Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 کُرِنتھِیوں 9

رسولوں کے حُقُوق اَور فرائض

کیا میں آزاد نہیں؟ کیا میں رسول نہیں؟ کیا مَیں نے یِسوعؔ کو نہیں دیکھا جو ہمارے خُداوؔند ہیں؟ کیا تُم خُداوؔند کے لیٔے میری خدمت کا پھل نہیں ہو؟ اگر مَیں دُوسروں کی نظر میں رسول نہیں، تو کم اَز کم! تمہاری نظر میں تو ہُوں کیونکہ تُم خُود خُداوؔند میں میری رِسالت پر مُہر ہو۔

جو مُجھ سے بازپُرس کرتے ہیں اُن کے لیٔے میرا جَواب یہ ہے۔ کیا ہمیں یہ حق حاصل نہیں کہ ہم بھی کھا پی سکیں؟ کیا ہمیں یہ اِختیار نہیں کہ کسی مسیحی بہن کو بیاہ کر اُسے اَپنی ہم سفر بنائے رکھیں جَیسا کہ دیگر رسول اَور خُداوؔند کے بھایٔی اَور کیفؔا کرتے ہیں؟ کیا صِرف مُجھے اَور بَرنباسؔ کو ہی محنت مشقّت سے بعض رہنے کا اِختیار نہیں ہے؟

کون سا سپاہی اَپنی گِرہ سے کھا کر جنگ کرتا ہے؟ کون ہے جو انگور کا باغ لگا کر انگور نہیں کھاتا؟ یا کون سا چرواہا ہے جو اَپنے گلّہ کا دُودھ نہیں پیتا؟ کیا میں یہ باتیں اِنسانی حیثیت سے کہتا ہُوں؟ کیا شَریعت بھی یہی نہیں کہتی؟ کیونکہ حضرت مَوشہ کی شَریعت میں لِکھّا ہے: ”گاہتے وقت بَیل کا مُنہ نہ باندھنا۔“1 کیا خُدا کو بَیلوں ہی کی پروا ہے؟ کیا وہ خاص طور پر یہ ہمارے لیٔے نہیں کہتا؟ ہاں، یہ ہمارے لیٔے لِکھّا گیا کیونکہ جوتنے والا اِس اُمّید پر جوتتا ہے اَور گاہنے والا اِس اُمّید پر گاہتا ہے کہ اُنہیں فصل کا کچھ حِصّہ ضروُر ملے گا۔ اگر ہم نے تمہارے فائدہ کے لیٔے رُوحانی بیج بویا تو کیا یہ کویٔی بڑی بات ہے کہ ہم تمہاری جِسمانی چیزوں کی فصل کاٹیں؟ جَب اَوروں کو یہ حق حاصل ہے کہ تُم سے کچھ حاصل کریں، تو کیا ہمارا حق اُن سے زِیادہ نہ ہوگا؟

لیکن ہم نے اِس حق سے فائدہ نہ اُٹھایا بَلکہ سَب کچھ برداشت کرتے رہے تاکہ ہماری وجہ سے المسیح کی خُوشخبری کی تبلیغ میں رُکاوٹ پیدا نہ ہو۔

کیا تُم نہیں جانتے کہ جو بیت المُقدّس میں خدمت کرتے ہیں، وہ وہیں سے کھاتے ہیں؟ اَورجو قُربان گاہ پر قُربانیاں چڑھانے کی خدمت کرتے ہیں وہ اُن قُربانیوں کا کچھ حِصّہ لیتے ہیں؟ اِسی طرح خُداوؔند نے بھی مُقرّر کیا ہے کہ جو انجیل کی مُنادی کرتے ہیں وہ انجیل ہی کے وسیلہ سے گزارہ کریں۔

اِس کے باوُجُود مَیں نے اِن میں سے کسی بھی حق کا کبھی فائدہ نہیں اُٹھایا اَور نہ ہی اِس خیال سے لِکھ رہا ہُوں کہ اَب فائدہ اُٹھاؤں، میں مَرجانا بہتر سمجھتا ہُوں بجائے اِس کے کسی کا اِحسَان لے کر اَپنا فخر کھو دُوں۔ اگر مَیں انجیل کی مُنادی کرتا ہُوں، تو اِس لیٔے نہیں کہ شیخی بگھارُوں، کیونکہ یہ تو میرا فرض ہے۔ بَلکہ مُجھ پر افسوس! اگر مَیں انجیل کی مُنادی نہ کروں۔ اگر مَیں اَپنی مرضی سے مُنادی کرتا ہُوں، تو اجر پانے کی اُمّید بھی رکھتا ہُوں؛ لیکن اگر اَپنی مرضی سے نہیں، تو یُوں سمجھ لو کہ خُدا نے مُجھے انجیل سُنانے کا اِختیار بخشا ہُواہے۔ اِس صورت میں میرا اجر کیا ہے؟ محض یہ کہ انجیل کی مُنادی بالکُل مُفت کرکے فخر کر سکوں اَور اُس حق کا فائدہ نہ اُٹھاؤں جو انجیل نے مُجھے دے رکھا ہے۔

پَولُسؔ کا آزادی کا اِستعمال

اگرچہ میں آزاد ہُوں اَور کسی کا غُلام نہیں پھر بھی مَیں نے اَپنے آپ کو سَب کا غُلام بنا رکھا ہے تاکہ زِیادہ سے زِیادہ لوگوں کو المسیح کے پاس لا سکوں۔ میں یہُودیوں میں یہُودی بنا تاکہ یہُودیوں کو المسیح کے لیٔے جیت سکوں۔ اہلِ شَریعت کے لیٔے شَریعت والا بنا تاکہ اہلِ شَریعت کو جیت سکوں حالانکہ میں خُود شَریعت کا پابند نہیں۔ جو لوگ شَریعت نہیں رکھتے، میں اُن کے لیٔے بےشَرع بنا تاکہ بےشَرع لوگوں کو جیت سکوں (میں خُدا کی نظر میں بےشَرع نہیں تھا بَلکہ المسیح کی شَریعت کے تابع تھا) کمزوروں کی خاطِر کمزور بنا تاکہ کمزوروں کو جیت سکوں۔ میں سَب لوگوں کی خاطِر سَب کچھ بنا ہُوا ہُوں تاکہ کسی نہ کسی طرح بعض کو بچا سکوں۔ میں یہ سَب کچھ انجیل کی خاطِر کرتا ہُوں تاکہ اُس کی برکتوں میں شریک ہو سکوں۔

ذاتی نظم و ضَبط کے متعلّق

کیا تُم نہیں جانتے کہ دَوڑ کے میدان میں مُقابلہ کے لیٔے سَب ہی دَوڑتے ہیں لیکن اِنعام ایک ہی پاتاہے۔ تُم بھی اَیسے دَوڑو کہ جیت سکو۔ کھیلوں کے مُقابلہ میں حِصّہ لینے والا ہر کھِلاڑی ہر طرح کی احتیاط برتتا ہے۔ وہ لوگ ایک فانی تاج پانے کے لیٔے اَیسا کرتے ہیں۔ لیکن ہم اُس تاج کے لیٔے اَیسا کرتے ہیں جو غَیر فانی ہے۔ میں بھی جیتنے کا مقصد سامنے رکھ کر دَوڑتا ہُوں اَور مُکّے باز کی طرح لڑتا ہُوں، ہَوا کو مارنے والے کی طرح نہیں۔ بَلکہ میں اَپنے بَدن کو مارتا، پیٹتا اَور اُسے قابُو میں رکھتا ہُوں تاکہ اَیسا نہ ہو کہ دُوسروں کو تبلیغ کرنے کے بعد میں خُود اِنعام سے محروم رہ جاؤں۔

Source notes (1)
  1. Footnote اِست 25‏:4‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.