Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
2 تواریخ 5
اِس طرح یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کا سارا کام، جو شُلومونؔ نے شروع کیا تھا وہ مُکمّل ہو گیا۔ تَب وہ اَپنے باپ داویؔد کی مخصُوص اَشیا یعنی چاندی اَور سونا اَور تمام سازوسامان کو اَندر لے آئے اَور اُنہیں خُدا کے بیت المُقدّس کے خزانوں میں جمع کر دیا۔
عہد کے صندُوق کو بیت المُقدّس میں لایا جانا
تَب شُلومونؔ نے یروشلیمؔ میں بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگوں اَور قبیلوں کے سَب سردار اَور بنی اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کو طلب کیا تاکہ وہ یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو داویؔد کے شہر صِیّونؔ سے لے آئیں۔ اَور تمام بنی اِسرائیل کے لوگ ساتویں مہینے میں عید کے موقع پر جمع ہوکر بادشاہ کے پاس حاضِر ہُوئے۔
اَور جَب بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگ آ گئے تو لیویوں نے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُٹھایا۔ اَور وہ اَپنے ساتھ صندُوق، خیمہ اِجتماع کو اَور اُس کے تمام مُقدّس اَشیا کو لے آئے۔ یہ سَب کاہِنؔ جو لیوی تھے اُنہیں اُٹھاکر لایٔے۔ بادشاہ شُلومونؔ اَور بنی اِسرائیل کی تمام جماعت نے جو اُس وقت اُن کے ساتھ وہاں صندُوق کے سامنے جمع ہوئی تھی اَور صندُوق کے آگے اِس کثرت سے بھیڑ، بکریاں اَور بَیل ذبح کر رہے تھے کہ اُن کا شُمار کرنا ناممکن ہو گیا تھا۔
پھر کاہِنوں نے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُس کی مُقرّرہ جگہ یعنی پاک مَقدِس کے اَندرونی پاک ترین مقام میں کروبیم کے پروں کے نیچے لاکر رکھ دیا۔ اَور کروبی اَپنے پروں کو عہد کے صندُوق کی جگہ کے اُوپر پھیلائے ہُوئے تھے اَور یُوں صندُوق اَور اُس کو اُٹھانے والی بَلّیوں کو ڈھانکے ہُوئے تھے۔ اَور یہ بَلّیئیں اِس قدر لمبی تھیں کہ اُن کے سِرے جو اَندرونی پاک مَقدِس کے صندُوق سے باہر نکلے ہُوئے تھے لیکن اَندرونی پاک مقام کے سامنے سے دیکھے جا سکتے تھے مگر اِس کے باہر سے نہیں۔ اَور وہ آج کے دِن تک اُسی حالات میں وہیں ہیں۔ اَور عہد کے صندُوق میں اُن دو تختیوں کے سِوا اَور کچھ نہ تھا جنہیں کوہِ حورِبؔ پر مَوشہ نے اُس وقت رکھا تھا جَب مِصر سے نکلنے کے بعد یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل سے عہد باندھا تھا۔
تَب کاہِنؔ پاک مقام سے باہر نکل آئے اَور تمام کاہِنوں نے جو وہاں تھے خواہ وہ کسی بھی فریق سے تھے اُنہُوں نے اَپنے آپ کو پاک صَاف کیا۔ تمام لیوی جو موسیقار تھے یعنی آسفؔ، ہیمانؔ اَور یدُوتونؔ اَور اُن کے بیٹے اَور رشتہ دار نفیس کتانی کپڑے پہنے اَور ہاتھوں میں جھانجھ، سِتار اَور بربط لیٔے ہُوئے مذبح کے مشرق کی طرف کھڑے تھے اَور اُن کے ساتھ ایک سَو بیس کاہِنؔ تھے جو نرسنگے پھُونک رہے تھے۔ اَور نرسنگے پھُونکنے والے اَور گانے والے مِل کر یَاہوِہ کی حَمد اَور شُکر گزاری کرنے کے لیٔے تیّار ہُوئے اَور نرسنگوں اَور جھانجھوں اَور دیگر سازوں کے ہمراہ یَاہوِہ کی حَمد و ثنا یہ کہتے ہُوئے کرنے لگے:
”وہ بھلےہیں؛
اُن کی شفقت اَبدی ہے۔“
جوں ہی اُن کی آوازیں بُلند ہُوئیں یَاہوِہ کا وہ بیت المُقدّس بادلوں سے معموُر ہو گیا، یہاں تک کہ کاہِنؔ بادلوں کے باعث اَپنی خدمت اَنجام دینے کے لیٔے وہاں کھڑے نہ رہ سکے۔ کیونکہ یَاہوِہ خُدا نے اَپنے جلال سے پُورے بیت المُقدّس کو معموُر کر دیا تھا۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.