Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

پیدائش 33

یعقوب کی عیسَوؔ سے مُلاقات

یعقوب نے نگاہ اُٹھائی اَور دیکھا کہ عیسَوؔ اَپنے چار سَو آدمیوں کے ساتھ آ رہے ہیں۔ تَب یعقوب نے اَپنے بچّوں کو لِیاہؔ راخلؔ اَور دونوں خادِماؤں کے درمیان بانٹ دیا۔ اُنہُوں نے خادِماؤں اَور اُن کے بچّوں کو سَب سے آگے، لِیاہؔ اَور اُن کے بچّوں کو اُن کے پیچھے اَور راخلؔ اَور یُوسیفؔ کو سَب سے پیچھے رکھا۔ وہ خُود اُن کے آگے آگے چلے اَور اَپنے بھایٔی تک پہُنچتے پہُنچتے سات بار زمین پر سَجدہ کیا۔

لیکن عیسَوؔ دَوڑکر اَپنے بھایٔی یعقوب سے مِلنے کو دَوڑے اَور اُن سے بغل گیر ہوکر یعقوب کو چُوما اَور وہ دونوں رو پڑے۔ تَب عیسَوؔ نے نگاہ اُٹھاکر عورتوں اَور بچّوں کو دیکھا اَور پُوچھا، ”یہ تمہارے ساتھ کون ہیں؟“

یعقوب نے جَواب دیا، ”یہ وہ بچّے ہیں جو خُدا نے اَپنی مہربانی سے تمہارے خادِم کو عنایت کئے ہیں۔“

تَب خادِماؤں نے اَپنے بچّوں کے ساتھ آگے آکر عیسَوؔ کو جھُک کر سلام کیا۔ اُن کے بعد لِیاہؔ اَور اُس کے بچّے آئے اَور اُنہُوں نے بھی جھُک کر سلام کیا۔ اَور سَب کے آخِر میں یُوسیفؔ اَور راخلؔ آئے اَور اُنہُوں نے بھی جھُک کر سلام کیا۔

عیسَوؔ نے پُوچھا، ”اِن سَب گائے، بَیل سے جو مُجھے ملے، تمہارا کیا مطلب ہے؟“

یعقوب نے کہا، ”میرے آقا، وہ اِس لیٔے ہیں کہ آپ کی مہربانی مُجھ پر ہو۔“

لیکن عیسَوؔ نے کہا، ”نہیں میرے بھایٔی میرے پاس تو پہلے ہی بہت کچھ ہے لہٰذا جو تمہارا ہے وہ تُم اَپنے پاس ہی رکھو۔“

یعقوب نے کہا، ”نہیں نہیں! اگر مُجھ پر آپ کی نظرِ عنایت ہے تو میری طرف سے یہ تحفہ قبُول کیجئے کیونکہ تمہارا چہرہ دیکھنا خُدا کا چہرہ دیکھنے کی مانند ہے خصوصاً اَب جَب کہ آپ نے مہربانی سے میرا اِستِقبال کیا ہے۔ براہِ مہربانی جو تحفہ آپ کے سامنے لایا گیا اُسے قبُول کیجئے کیونکہ خُدا کے فضل و کرم سے میرے پاس ضروُرت کا سارا سامان مَوجُود ہے۔“ اَور یعقوب کے اِصرار کرنے پر عیسَوؔ نے اُسے قبُول کر لیا۔

تَب عیسَوؔ نے کہا، ”آؤ، ہم آگے چلیں اَور مَیں تمہارے ہمراہ چلُوں گا۔“

لیکن یعقوب نے عیسَوؔ سے کہا، ”میرے آقا کو مَعلُوم ہے کہ میرے بال بچّے نازک ہیں اَور مُجھے دُودھ پِلانے والی بھیڑ بکریوں اَور گایوں کا بھی خیال رکھنا ضروُری ہے۔ اگر اُنہیں ایک دِن بھی حد سے زِیادہ ہانکا گیا تو سَب جانور مَر جایٔیں گے۔ لہٰذا میری درخواست ہے کہ میرا آقا اَپنے خادِم سے پیشتر روانہ ہو جائے اَور مَیں اَپنے آگے چلنے والے چَوپایوں اَور بچّوں کی رفتار کے مُطابق آہستہ آہستہ چلتا ہُوا اَپنے آقا کے پاس سِعِیؔر میں آ جاؤں گا۔“

عیسَوؔ نے کہا، ”اَچھّا میں اَپنے لوگوں میں سے چند کو تمہارے پاس چھوڑے جاتا ہُوں۔“

یعقوب نے کہا، ”اِس کی کیا ضروُرت ہے؟ بس میرے آقا کی مہربانی مُجھ پر ہے یہی بہت ہے۔“

چنانچہ اُسی روز عیسَوؔ سِعِیؔر کے لیٔے روانہ ہویٔے۔ البتّہ یعقوب سُکّوتؔ چلےگئے اَور وہاں اُنہُوں نے اَپنے لیٔے ایک رہنے کے لئے ایک گھر اَور اَپنے مویشیوں کے لیٔے جھونپڑے بنائے۔ اِسی وجہ سے اُس مقام کا نام سُکّوتؔ1 پڑ گیا۔

فدّان ارام سے آنے کے بعد یعقوب صحیح سلامت مُلکِ کنعانؔ میں شِکیمؔ کے شہر تک پہُنچے اَور شہر کے نزدیک ہی خیمہ زن ہو گئے۔ زمین کے جِس قَطعہ پر اُنہُوں نے اَپنا خیمہ نصب کیا، اُسے یعقوب نے شِکیمؔ کے باپ حمُورؔ کے بیٹوں سے چاندی کے سَو سِکّوں کے عِوض خرید لیا۔ اَور وہاں یعقوب نے ایک مذبح بنا کر اُس کا نام ایل اِلُہِ اِسرائیل2 رکھا۔

Source notes (2)
  1. Footnote سُکّوتؔ جھوپڑے
  2. Footnote ایل اِلُہِ اِسرائیل یعنی اِسرائیل کا خُدا ہی طاقتور۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.