Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

عِبرانیوں 8

نئے عہد کا اعلیٰ کاہِن

جو باتیں ہم اَب کہہ رہے ہیں اُس میں بڑی بات یہ ہے کہ ہمارا اَیسا اعلیٰ کاہِن ہے جو آسمان پر قادرمُطلق خُدا کے داہنی طرف تخت نشین ہُوئے۔ اَور اُس پاک مَقدِس اَور حقیقی مُلاقات کے خیمہ میں خدمت کو اَنجام دیتاہے جسے کسی اِنسان نے نہیں بَلکہ خُود خُداوؔند نے کھڑا کیا ہے۔

چونکہ ہر اعلیٰ کاہِن خُدا کو نذرانہ اَور قُربانیاں پیش کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا جاتا ہے۔ اِس لیٔے ضروُری تھا کہ ہمارے اعلیٰ کاہِن کے پاس بھی پیش کرنے کے لیٔے کچھ ہو۔ اَور اگر وہ زمین پر ہوتا تو ہرگز کاہِنؔ نہ ہوتا کیونکہ یہاں شَریعت کے مُطابق نذرانہ پیش کرنے والے کاہِنؔ مَوجُود ہیں۔ جو اُس پاک مَقدِس میں خدمت کرتے ہیں جو آسمانی مَقدِس کی نقل اَور اُس کا عکس ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جَب حضرت مَوشہ خیمہ بنانے کو تھے تو خُدا نے اُنہیں ہدایت دی، ”دیکھ، جو نمونہ تُجھے پہاڑ پر دِکھایا گیا تھا اُسی کے مُطابق سَب چیزیں بنانا۔“1 مگر جو خدمت اَب یِسوعؔ کو بطور کاہِنؔ حاصل ہویٔی ہے وہ اُس پُرانے کہانت سے زِیادہ افضل ہے، کیونکہ جِس عہد کا وہ درمیانی ہے وہ پُرانے عہد سے زِیادہ افضل ہے کیونکہ یہ نیا عہد بہتر وعدوں کی بُنیاد پر باندھا گیا ہے۔

کیونکہ اگر پہلے عہد میں کویٔی خامی نہ ہوتی تو دُوسرے عہد کی ضروُرت ہی نہ پڑتی۔ لیکن خُدا اُس پُشت کے لوگوں میں خامیاں پا کر فرماتے ہیں:

”دیکھو! وہ دِن آ رہے ہیں،

جَب مَیں بنی اِسرائیل کے ساتھ

اَور بنی یہُوداہؔ کے ساتھ

ایک نیا عہد باندھوں گا۔

یہ اُس عہد کی مانند نہ ہوگا

جو مَیں نے اُن کے باپ دادا سے اُس وقت باندھا تھا،

جَب مَیں نے مُلکِ مِصر سے اُنہیں نکال لانے کے لیٔے

اُن کا ہاتھ پکڑا تھا،

کیونکہ وہ میرے اُس عہد کے وفادار نہ رہے،

خُداوؔند فرماتے ہیں کہ

اِس لیٔے میں بھی اُن سے دُورہو گیا۔

خُداوؔند فرماتے ہیں کہ جو عہد مَیں بنی اِسرائیل کے ساتھ

اُن دِنوں کے بعد باندھوں گا وہ یہ ہے کہ

مَیں اَپنے آئین اُن کے دِلوں میں ڈالُوں گا

اَور اُن کے ذہنوں پر نقش کر دُوں گا۔

مَیں اُن کا خُدا ہوں گا،

اَور وہ میری اُمّت ہوں گے۔

اَور ہر شخص اَپنے ہمسایہ کو

یا اَپنے بھایٔی کو یہ تعلیم نہ دے گا، ’تُم خُداوؔند کو پہچانو،‘

چُھوٹے سے لے کر بڑے تک،

کیونکہ وہ سَب مُجھے نزدیکی سے جان لیں گے،

اِس لیٔے کہ مَیں اُن کی بدکاریوں کو مُعاف کر دُوں گا

اَور اُن کے گُناہوں کو پھر کبھی یاد نہ کروں گا۔“2

جَب خُدا ”نئے،“ عہد کا ذِکر کرتا ہے تو وہ پُرانے عہد کو ردّ کر دیتاہے اَورجو شَے پُرانی اَور مُدّت کی ہو جاتی ہے وہ جلدی مِٹ جاتی ہے۔

Source notes (2)
  1. Footnote خُرو 25‏:40‏ ‏
  2. Footnote یرم 31‏:31‏‑34‏ ‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.