Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 شموایلؔ 11

شاؤل نے یبیسؔ شہر کو بچایا

تَب ناحسؔ عمُّونی نے چڑھائی کرکے یبیسؔ گِلعادؔ کا محاصرہ کر لیا، اَور یبیسؔ کے تمام لوگوں نے اُس سے کہا، ”ہمارے ساتھ عہد کر لو اَور ہم آپ کی خدمت کریں گے۔“

لیکن ناحسؔ عمُّونی نے جَواب دیا، ”میری ایک شرط ہے کہ تُم میں سے ہر ایک کی داہنی آنکھ نکال ڈالی جائے۔ اِس طرح سارے اِسرائیل کو ذلیل کرنے کے بعد ہی میں تُم سے عہد کروں گا۔“

تَب یبیسؔ کے بُزرگوں نے نحس سے کہا، ”ہمیں سات دِن کی مہلت دے تاکہ ہم اِسرائیل کے طُول و عرض میں قاصِد بھیج سکیں۔ اگر ہمیں کویٔی بچانے نہ آیا تو ہم اَپنے آپ کو تمہارے حوالہ کر دیں گے۔“

جَب وہ قاصِد شاؤل کے گِبعہؔ میں آئے اَور لوگوں کو اُن شرائط کی اِطّلاع دی تو وہ سَب چِلّا چِلّاکر رونے لگے۔ عَین اُس وقت شاؤل اَپنے بَیلوں کے پیچھے کھیتوں سے واپس آ رہے تھے۔ اُنہُوں نے پُوچھا، ”اِن لوگوں کو کیا ہو گیا ہے؟ وہ کیوں رو رہے ہیں؟“ تَب اُنہُوں نے یبیسؔ کے لوگوں کی باتیں اُن کے سامنے دہرائیں۔

جَب شاؤل نے اُن کی باتیں سُنیں تو خُدا کی رُوح اُن پر بڑی شِدّت سے نازل ہُوا اَور وہ غُصّہ سے آگ بگُولا ہو گئے۔ شاؤل نے ایک جوڑی بَیل لیٔے اُن کے ٹکڑے ٹکڑے کئے اَور پھر اُن ٹُکڑوں کو قاصِدوں کے ہاتھ اِس اعلان کے ساتھ اِسرائیل کے سَب حِصّوں میں بھیج دیا، ”کہ جو کویٔی شاؤل اَور شموایلؔ کی پیروی نہیں کرےگا اُس کے بَیلوں کے ساتھ بھی اَیسا ہی کیا جائے گا۔“ تَب لوگوں پر یَاہوِہ کا خوف چھا گیا اَور وہ ایک تن ہوکر آئے۔ جَب شاؤل نے بزق میں اُنہیں جمع کرکے گِنا تو اِسرائیل کے مَرد تعداد میں تین لاکھ اَور یہُوداہؔ کے مَرد تعداد میں تیس ہزار تھے۔

اَور اُنہُوں نے اُن قاصِدوں کو جو آئےتھے بتایا، ”یبیسؔ گِلعادؔ کے لوگوں کو کہنا، ’کل دھوپ تیز ہونے تک تُمہیں بچا لیا جائے گا۔‘ “ جَب قاصِدوں نے جا کر یبیسؔ کے لوگوں کو یہ اِطّلاع دی تو وہ مارے خُوشی کے پھُول گیٔے اَور اہلِ یبیسؔ نے عمُّونیوں سے کہا، ”کل ہم اَپنے آپ کو تمہارے حوالہ کر دیں گے، تَب جو کچھ تُمہیں اَچھّا لگے ہمارے ساتھ کرنا۔“

اگلے دِن صُبح کو شاؤل نے اَپنے آدمیوں کو تین گِروہوں میں تقسیم کیا اَور وہ رات کے آخِری پہر کے دَوران عمُّونیوں کی چھاؤنی میں گھُس گیٔے اَور دھوپ چڑھنے تک اُن کو قتل کرتے رہے اَورجو بچ نکلے وہ اَیسے تِتّر بِتّر ہُوئے کہ دو آدمی بھی کہیں ایک ساتھ نہ رہے۔

شاؤل کی بادشاہ کے طور پر تصدیق

تَب لوگوں نے شموایلؔ سے کہا، ”وہ کون تھے جنہوں نے کہاتھا، ’کیا شاؤل ہم پر حُکمرانی کرےگا؟‘ اُن آدمیوں کو ہمارے پاس لاؤ ہم اُنہیں موت کے گھاٹ اُتار دیں گے۔“

لیکن شاؤل نے کہا، ”آج، کویٔی ہرگز نہیں ماراجائے گا، کیونکہ آج کے دِن یَاہوِہ نے اِسرائیل کو بچایا ہے۔“

تَب شموایلؔ نے لوگوں سے کہا، ”آؤ، ہم گِلگالؔ چلیں اَور وہاں بادشاہی کی نئے سِرے سے توثیق کریں۔“ لہٰذا تمام لوگ گِلگالؔ کو گیٔے اَور وہاں یَاہوِہ کی حُضُوری میں اُنہُوں نے شاؤل کے مُستقِل طور پر بادشاہ بنائے جانے کا اعلان کیا۔ پھر اُنہُوں نے وہاں یَاہوِہ کے آگے سلامتی کی نذر کی قُربانی گزرانی اَور شاؤل اَور تمام بنی اِسرائیلیوں نے بڑا جَشن منایا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.