Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

گِنتی 27

ضلافحادؔ کی بیٹیاں

ضلافحادؔ بِن حِفرؔ گِلعادؔ کا پوتا اَور منشّہ کے بیٹے مکیرؔ کا پرپوتا تھا۔ اُس کی بیٹیاں یُوسیفؔ کے بیٹے منشّہ کی برادری کی نَسل سے تھیں۔ اُن بیٹیوں کے نام محلاہؔ نوحؔا حُگلاہؔ مِلکاہؔ اَور تِرضاؔہ تھے۔ وہ آئیں اَور خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر مَوشہ الیعزرؔ کاہِنؔ سربراہوں اَور ساری جماعت کے سامنے کھڑی ہوکر کہنے لگیں: ”ہمارا باپ بیابان میں مَر گیا۔ وہ قورحؔ کے اُن پیروکاروں میں سے نہ تھا جنہوں نے یَاہوِہ کے خِلاف سرکشی کی تھی بَلکہ وہ اَپنے ہی گُناہ میں مَرا اَور اُس کے کویٔی بیٹا نہ تھا۔ چنانچہ بیٹا نہ ہونے کے باعث ہمارے باپ کا نام اُس کی برادری سے کیوں مِٹ جائے؟ لہٰذا ہمیں بھی ہمارے باپ کے رشتہ داروں کے ساتھ مِیراث میں حِصّہ دو۔“

چنانچہ مَوشہ اُن کا مُعاملہ یَاہوِہ کے حُضُور لے گیا اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”ضلافحادؔ کی بیٹیاں ٹھیک کہتی ہیں۔ تُو اُنہیں اُن کے باپ کے رشتہ داروں کے درمیان ضروُر ہی کچھ جائداد بطور مِیراث دینا۔ پس اُن کے باپ کی مِیراث اُن کے سُپرد کر دے۔

”اَور بنی اِسرائیل سے کہہ، ’اگر کویٔی آدمی مَر جائے اَور اُس کا کویٔی بیٹا نہ ہو تو اُس کی مِیراث اُس کی بیٹی کو دینا۔ اگر اُس کی کویٔی بیٹی بھی نہ ہو تو اُس کی مِیراث اُس کے بھائیوں کو دینا۔ اَور اگر اُس کے کویٔی بھایٔی بھی نہ ہوں تو اُس کی مِیراث اُس کے باپ کے بھائیوں کو دینا۔ اگر اُس کے باپ کے بھایٔی بھی نہ ہوں تو اُس برادری میں جو بھی اُس کا سَب سے قریبی رشتہ دار ہو اُسے اُس کی مِیراث دینا تاکہ وہ اُس کی مِلکیّت بَن جائے اَور یہ بنی اِسرائیل کے لیٔے آئین یَاہوِہ کے مَوشہ کو دئیے ہویٔے حُکم کے مُطابق شَرعی فرض ہوگا۔‘ “

مُوسیٰ کے جانشین کے طور پر یہوشُعؔ کی تقرّری

تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”تُو اُس عباریمؔ پہاڑ پر چڑھ کر اُس مُلک کو دیکھ جو مَیں نے بنی اِسرائیل کو عطا کیا ہے۔ اُسے دیکھ لینے کے بعد تُو بھی اَپنے بھایٔی اَہرونؔ کی طرح اَپنے لوگوں میں جا ملے گا۔ کیونکہ جَب صینؔ کے بیابان میں پانی کے چشمہ کے پاس جماعت نے سرکشی کی تھی تَب تُم دونوں نے میرا حُکم نہ مانا اَور اُن کی آنکھوں کے سامنے میری تقدیس نہ کی۔“ (یہ وُہی مریبہؔ کا چشمہ ہے جو صینؔ کے بیابان قادِسؔ میں ہے۔)

مَوشہ نے یَاہوِہ سے کہا، ”یَاہوِہ! تمام نَوع اِنسان کی رُوحوں کے خُدا کسی آدمی کو اِس جماعت پر ایک نِگراں مُقرّر کرنا جو اُن کے سامنے آیا جایا کرے اَورجو اُنہیں باہر لے جانے اَور اَندر لانے میں اُن کا رہبر ہو تاکہ یَاہوِہ کی جماعت اُن بھیڑوں کی طرح نہ ہو جِن کا کویٔی چرواہا نہیں ہوتا۔“

چنانچہ یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”تُو یہوشُعؔ بِن نُونؔ کو جو رُوح سے معموُر ہے لے اَور اُس پر اَپنا ہاتھ رکھ۔ اُسے الیعزرؔ کاہِنؔ اَور ساری جماعت کے سامنے کھڑا کر اَور اُن کے سامنے اُسے اِختیار دے۔ اَپنے کچھ اِختیارات اُس کے سُپرد کردینا تاکہ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت اُس کی اِطاعت کرے۔ وہ الیعزرؔ کاہِنؔ کے سامنے کھڑا ہُوا کرے جو یَاہوِہ کے حُضُور اُس کی خاطِر اُوریمؔ کا حُکم دریافت کیا کرےگا۔ اِسی کے حُکم سے وہ اَور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت باہر جایا کریں اَور اُسی کے حُکم سے وہ اَندر آئیں۔“

چنانچہ مَوشہ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق عَمل کیا۔ اُس نے یہوشُعؔ کو لیا اَور الیعزرؔ کاہِنؔ اَور ساری جماعت کے سامنے کھڑا کیا۔ تَب یَاہوِہ نے جو ہدایات مَوشہ کی مَعرفت دی تھیں اُن کے مُطابق اُس نے اَپنے ہاتھ یہوشُعؔ پر رکھے اَور اُسے اِختیار بخشا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.