Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
2 تواریخ 3
بیت المُقدّس کی تعمیر
پھر شُلومونؔ نے یروشلیمؔ میں کوہِ موریاہؔ پر یَاہوِہ کا بیت المُقدّس تعمیر کروانا شروع کیا یہ وُہی جگہ تھی جہاں یَاہوِہ نے اُس کے باپ داویؔد پر خُود کو یبُوسی اُرنانؔ کے کھلیان میں ظاہر کیا تھا۔ یہ جگہ داویؔد نے بیت المُقدّس کے واسطے تیّار کرکے مُقرّر کی تھی۔ شُلومونؔ نے اَپنے دَورِ حُکومت کے چوتھے سال کے دُوسرے مہینے کی دُوسری تاریخ کو بیت المُقدّس کی تعمیر کا کام شروع کیا۔
اَورجو بُنیاد شُلومونؔ نے خُدا کے بیت المُقدّس کو تعمیر کے لیٔے ڈالی وہ اِس طرح ہے: قدیم زمانے کی پیمائش کے مُطابق بیت المُقدّس کی لمبائی ساٹھ ہاتھ اَور چوڑائی بیس ہاتھ1 تھی۔ اَور بیت المُقدّس کے سامنے کے برامدے کی لمبائی خُدا کے بیت المُقدّس کے برابر تھی اَور اُس کی لمبائی بیس ہاتھ چوڑائی اُونچائی بیس ہاتھ۔2
اَور شُلومونؔ نے اُسے اَندر سے خالص سونے سے منڈھوایا تھا۔ بادشاہ نے بڑے کمرے کی چھت صنوبر کے تختوں سے پَٹوائی اَور اُسے خالص سونے سے منڈھوایا اَور کھجور کے درختوں اَور زنجیروں کے نقوش سے اُسے آراستہ کیا۔ شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کو بیش قیمتی جواہرات سے مُزیّن کیا اَورجو سونا بادشاہ نے اِستعمال کیا وہ پروائِمؔ نامی جگہ سے منگوایا گیا تھا۔ شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کی چھت، سُتونوں، دروازوں کے چوکھٹوں، دیواروں اَور کواڑوں کو سونے سے منڈھوایا اَور دیواروں پر کروبیوں کی صورت کندہ کی۔
شُلومونؔ نے بیت المُقدّس میں پاک ترین مقام کے واسطے ایک کمرہ بنوایا جِس کی لمبائی اَور چوڑائی بیت المُقدّس کی چوڑائی کے برابر یعنی بیس بیس ہاتھ3 تھی۔ اَور اُنہُوں نے اُس کمرہ کو بیس ہزار کِلو خالص سونے سے منڈھوایا۔ اَور سونے کی کیلوں کا وزن جو اِستعمال کے لئے بنے تھے تقریباً آدھا کِلو کا تھا۔ اَور اُنہُوں نے اُس کے بالائی حُجروں کو بھی سونے سے منڈھوایا۔
پاک ترین مقام میں شُلومونؔ نے دو کروبیوں کے مُجسّمے ڈھال کر بنوائے اَور اُنہیں سونے سے منڈھوایا۔ اَور کروبیوں کے پھیلے ہُوئے پروں کا درمیانی فاصلہ بیس ہاتھ کا تھا۔ پہلے کروبی کا ایک پر پانچ ہاتھ لمبا تھا جو بیت المُقدّس کی دیوار کو چھُو رہاتھا، جَب کہ اُس کا دُوسرا پر بھی جو پانچ ہاتھ لمبا تھا اَور دُوسرے کروبی کے پر کو چھُو رہاتھا۔ اِسی طرح دُوسرے کروبی کا ایک پر پانچ ہاتھ لمبا تھا اَور بیت المُقدّس کی دُوسری دیوار کو چھُو رہاتھا۔ اَور اُس کا دُوسرا پر بھی پانچ ہاتھ لمبا تھا اَور پہلے کروبی کے پر کو چھُو رہاتھا۔ اِن دونوں کروبیوں کے پھیلے ہُوئے پروں کی لمبائی بیس ہاتھ تھی اَور وہ اَپنے پاؤں پر کھڑے تھے اَور اُن کے چہرے عمارت کے خاص کمرے کی طرف کئے ہُوئے تھے۔
اَور شُلومونؔ نے ایک پردہ بنوایا جو نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ کپڑے اَور مہین کتان کا تھا اَور اُس پر کروبی کڑھے ہُوئے تھے۔
اَور بیت المُقدّس کے سامنے اُس نے دو سُتون بنائے جِن کی اُونچائی پینتیس ہاتھ4 تھی اَور ہر ایک سُتون کا بالائی تاج نُما حِصّہ پیمائش میں پانچ ہاتھ5 تھا۔ اَور شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کے سامنے ہار نُما زنجیریں بنوائیں اَور اُنہیں سُتونوں کے سِروں پر لگوایا۔ پھر بادشاہ نے سَو انار بنوا کر اُنہیں زنجیروں میں لگا دیا۔ اَور شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کے سامنے سُتون بھی بنوائے۔ ایک جُنوب کی طرف اَور ایک شمال کی طرف۔ اُنہُوں نے جُنوبی سُتون کا نام یاکِن6 اَور شمال کی طرف والے سُتون کا نام بُوعزؔ7 رکھّا۔
Source notes (7)
- Footnote لمبائی ستّائیس میٹر چوڑائی نَو میٹر
- Footnote اُونچائی بیس ہاتھ۔ چند نُسخوں میں ایک سو بیس میٹر تھی
- Footnote بیس بیس ہاتھ نَو میٹر
- Footnote اُونچائی پینتیس ہاتھ تقریباً سولہ میٹر
- Footnote پانچ ہاتھ سَوا دو سینٹی میٹر
- Footnote یاکِن یعنی تعمیر کرنے والا
- Footnote بُوعزؔ قُوّت اِس میں ہے
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.