Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
گِنتی 28
روزمرّہ کی قُربانیاں
یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”بنی اِسرائیل کو یہ حُکم سُنانا اَور اُن سے کہنا، ’تُم میری نذر، یعنی میری وہ غِذا جو میرے لیٔے فرحت بخش خُوشبو والی آتِشی قُربانی ہے مُقرّرہ وقت پر یاد سے پیش کرتے رہنا۔‘ اُن سے کہہ کہ یَاہوِہ کے لیٔے تُم جو آتِشی قُربانی پیش کرو وہ یہ ہے: ہر روز حسبِ معمول دو بے عیب یک سالہ برّے سوختنی نذر کے طور پر چڑھایا کرنا۔ ایک برّہ صُبح کو اَور دُوسرا شام کو چڑھانا۔ اَور ساتھ ہی ایفہ کے دسویں حِصّہ1 کے برابر مَیدہ میں چوتھائی ہین2 کُوٹ کر نکالا ہُوا زَیتُون کا تیل مِلا کر اناج کی قُربانی کے طور پر پیش کرنا۔ یہ وُہی دائمی سوختنی نذر ہے جو کوہِ سِینؔائی پر مُقرّر کی گئی تھی تاکہ یَاہوِہ کے حُضُور فرحت بخش خُوشبو دینے والی آتِشی قُربانی ٹھہرے۔ اَور اُس کے ساتھ فی برّہ کے ساتھ ہین کا چوتھائی حِصّہ مَے انگوری شِیرہ کے طور پر لائی جائے۔ یہ انگوری شِیرہ یَاہوِہ کے لیٔے پاک مَقدِس میں چڑھانا۔ دُوسرا برّہ شام کے جھٹپٹے کے وقت چڑھانا اَور اُس کے ساتھ بھی صُبح کی طرح اناج کی قُربانی اَور انگوری شِیرے کی نذر ہو۔ یہ یَاہوِہ کے حُضُور غِذا کی فرحت بخش خُوشبو والی آتِشی قُربانی ہوگی۔
سَبت کی قُربانی
” ’اَور سَبت کے دِن دو بے عیب یک سالہ برّے اَور ایفہ کا پانچواں3 حِصّہ تیل مِلا ہُوا مَیدہ تپاون کے ساتھ اناج کی قُربانی کے طور پر پیش کرنا۔ حسبِ معمول پیش کی جانے والی سوختنی نذر اَور اُس کے تپاون کے علاوہ یہ ہر سَبت کی سوختنی نذر ہے۔
ماہانہ قُربانیاں
” ’ہر مہینے کے پہلے دِن دو بچھڑے، ایک مینڈھا اَور سات یک سالہ نر برّے جو سَب کے سَب بے عیب ہُوں سوختنی نذر کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور میں چڑھایا کرنا۔ ہر بچھڑے کے ساتھ ایفہ کا تین دہائی حِصّہ4 اناج کی نذر تیل مِلا ہُوا مَیدہ اَور ہر مینڈھے کے ساتھ ایفہ کا پانچواں حِصّہ اناج کی نذر تیل مِلا ہُوا مَیدہ؛ اَور ہر برّہ کے ساتھ ایفہ کا دسواں حِصّہ تیل مِلا ہُوا مَیدہ اناج کی قُربانی کے طور پر پیش کرنا۔ یہ سوختنی نذر یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو دینے والی آتِشی قُربانی ٹھہرے۔ ہر بچھڑے کے ساتھ نِصف ہین5 ہر مینڈھے کے ساتھ ایک تہائی ہین6 اَور ہر برّہ کے ساتھ پاؤ ہین7 مَے تپاون کے طور پر دی جائے۔ یہ ماہانہ سوختنی نذر ہے جو سال بھر ہر نئے چاند کے موقع پر پیش کی جائے۔ حسبِ معمول پیش کی جانے والی سوختنی نذر اَور اُس کے ساتھ دئیے جانے والے تپاون کے علاوہ ایک بکرا یَاہوِہ کے لیٔے گُناہ کی قُربانی کے طور پر پیش کیا جائے۔
عیدِفسح کا جَشن
” ’پہلے مہینے کے چودھویں دِن یَاہوِہ کا فسح ہُوا کرے۔ اَور اُسی مہینے کے پندرھویں دِن عید منائی جائے اَور سات دِن تک بے خمیری روٹی کھائی جائے۔ پہلے دِن مُقدّس اِجتماع ہو اَور عام دِنوں کی طرح کویٔی کام بالکُل نہ کرنا۔ اَور یَاہوِہ کے لیٔے آتِشی قُربانی پیش کی جائے جو دو بچھڑوں، ایک مینڈھے اَور سات یک سالہ نر برّوں کی سوختنی نذر پر مُشتمل ہو جو سَب کے سَب بے عیب ہُوں۔ ہر بچھڑے کے ساتھ ایک ایفہ کا تین دہائی حِصّہ زَیتُون کا تیل اناج کی نذر مِلا ہُوا مَیدہ، ہر مینڈھے کے ساتھ ایفہ کا پانچواں حِصّہ زَیتُون کا تیل اناج کی نذر مِلا ہُوا مَیدہ؛ اَور ساتوں برّوں میں سے ہر ایک کے ساتھ دسواں حِصّہ نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کرنا۔ گُناہ کی قُربانی کے طور پر ایک بکرے کا اِضافہ کرنا تاکہ اُس سے تمہارے لیٔے کفّارہ دیا جائے۔ اُنہیں صُبح کو حسبِ معمول دی جانے والی سوختنی نذر کے علاوہ پیش کرنا۔ اِسی طرح سات دِن تُم روزانہ آتِشی قُربانی کی یہ غِذا چڑھانا تاکہ وہ یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو ٹھہرے۔ یہ حسبِ معمول دی جانے والی سوختنی نذر اَور اُس کے تپاون کے علاوہ پیش کی جائے۔ ساتویں دِن پھر تمہارا مُقدّس اِجتماع ہو اَور حسبِ معمول کویٔی کام نہ کرنا۔
ہفتوں کی عید
” ’پہلے پھلوں کے دِن جَب تُم ہفتوں کی عید کے موقع پر یَاہوِہ کے لیٔے نئی نذر کی قُربانی پیش کرو تَب بھی تمہارا مُقدّس اِجتماع ہو اَور اُس روز بھی کویٔی حسبِ معمول کام اَنجام نہ دیا جائے۔ اَور دو بچھڑے، ایک مینڈھا اَور سات یک سالہ نر برّے سوختنی نذر کے طور پر گذرانو جو یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو ہو۔ ہر بچھڑے کے ساتھ اناج کی نذر کی قُربانی کے طور پر ایفہ کا تین دہائی حِصّہ زَیتُون کا تیل مِلا ہُوا مَیدہ ہو، مینڈھے کے ساتھ ایفہ کا پانچواں حِصّہ ہو؛ اَور سات برّوں میں سے ہر ایک برّے کے ساتھ ایفہ کا دسواں حِصّہ ہو۔ اَور ایک بکرا بھی شامل کر لو تاکہ تمہارے لیٔے کفّارہ دیا جائے۔ حسبِ معمول دی جانے والی سوختنی نذر اَور اُس کی اناج کی نذر کی قُربانی کے علاوہ تُم اُنہیں بھی اُن کے تپاون کی نذروں کے ساتھ پیش کرنا۔ البتّہ خیال رہے کہ سَب جانور بے عیب ہُوں۔
Source notes (7)
- Footnote ایفہ کے دسویں حِصّہ تقریباً ایک کِلو چھ سَو گرام
- Footnote چوتھائی ہین تقریباً ایک لیٹر
- Footnote ایفہ کا پانچواں تقریباً سَوا تین کِلوگرام
- Footnote ایفہ کا تین دہائی حِصّہ تقریباً ایک کِلو پانچ سو گرام
- Footnote نِصف ہین تقریباً 1.9لیٹر
- Footnote ایک تہائی ہین تقریباً 1.3 لیٹر
- Footnote پاؤ ہین تقریباً ایک لیٹر
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.