Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
یَشعیاہ 23
صُورؔ کے متعلّق نبُوّت
صُورؔ کے متعلّق نبُوّت: اَے ترشیشؔ کے جہازوں، ماتم کرو!
کیونکہ صُورؔ تباہ ہو چُکاہے
وہاں نہ کویٔی گھر بچا ہے نہ بندرگاہ۔
کِتّیمؔ1 کے مُلک سے
اُنہیں یہ خبر پہُنچی ہے۔
اَے جزیرے کے لوگو
اَور اَے صیدونؔ کے سوداگروں،
جنہیں بحری سیّاحوں نے مالا مال کیا ہے،
خاموش ہو جاؤ۔
سمُندر کی راہ سے آیا ہُوا
شیحُورؔ کا اناج؛
اَور دریائے نیل کے علاقہ کی فصل، صُورؔ کی آمدنی تھی،
اَور وہ مُختلف قوموں کی تِجارت گاہ بنا۔
اَے صیدونؔ شرمندہ ہو، اَور تُو بھی اَے سمُندر کے قلعہ،
کیونکہ سمُندر نے کہا ہے:
”نہ مُجھے دردِزہ لگا اَور نہ ہی مَیں نے بچّے جنے؛
نہ مَیں نے بیٹے پالے، نہ ہی بیٹیوں کی پرورِش کی۔“
جَب اہلِ مِصر کو خبر پہُنچے گی،
تو وہ صُورؔ کا حال سُن کر نہایت غمگین ہوں گے۔
اَے جزیرے کے لوگو،
ماتم کرتے ہُوئے ترشیشؔ کی طرف چلے جاؤ۔
کیا یہی تمہارا عیش و عشرت کا شہر ہے،
جو قدیم زمانہ سے بسا ہُواہے،
جِس کے قدم اُسے
دُور دراز کے مُلکوں میں بسنے کے لیٔے لے گیٔے؟
صُورؔ کے خِلاف یہ منصُوبہ کس نے باندھا،
جِس نے کیٔی تاجپوشیاں کیں،
جِس کے سوداگر اُمرا ہیں،
اَور جِس کے تاجر سارے جہاں میں عزّت دار ہیں؟
قادرمُطلق یَاہوِہ نے یہ طے کیا،
کہ تمام شان و شوکت کے غُرور کو نیچا دِکھائے
اَور اُن سَب کو جو دُنیا میں مُعزّز ہیں، ذلیل کرے۔
اَے اہلِ ترشیشؔ،
اَپنی سرزمین میں دریائے نیل کی طرح پھیل جاؤ،
کیونکہ اَب تمہارے لیٔے کویٔی بندرگاہ باقی نہ رہی۔
یَاہوِہ نے سمُندر کے اُوپر اَپنا ہاتھ بڑھایا ہے
اَور اُس کی مملکتوں کو لرزا دیا ہے۔
اُس نے کنعانؔ کے خِلاف حُکم جاری کیا ہے
کہ اُس کے قلعے مِسمار کئے جایٔیں۔
اُس نے کہا: ”اَے صیدونؔ کی کنواری بیٹی، تُم لُٹ چُکی ہو،
تُجھے اَب عیش و عشرت نصیب نہ ہوگا،
”اُٹھ اَور کِتّیمؔ2 میں چلی جا؛
لیکن وہاں بھی تُجھے آرام نہ ملے گا۔“
کَسدیوں کے مُلک کو دیکھو،
اِس قوم کا اَب وُجُود ہی باقی نہ رہا!
اشُوریوں نے اُسے
جنگلی جانوروں کا ٹھکانہ بنا دیا؛
اُنہُوں نے اُس میں اَپنے محاصرہ کے بُرج کھڑے کر دئیے،
اُن کے محل ڈھا دئیے
اَور اُسے ویران کر دیا۔
اَے ترشیشؔ کے جہازوں، واویلا کرو؛
کیونکہ تمہارے قلعے تباہ کر دئیے گئے۔
اُس وقت صُورؔ ستّر بَرس تک، جو کہ کسی بادشاہ کی زندگی کا عرصہ ہوتاہے، فراموش کیا جائے گا۔ اُن ستّر بَرس کے اِختتام پر صُورؔ کے ساتھ وُہی ہوگا جَیسا کہ ایک فاحِشہ کے ساتھ ہُوا جِس کا ذِکر اِس نغمہ میں ہے:
”اَے بھولی بسری فاحِشہ،
بربط اُٹھا اَور شہر میں گھُوم پھر؛
بربط بجا اَور خُوب نغمہ سرائی کر،
تاکہ تُجھے یاد کیا جائے۔“
ستّر بَرس کے بعد یَاہوِہ صُورؔ کی خبر لے گا۔ وہ فاحِشہ پھر سے اَپنا منافع بخش جِسم فروشی کرنے لَوٹ آئے گی اَور رُوئے زمین پر مَوجُود تمام مملکتوں کے ساتھ بدکاری کرےگی۔ لیکن اُس کا منافع اَور اُس کی کمائی یَاہوِہ کے لیٔے وقف کئے جایٔیں گے۔ لیکن یہ رقم نہ تو خزانہ میں داخل ہوگی، نہ ہی اِس کا ذخیرہ کیا جائے گا۔ اُس کا منافع اُن لوگوں کو جائے گا جو یَاہوِہ کے حُضُور کثرت سے رہتے ہیں تاکہ خُوراک اَور عُمدہ لباس پہنیں۔
Source notes (2)
- Footnote کِتّیمؔ دُوسرا نام سائپرس
- Footnote کِتّیمؔ دُوسرا نام سائپرس
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.