Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
یُوناہؔ 3
یُوناہؔ نینوہؔ کو روانہ ہوتاہے
تَب یَاہوِہ کا کلام دُوسری بار یُوناہؔ پر نازل ہُوا: ”اُٹھ، اُس بڑے شہر نینوہؔ کو جا اَورجو پیغام میں تُمہیں وہاں دینے والا ہُوں اُس کی مُنادی کر۔“
تَب یُوناہؔ یَاہوِہ کے کلام کے مُطابق نینوہؔ کو گیا۔ نینوہؔ بہت بڑا شہر تھا۔ وہاں پہُنچنے کے لیٔے تین دِن لگتے تھے۔ یُوناہؔ نینوہؔ شہر میں داخل ہُوا اَور ایک دِن کا سفر طے کرتے ہُوئے اُس نے اعلان کیا، ”اَب سے چالیس دِن کے بعد نینوہؔ تباہ کر دیا جائے گا۔ تَب نینوہؔ کے باشِندے خُدا پر ایمان لائے اَور روزہ کا اعلان کیا اَور بڑے سے چُھوٹے تک سَب نے ٹاٹ اوڑھا۔“
جَب نینوہؔ کے بادشاہ کو یہ خبر پہُنچی تو وہ اَپنے تخت سے اُٹھا اَور اَپنا شاہی لباس اُتار کر ٹاٹ اوڑھ کر خاک پر بیٹھ گیا۔ اَور نینوہؔ میں یُوں اعلان کروایا،
بادشاہ اَور اُس کے سرداروں کی طرف سے فرمان جاری ہے کہ،
کویٔی اِنسان یا حَیوان، گلّہ اَور مویشی نہ کچھ کھائیں اَور نہ پیئیں۔ بَلکہ ہر اِنسان اَور حَیوان ٹاٹ اوڑھے اَور فوراً خُدا سے فریاد کرے۔ اَور ہر شخص اَپنی بُری روِش اَور ظُلم سے باز آئے۔ کون جانتا ہے؟ شاید خُدا ہم پر رحم کرے اَور اَپنا اِرادہ بدلے اَور وہ اَپنا قہر شدید نازل کرنے سے باز آئے اَور ہم ہلاک نہ ہوں۔
جَب خُدا نے اُن کا یہ عَمل دیکھا کہ وہ اَپنی بُری روِش سے پھر گیٔے تو اُس نے اَپنا اِرادہ بدل دیا اَور اُس عذاب کو جو وہ اُن پر نازل کرنے والا تھا اُسے روک دیا اَور اُسے نازل نہ کیا۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.