Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
2 تواریخ 2
بیت المُقدّس کی تعمیر کے لیٔے تیّاریاں
اَور شُلومونؔ نے یَاہوِہ کے نام کے لیٔے ایک بیت المُقدّس اَور اَپنے لیٔے ایک محل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔ شُلومونؔ نے ستّر ہزار آدمی بطور بردار اَور اسّی ہزار آدمی پہاڑوں میں پتّھر کاٹنے کے لیٔے اَور تین ہزار چھ سَو آدمی اُن پر نِگرانی کے لیٔے مُنتخب کئے۔
اَور شُلومونؔ نے صُورؔ کے بادشاہ حِیرامؔ کو یہ پیغام بھیجا:
”جَیسے آپ نے میرے باپ داویؔد کے لئے دیودار کی لکڑی بھیجی تھی تاکہ وہ اَپنے لیٔے ایک محل کی تعمیر کرا سکیں، وَیسے ہی دیودار کی لکڑی مُجھے بھی بھیجیں۔ کیونکہ اَب مَیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے نام کے لیٔے ایک بیت المُقدّس تعمیر کرنے والا ہُوں تاکہ اُن کے لئے مخصُوص کروں اَور اُن کے آگے خُوشبودار مَسالے کا بخُور جَلاؤں اَور وہ سَبتوں، نئے چاندوں اَور یَاہوِہ ہمارے خُدا کی مُقرّرہ عیدوں پر دائمی نذر کی روٹی اَور صُبح اَور شام کی سوختنی نذروں کے لئے ہو کیونکہ یہ اِسرائیل کے لیٔے دائمی فرمان ہے۔
”اَور وہ بیت المُقدّس جو میں تعمیر کرنے کو ہُوں عظیمُ الشّان ہوگا کیونکہ ہمارے خُدا دیگر سَب معبُودوں سے عظیم ہیں۔ لیکن کون ہے جو اُن کے لیٔے بیت المُقدّس تعمیر کر سکے؟ وہ آسمان بَلکہ سَب سے اُونچے آسمانوں میں بھی سما نہیں سکتے۔ تو اَچھّا مَیں کون ہُوں جو اُن کے حُضُور آتِشی قُربانیاں گذراننے کے سِوا کسی اَور خیال سے اُن کے لیٔے بیت المُقدّس تعمیر کر سکوں؟
”اِس لیٔے میرے پاس ایک اَیسا آدمی بھیجیں جو سونے اَور چاندی، کانسے اَور لوہے اَور اَرغوانی، قِرمزی اَور نیلے کپڑے کے کام میں ماہر ہو اَور فن نقّاشی کا بھی تجربہ رکھتا ہو، تاکہ وہ یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں میرے ماہر کاریگروں کے ساتھ کام کرے جنہیں میرے باپ داویؔد نے مُقرّر کیا ہے۔
”اَور لبانونؔ سے دیودار، صنوبر اَور صندل کے لٹّھے بھی مُجھے بھیجیں کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ آپ کے خادِم وہاں لکڑی کاٹنے میں ماہر ہیں اَور میرے خادِم آپ کے خادِموں کے ساتھ کام کریں گے، اَور میرے لئے بہت سِی لکڑی مُہیّا کریں گے کیونکہ وہ بیت المُقدّس جو میں تعمیر کرنے کو ہُوں وہ عظیم اَور عالیشان ہوگا۔ اَور مَیں تمہارے خادِموں یعنی لکڑی کاٹنے والوں کو بیس ہزار کور1 گیہُوں اَور بیس ہزار کور2 جَو، بیس ہزار بَت3 انگور کا شِیرہ اَور بیس ہزار بَت4 زَیتُون کا تیل دُوں گا۔“
تَب شاہِ صُورؔ حِیرامؔ نے بذریعہ خط شُلومونؔ کو جَواب دیا:
”چونکہ یَاہوِہ اَپنے لوگوں سے مَحَبّت کرتے ہیں اِس لیٔے اُنہُوں نے آپ کو اُن کا بادشاہ مُقرّر کیا ہے۔“
اَور حِیرامؔ نے یہ بھی کہا:
”بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کی سِتائش ہو جنہوں نے آسمان اَور زمین کو خلق کیا، اُنہُوں نے داویؔد بادشاہ کو ایک دانا بیٹا بخشا ہے جو فہم و فراست سے معموُر ہے تاکہ وہ یَاہوِہ کے لیٔے ایک بیت المُقدّس اَور اَپنے واسطے ایک شاہی محل کی تعمیر کروائے۔
”میں حُورامؔ اَبی کو آپ کے پاس بھیج رہا ہُوں جو کہ بڑا ہُنرمند آدمی ہے۔ جِس کی ماں دانؔ کے قبیلہ سے تھی اَور جِس کا باپ صُورؔ کا باشِندہ تھا۔ وہ سونے اَور چاندی، کانسے اَور لوہے، پتّھر اَور لکڑی کے کام میں اَور اَرغوانی، نیلے، قِرمزی اَور نفیس کتانی کپڑے کے کام میں ماہر ہے اَور ہر طرح کی نقّاشی میں تجربہ کار ہے اَور ہر کام کر سَکتا ہے۔ وہ آپ کے کاریگروں اَور میرے آقا آپ کے والد داویؔد کے کاریگروں کے ساتھ کام کر چُکے ہیں۔
”چنانچہ اَب میرے آقا! اَپنے وعدہ کے مُطابق اَپنے خادِموں کے لیٔے گیہُوں، جَو، زَیتُون کا تیل اَور انگوری شِیرہ بھیج دیجئے۔ اَور جِتنی لکڑی آپ کو درکار ہے ہم لبانونؔ سے کاٹیں گے اَور اُن کے بیڑے بنوا کر سمُندری راستے سے آپ کے پاس یافؔا پہُنچائیں گے۔ پھر آپ اُنہیں وہاں سے یروشلیمؔ لے جا سکتے ہیں۔“
اَور شُلومونؔ نے اِسرائیل میں رہنے والے تمام پردیسیوں کی مردُم شماری کی جَیسا کہ اُس کے باپ داویؔد نے کی تھی اَور وہ ایک لاکھ ترپن ہزار چھ سَو پایٔے گیٔے۔ اَور شُلومونؔ نے اُن میں سے ستّر ہزار کو بار برداری اَور اسّی ہزار کو پہاڑوں میں پتّھر کاٹنے کے لیٔے اَور تین ہزار چھ سَو کو کام کروانے کے لیٔے بطور نِگران مُقرّر کیا۔
Source notes (4)
- Footnote بیس ہزار کور تقریباً تین ہزار دو سَو میٹرک ٹن
- Footnote بیس ہزار کور تقریباً دو ہزار سات سَو میٹرک ٹن
- Footnote بیس ہزار بَت تقریباً چار لاکھ چالیس ہزار لیٹر
- Footnote بیس ہزار بَت بیس ہزار بَت تقریباً چار لاکھ چالیس ہزار لیٹر
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.