Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 شموایلؔ 6

صندُوق کا اِسرائیل کو لَوٹایا جانا

جَب یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو فلسطینیوں کے علاقہ میں سات مہینے ہو گئے، تو فلسطینیوں نے کاہِنوں اَور غیب بینوں کو بُلایا اَور کہا، ”ہم یَاہوِہ کے اِس صندُوق کا کیا کریں؟ ہمیں بتاؤ کہ اگر اِسے اِس کی جگہ اُس کو واپس کس طریقہ سے بھیجا جائے۔“

اُنہُوں نے جَواب دیا، ”اگر تُم اِسرائیل کے معبُود کے صندُوق کو واپس بھیجنا چاہتے ہو تو اِسے خالی نہ بھیجنا بَلکہ اُس کے ساتھ خطا کی قُربانی کے طور پر ہرجانہ بھی ضروُر بھیجنا۔ تَب تُم شفا پاؤگے اَور اُسے جان بھی لوگے ورنہ اُس کا ہاتھ تُم پر بھاری رہے گا۔“

فلسطینیوں نے پُوچھا، ”خطا کی قُربانی کے طور پر کیا ہرجانہ بھیجنا چاہیے؟“

اُنہُوں نے جَواب دیا، ”فلسطینی سرداروں کی تعداد کے مُطابق سونے کی پانچ گِلٹیاں اَور سونے کے پانچ چُوہے۔ کیونکہ تُم اَور تمہارے سردار طاعون کی وَبا میں مُبتلا ہُوئے ہو۔ لہٰذا تُم اُن گِلٹیوں اَور اُن چُوہوں کے جو مُلک کو ہلاک کر رہے ہیں بُت بناؤ اَور اِسرائیل کے خُدا کا جلال ظاہر کرو۔ تَب شاید وہ تُم، اَور تمہارے معبُودوں اَور تمہارے مُلک پر سے اَپنا دستِ غضب اُٹھا لیں۔ تُم کیوں مِصریوں اَور فَرعوہؔ کی طرح اَپنے دِلوں کو سخت کرتے ہو؟ جَب وہ اُن کے ساتھ سختی سے پیش آیا تو کیا اُنہُوں نے اِسرائیلیوں کو مِصر سے باہر نہیں جانے دیا اَور کیا وہ وہاں سے نکل نہیں گیٔے؟

”اَب تُم ایک نئی گاڑی تیّار رکھو اَور اُس کے ساتھ دو گائیں اَیسی لو جِن کے بچھڑے دُودھ پیتے ہُوں اَورجو کبھی جُوتی نہ گئی ہُوں اَور اُنہیں گاڑی کھینچنے کے لیٔے گاڑی میں جوت دو۔ لیکن اُن کے بچھڑوں کو گھر لے جا کر باڑے میں بند کردینا۔ اَور یَاہوِہ کا صندُوق لے کر اُس گاڑی پر چڑھانا اَور سونے کی اُن اَشیا کو جنہیں تُم خطا کی قُربانی یعنی ہرجانہ کے طور پر بھیج رہے ہو ایک صندوقچہ میں بند کرکے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے پاس رکھنا اَور گاڑی کو روانہ کردینا۔ مگر اِسے دیکھتے رہنا۔ اگر وہ بیت شِمِشؔ کی طرف اَپنے علاقہ کو جائے تو سمجھ لینا کہ یہ بَلائے عظیم یَاہوِہ ہی نے ہم پر نازل کی ہے۔ لیکن اگر وہ اَپنے علاقہ کو نہ جائے تو ہم جان لیں گے کہ جِس ہاتھ نے ہمیں مارا وہ یَاہوِہ کا ہاتھ نہیں تھا بَلکہ ہمارے ساتھ یہ حادثہ اِتّفاقاً ہو گیا۔“

لہٰذا اُنہُوں نے اَیسا ہی کیا اَور اُسی طرح کی دو گائیں لے کر اُنہیں گاڑی میں جوتا اَور اُن کے بچھڑوں کو لے جا کر چُھوٹے باڑے میں باندھا اَور یَاہوِہ کے صندُوق کو گاڑی پر چڑھایا اَور اُس کے ہمراہ وہ صندوقچہ بھی رکھ دیا جِس میں سونے کے چُوہے اَور گِلٹیوں کی بُت بند تھیں۔ تَب وہ گائیں راہ پر ڈکارتی ہوئی چلتی ہُوئی جا رہی تھیں اَور سارا راستہ سیدھے بیت شِمِشؔ کی طرف اَور داہنی طرف یا بائیں طرف نہ مُڑیں۔ اَور فلسطینیوں کے سردار بیت شِمِشؔ کی سرحد تک اُن کے پیچھے پیچھے گیٔے۔

اُس وقت بیت شِمِشؔ کے لوگ وادی میں اَپنے گیہُوں کی کٹائی کر رہے تھے اَور جَب اُنہُوں نے نگاہ اُٹھاکر اُس صندُوق کو دیکھا تو وہ اُسے دیکھتے ہی خُوشی منانے لگے۔ اَور وہ گاڑی بیت شِمِشؔ کے یہوشُعؔ کے کھیت پر پہُنچی اَور وہاں ایک بڑی چٹّان کے پاس رُک گئی۔ تَب اُن لوگوں نے اُس گاڑی کی لکڑی کاٹ کر ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے اَور دونوں گائیں بطور سوختنی نذر یَاہوِہ کے حُضُور چڑھا دیں۔ اَور لیویوں نے یَاہوِہ کے صندُوق کو اَور اُس صندوقچہ کو جِس میں سونے کی اَشیا تھیں لے کر اُنہیں اُس بڑی چٹّان پر رکھ دیا۔ اُس دِن بیت شِمِشؔ کے لوگوں نے یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذریں چڑھائیں اَور ذبیحے گزرانے۔ اَور فلسطینیوں کے پانچوں سرداروں کو یہ سارا ماجرا دیکھ کر اُسی دِن عقرونؔ لَوٹ گیٔے۔

وہ سونے کی گِلٹیاں جو فلسطینیوں نے یَاہوِہ کو خطا کی قُربانی یعنی ہرجانہ کے طور پر بھیجیں یہ ہیں: اشدُودؔ، غزّہؔ، اشقلونؔ، گاتؔھ اَور عقرونؔ ہر ایک کے لیٔے ایک ایک اَور سونے کے اُن چُوہوں کی تعداد اُتنی ہی تھی جِتنی کہ اُن فلسطینی قصبوں کی تھی جو اُن سرداروں کے ماتحت تھے۔ اُس میں اُن قلعہ بند قصبوں اَور بغیر فصیل کے دیہات کی تعداد بھی شامل ہے جو اُس بڑی چٹّان تک پھیلے ہُوئے تھے جِس پر اُنہُوں نے یَاہوِہ کے صندُوق کو رکھا تھا۔ وہ چٹّان آج تک یہوشُعؔ بیت شِمِشؔ کے کھیت میں مَوجُود ہے اَور اِس واقعہ کی شاہِد ہے۔

لیکن خُدا نے بیت شِمِشؔ کے کچھ لوگوں کو سخت سزا دی اَور اُن میں سے ستّر کو مار ڈالا کیونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ کے صندُوق کے اَندر جھانکا تھا۔ اَور وہاں کے لوگوں نے یَاہوِہ کی اُس بھاری سزا کے باعث بڑا ماتم کیا۔ اَور بیت شِمِشؔ کے لوگوں نے پُوچھا، ”کون یَاہوِہ کے حُضُور اِس قُدُّوس خُدا کے حُضُور کھڑا رہ سَکتا ہے؟ یہاں سے صندُوق کس طرف روانہ کیا جائے؟“

تَب اُنہُوں نے قِریت یعریمؔ کے لوگوں کے پاس قاصِد بھیج کر پیغام دیا، ”اُن فلسطینیوں نے یَاہوِہ کا صندُوق لَوٹا دیا ہے۔ لہٰذا تُم آؤ اَور اُسے اَپنے یہاں لے جاؤ۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.