Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 شموایلؔ 4

اَور شموایلؔ کا کلام تمام اِسرائیل میں پہُنچا۔

فلسطینیوں کا عہد کے صندُوق پر قبضہ کرنا

پھر اَیسا ہُوا کہ اِسرائیلی فلسطینیوں سے لڑنے کے لیٔے نکلے۔ اِسرائیلیوں نے اِبن عزرؔ میں نصب کی اَور فلسطینیوں نے افیقؔ میں۔ اَور فلسطینی اِسرائیل کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے صف آرا ہُوئے اَور جَب لڑائی نے زور پکڑا تو اِسرائیلیوں نے فلسطینیوں سے شِکست کھائی کیونکہ اُن کے تقریباً چار ہزار آدمی میدانِ جنگ میں قتل کر دئیے گیٔے تھے۔ جَب وہ فَوجی سپاہی چھاؤنی میں واپس آئے تو اِسرائیل کے بُزرگوں نے پُوچھا، ”آج یَاہوِہ نے ہمیں فلسطینیوں سے شِکست کیوں دِلوائی؟ آؤ ہم یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق شیلوہؔ سے لے آئیں تاکہ وہ ہمارے ساتھ جائے اَور ہمیں ہمارے دُشمنوں کے ہاتھ سے بچائیں۔“

لہٰذا اُنہُوں نے شیلوہؔ میں آدمی بھیجے اَور وہ اُس قادرمُطلق یَاہوِہ1 کے عہد کے صندُوق کو لے آئے جو کروبیوں کے درمیان تخت نشین ہے۔ اَور عیلیؔ کے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ وہاں یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے ساتھ تھے۔

اَور جَب یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق چھاؤنی میں آ گیا تو تمام اِسرائیلیوں نے اِتنے زور سے نعرہ مارا کہ زمین لرز اُٹھی۔ اُس شوروغل کو سُن کر فلسطینیوں نے پُوچھا، ”عِبرانیوں کی چھاؤنی میں یہ سَب نعرہ بازی کیسی ہے؟“

اَور جَب اُنہیں مَعلُوم ہُوا کہ یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق چھاؤنی میں آ گیا ہے تو فلسطینی ڈر گیٔے اَور کہنے لگے، ”اُن کی چھاؤنی میں تو ایک معبُود آ گیا ہے۔“ مزید کہا ”یہ ایک بَلا ہم پر آئی ہے اِس سے پہلے کبھی اَیسا نہیں ہُوا۔ اَب ہماری خیر نہیں! اِن زبردست معبُودوں کے ہاتھ سے ہمیں کون بچائے گا؟ یہ وُہی معبُود ہیں جنہوں نے مِصریوں پر بیابان میں مہلک بَلائیں نازل کیں۔ اَے فلسطینیو! مضبُوط بنو اَور مردانگی کے جوہر دِکھاؤ ورنہ تُم عِبرانیوں کے محکُوم ہو جاؤگے جَیسا کہ وہ اِس وقت تمہارے محکُوم ہیں۔ مردانگی سے کام لو اَور لڑو!“

پس فلسطینی لڑے اَور اِسرائیلیوں نے شِکست کھائی اَور ہر ایک آدمی اَپنے اَپنے خیمہ کی طرف بھاگ نِکلا۔ وہاں بہت بڑی خُونریزی ہُوئی جِس میں اِسرائیل کے تیس ہزار پیادے کام آئے۔ خُدا کا صندُوق اِسرائیل کے ہاتھ سے نکل گیا اَور عیلیؔ کے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ بھی مارے گیٔے۔

عیلیؔ کی وفات

اَور اُسی دِن بِنیامین کے گھرانے کا ایک آدمی میدانِ جنگ سے بھاگ کر شیلوہؔ پہُنچا۔ اُس کے کپڑے پھٹے ہُوئے تھے اَور اُس نے اَپنے سَر پر خاک ڈال رکھی تھی۔ جَب وہ وہاں پہُنچا تو عیلیؔ راہ کے کنارے اَپنی کُرسی پر بیٹھا اِنتظار کر رہاتھا۔ کیونکہ اُس کے دِل میں خُدا کے عہد کے صندُوق کے لیٔے اَندیشہ تھا۔ اَور جَب وہ آدمی قصبہ میں داخل ہُوا اَورجو کچھ واقع ہُوا تھا بتایا تو سارا قصبہ چِلّانے لگا۔

عیلیؔ نے چِلّانے کی آواز سُن کر، ”پُوچھا کہ اِس شوروغل کا کیا مطلب ہے؟“

اَور وہ آدمی جلدی سے عیلیؔ کے پاس گیا، عیلیؔ اٹّھانوے سال کا تھا اَور اُس کی آنکھیں پتھرا گئی تھیں اَور وہ دیکھ نہ سَکتا تھا۔ اُس نے عیلیؔ، کو بتایا، ”میں ابھی ابھی میدانِ جنگ سے آیا ہُوں اَور بھاگ کر یہاں پہُنچا ہُوں۔“

تَب عیلیؔ نے پُوچھا، ”بیٹا! لڑائی کا کیا حال رہا؟“

جو آدمی خبر لے کر آیاتھا اُس نے جَواب دیا، ”اِسرائیلی فلسطینیوں سے شِکست کھا کر بھاگ نکلے اَور فَوج کا سخت جانی نُقصان ہُواہے۔ تمہارے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ بھی جنگ میں کام آئے ہیں اَور خُدا کے عہد کا صندُوق چھِن گیا ہے۔“

جَب اُس نے خُدا کے عہد کے صندُوق کا ذِکر کیا تو وہ اَپنی کُرسی سے پیچھے کی طرف پھاٹک کے پاس گرا اَور اُس کی گردن ٹوٹ گئی اَور وہ مَر گیا کیونکہ وہ ایک ضعیف اَور بھاری بھر کم آدمی تھا۔ اُس نے قاضی کی حیثیت سے چالیس سال تک اِسرائیل کی قیادت کی۔

اُس کی بہُو، فِنحاسؔ کی بیوی حاملہ تھی اَور عنقریب جننے والی تھی۔ جَب اُس نے یہ خبر سُنی کہ خُدا کے عہد کا صندُوق چھین لیا گیا اَور اُس کا سسُر اَور خَاوند مَر گیٔے تو وہ دردِزہ میں مُبتلا ہو گئی اَور بچّے کو پیدا کیا۔ مگر وہ دردِزہ سے اِس قدر نڈھال ہو گئی کہ قریبُ المرگ تھی۔ وہ عورتیں جو اُس کی تیمار داری کر رہی تھیں کہنے لگیں، ”مایوس نہ ہو۔ تُم کو بیٹا ہُواہے۔“ مگر اُس نے نہ تو جَواب دیا نہ توجّہ کی۔

اَور اُس نے یہ کہتے ہُوئے اُس لڑکے کا نام ایکبودؔ رکھا، خُدا کے عہد کا صندُوق چھِن جانے اَور اُس کے سسُر اَور خَاوند کے اِنتقال کے باعث، ”اِسرائیل سے جلال جاتا رہا۔“ اُس نے کہا، ”جلال اِسرائیل سے رخصت ہُوا کیونکہ خُدا کے عہد کا صندُوق چھِن گیا ہے۔“

Source notes (1)
  1. Footnote قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.