِس کے بعد شُلومونؔ نے کاہِنوں کے واسطے ایک صحن اَور ایک بہت بڑا صحن اَور اُن کے لئے دروازوں کو بھی بنوایا اَور اِن کے دروازوں کو کانسے سے منڈھوایا۔ شُلومونؔ نے بڑے حوض کو جُنوبی مشرقی کونے میں قائِم کر دیا۔
حُورامؔ اَبی نے برتن، بیلچے اَور چھڑکاؤ کرنے کے پیالے بھی بنوائے۔
حُورامؔ اَبی نے بادشاہ شُلومونؔ کے لئے خُدا کے بیت المُقدّس کی تعمیر و ساخت کا سارا کام پُورا کر دیا۔
دو سُتون؛
اَور اُن دونوں سُتونوں کے اُوپر پیالہ نُما بالائی تاج؛
اَور اُن سُتونوں کے سِروں پر دونوں پیالہ نُما حِصّوں کو ڈھانکنے کے لیٔے دو جوڑی جالیاں؛
اَور دونوں جالیوں کے لیٔے چار سَو انار (یعنی ہر جالی کے لیٔے اناروں کی دو دو قطاریں، سُتونوں کے سِروں پر پیالہ نُما بالائی حِصّہ کو سجانے کے لیٔے لگائی گئیں)؛
بادشاہ نے چوکیاں بنوائیں اَور اُن پر رکھنے کے لئے چلمچیاں بھی بنوائیں؛
بڑا حوض اَور اُس کے نیچے بَارہ بَیل؛
برتن، بیلچے، کانٹے اَور اِن سے تعلّق رکھنے والے دیگر ظروف۔
اَور تمام اَشیا جو حُورامؔ اَبی نے شُلومونؔ بادشاہ کے حُکم سے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے لیٔے بنوائیں وہ چمکدار کانسے کی تھیں۔ اَور بادشاہ نے اِن کی ڈھلایٔی یردنؔ کے میدان میں سُکّوتؔ اَور ضِرِداہؔ8 کے درمیان پائی جانے والی مٹّی کے سانچوں میں ڈھلوائی۔ یہ تمام ظروف جو شُلومونؔ نے بنوائے اِتنے زِیادہ تھے کہ اُن کا وزن تعیُّن نہ ہو سَکا۔
اَور شُلومونؔ نے اُن تمام سازوسامان کو بھی جو خُدا کے بیت المُقدّس میں تھا بنوایا:
یعنی سونے کا مذبح؛
اَور میزیں جِن پر نذر کی روٹی رکھی جاتی تھی؛
اَور خالص سونے کے چراغدان اَور اُن کے اُوپر رکھے جانے والے چراغ، تاکہ وہ حسبِ دستور اَندرونی پاک مَقدِس کے سامنے جلتے رہیں؛
اَور سونے کے پھُول، چراغ چِمٹے، اَور برتن؛
اَور گُلگیر، چھڑکاؤ کرنے کے پیالے، ڈونگے اَور بخُوردان، یہ سَب خالص سونے کے تھے اَور بیت المُقدّس کے سونے کے دروازے یعنی پاک ترین مقام کے اَندرونی دروازے اَور بڑے کمرے کے دروازے، یہ سَب خالص سونے کے بنے تھے۔
Source notes (8)
- Footnote بیس ہاتھ یعنی نَو میٹر
- Footnote دس ہاتھ یعنی ساڑھے چار میٹر
- Footnote دس ہاتھ ساڑھے چار میٹر
- Footnote پانچ ہاتھ سَوا دو میٹر
- Footnote تیس ہاتھ ساڑھے تیرہ میٹر
- Footnote چار اُنگل ساڑھے سات سینٹی میٹر
- Footnote تین ہزار بَت چھیاسٹھ ہزار لیٹر
- Footnote ضِرِداہؔ کچھ نُسخوں میں ضارِتھانؔ بھی لِکھا ہے
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.