Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 تواریخ 18

داویؔد کی فتوحات

اِسی کے بعد، داویؔد نے فلسطینیوں کو شِکست دی اَور اُنہیں مغلُوب کیا، اَور گاتؔھ کو اَور اُس کے گِردونواح کے قصبوں کو جو فلسطینیوں کے زیرِ تسلُّط تھے اَپنے ہاتھ میں لے لیا۔

داویؔد نے مُوآبیوں کو بھی شِکست دی اَور وہ اُس کے مطیع ہو گئے اَور خراج اَدا کرنے لگے۔

اِس کے علاوہ داویؔد نے ضوباہؔ حماتؔ کے بادشاہ ہددعزرؔ کو بھی شِکست دی جَب وہ دریائے فراتؔ تک کے علاقہ کو اَپنے قبضہ میں لینا چاہتا تھا۔ اَور داویؔد کے ایک ہزار رتھ، سات ہزار رتھ بان اَور بیس ہزار پیادہ سپاہی پکڑ لئے۔ اُس نے ایک سَو رتھ کے گھوڑوں کے سِوا باقی سَب کی کونچیں کاٹ ڈالیں۔

اَور جَب دَمشق کے ارامی ضوباہؔ کے بادشاہ ہددعزرؔ کی مدد کو آئے تو داویؔد نے اُن میں سے بائیس ہزار کو قتل کیا۔ اُس نے دَمشق کی ارامی سلطنت میں اَپنے فَوجیوں کی چوکیاں قائِم کیں اَور ارامی اُن کے مطیع ہو گئے اَور خراج اَدا کرنے لگے۔ اَور جہاں کہیں داویؔد گئے یَاہوِہ نے اُنہیں فتح بخشی۔

ہددعزرؔ کے فَوجی سرداروں کے پاس سونے کی ڈھالیں تھیں۔ داویؔد نے اُن پر قبضہ کر لیا اَور اُنہیں یروشلیمؔ لے آئے۔ اَور داویؔد ہددعزرؔ کے قصبوں طیبحؔ1 اَور کُونؔ سے بہت سا کانسا لائے جسے شُلومونؔ نے ایک بڑا حوض اَور سُتون اَور برتن بنانے کے لیٔے اِستعمال کیا۔

جَب حماتؔ کے بادشاہ توعُوؔ نے سُنا کہ داویؔد نے ضوباہؔ کے بادشاہ ہددعزرؔ کے تمام فَوج کو شِکست دے دی۔ تَب توعُوؔ نے اَپنے بیٹے ہَدورامؔ کو داویؔد بادشاہ کے پاس بھیجا تاکہ اُنہیں سلام کرے اَور مُبارکباد دے کیونکہ داویؔد نے جنگ کرکے ہددعزرؔ کو مارا تھا کیونکہ ہددعزرؔ توعُوؔ سے جنگ کیا کرتا تھا، اَور ہَدورامؔ سونے، چاندی اَور کانسے کی ہر قِسم کی اَشیا اَپنے ساتھ نذرانہ کے طور پر لایاتھا۔

جنہیں داویؔد بادشاہ نے یَاہوِہ کو نذر کر دیا جَیسا کہ اُنہُوں نے دیگر اَقوام یعنی اِدُوم، مُوآب، بنی عمُّون، فلسطینیوں اَور عمالیقؔ سے حاصل کَردہ چاندی اَور سونا یَاہوِہ کو نذر کیا تھا۔

ابیشائی بِن ضرویاہؔ نے وادی شور میں اٹھّارہ ہزار اِدُومیوں کو مارا اَور اُس نے اِدُوم میں مُحافظ فَوجی چوکیاں قائِم کیں اَور تمام اِدُومی داویؔد کے مطیع ہو گئے اَور داویؔد جہاں بھی جاتے تھے یَاہوِہ اُنہیں فتح بخشتے تھے۔

داویؔد کے اہلکار

داویؔد نے تمام اِسرائیل پر حُکمرانی کی اَور اَپنی ساری رعایا کے ساتھ نہایت ہی اِنصاف اَور راستی سے پیش آتے رہے۔

اَور یُوآبؔ بِن ضرویاہؔ فَوج کا سپہ سالار تھا؛

اَور یہوشافاطؔ بِن احِیلودؔ مورّخ تھا؛

اَور صدُوقؔ بِن احِیطوبؔ اَور اَبی ملیخ2 بِن ابیاترؔ کاہِنؔ تھے

اَور شاوساؔ مُنشی تھا۔

اَور بِنایاہؔ بِن یہُویدعؔ کریتیوں اَور پِلیتھیوں کا اعلیٰ اہلکار تھا

اَور داویؔد کے بیٹے بادشاہ کے اعلیٰ حاکم3 تھے۔

Source notes (3)
  1. Footnote طیبحؔ کچھ نُسخوں میں طِبحتؔ بھی ہے۔
  2. Footnote اَبی ملیخ کچھ نُسخوں میں احِیملکؔ بھی لِکھا ہے۔
  3. Footnote اعلیٰ حاکم مزید دیکھیں 2 سمو 18‏:17‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.