Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 21

داویؔد کا زبُور۔ برائے موسیقی ہدایت کار۔

اَے یَاہوِہ، آپ کی قُوّت سے بادشاہ خُوش ہوتاہے،

آپ کی بخشی ہُوئی نَجات کے باعث اُس کی خُوشی کس قدر بڑھ جاتی ہے!

آپ نے اُس کے دِل کی تمنّا پُوری کی ہے،

اَور اُس کے لبوں کی اِلتجا کو ردّ نہ کیا۔

آپ نے بیش قیمتی برکتوں کے ساتھ اُس کا اِستِقبال کیا

اَور خالص سونے کا تاج اُس کے سَر پر رکھا۔

اُس نے آپ سے زندگی طلب کی اَور آپ نے اُسے وہ بخشی۔

بَلکہ ہمیشہ کے لیٔے عمر کی درازی بخشی۔

آپ کی دی ہُوئی فتوحات کے باعث اُس کا جلال عظیم ہو گیا؛

آپ نے اُسے شان و شوکت سے نوازا ہے۔

یقیناً آپ نے اُسے اَبدی برکتیں بخشی ہیں

اَور اَپنی حُضُوری کی خُوشی سے اُسے شادمان کیا ہے۔

کیونکہ بادشاہ کا توکّل یَاہوِہ پر ہے؛

اَور خُداتعالیٰ کی لافانی مَحَبّت کے باعث

وہ ڈگمگانے نہ پایٔےگا۔

آپ کا ہاتھ آپ کے سارے دُشمنوں کو پکڑ لے گا؛

آپ کا داہنا ہاتھ آپ کے حریفوں کو گرفتار کر لے گا۔

جَب آپ ظاہر ہوں گے

تو اُنہیں جلتے ہُوئے تنور کی مانند کر دیں گے۔

اَپنے غضب میں یَاہوِہ اُنہیں نگل جائیں گے،

اَور اُن کی آگ اُنہیں بھسم کر ڈالے گی۔

آپ اُن کی اَولاد کو رُوئے زمین پر سے،

اَور اُن کی نَسل کو بنی آدمؔ میں سے نابود کر دیں گے۔

حالانکہ وہ آپ کے خِلاف بدی کرنا چاہتے ہیں

اَور شرارت آمیز منصُوبے بناتے ہیں، تو بھی وہ کامیاب نہیں ہو سکتے؛

کیونکہ جَب آپ اُن پر اَپنی کمان کھینچیں گے

تَب آپ اُنہیں پیٹھ دِکھانے پر مجبُور کر دیں گے۔

اَے یَاہوِہ، اَپنی قُوّت میں سرفراز ہو؛

ہم آپ کی قُدرت کی تعریف میں نغمہ گائیں گے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.