Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

پیدائش 25

اَبراہامؔ کی وفات

اَبراہامؔ نے ایک اَور عورت سے شادی کی جِس کا نام قِطورہؔ تھا اَور اُس سے زِمرانؔ، یُقشانؔ، مِدان، مِدیان، اِشبقؔ اَور شُوعؔح پیدا ہُوئے۔ یُقشانؔ سے شیبا اَور دِدانؔ پیدا ہویٔے اَور دِدانؔ کی نَسل سے اشُوریم، لطُوسی اَور لومی لوگ ہُوئے۔ اَور بنی مِدیان یہ ہیں: عیفاہؔ، عِفرؔ، حنوخؔ، اَبیداعؔ اَور اِلدعؔح تھے۔ یہ سَب قِطورہؔ کی اَولاد تھے۔

اَبراہامؔ نے اَپنا سَب کچھ اِصحاقؔ کے لیٔے چھوڑ دیا تھا۔ لیکن اَپنے جیتے جی اَبراہامؔ نے اَپنی داشتاؤں کے بیٹوں کو انعامات دے کر اُنہیں اَپنے بیٹے اِصحاقؔ کے پاس سے مشرقی مُلک کو بھیج دیا۔

اَبراہامؔ کی کُل عمر ایک سَو پچہتّر بَرس کی ہُوئی تَب اَبراہامؔ نے آخِری سانس لی اَور عَین بُڑھاپے میں نہایت ضعیف اَور پُوری عمر کا ہوکر وفات پائی اَور اَپنے لوگوں میں جا مِلے۔ اَور اُن کے بیٹے اِصحاقؔ اَور اِشمعیل نے مکفیلہؔ کے غار میں جو ممرےؔ کے نزدیک حِتّی ضُحرؔ کے بیٹے عِفرونؔ کے کھیت میں ہے اَبراہامؔ کو دفن کیا۔ اُس کھیت کو اَبراہامؔ نے حِتّیوں سے خریدا تھا۔ وہیں اَبراہامؔ کو اُن کی بیوی سارہؔ کے پاس دفن کیا گیا۔ اَبراہامؔ کی وفات کے بعد خُدا نے اُن کے بیٹے اِصحاقؔ کو برکت دی جو اُس وقت بیرلخیؔ روئی کے پاس رہتے تھے۔

اِشمعیل کی اَولاد

یہ اَبراہامؔ کے بیٹے اِشمعیل کا نَسب نامہ ہے جو سارہؔ کی لونڈی ہاگارؔ مِصری سے اَبراہامؔ کے یہاں پیدا ہُوا۔

اِشمعیل کے بیٹوں کے ناموں کی ترتیب، اُن کی پیدائش کے مُطابق یہ ہے:

نبایوتؔ جو اِشمعیل کا پہلوٹھا تھا،

قیدارؔ، ادبیلؔ، مبسامؔ،

مِشماعؔ، دُومہؔ، مَسّا،

حددؔ، تیماؔ، یطُورؔ،

نافیشؔ اَور قِدمہؔ۔

یہ اِشمعیل کے بیٹے تھے، اَور بَارہ قبیلوں کے سردار اَپنی بستیوں اَور چھاؤنیوں کے مُطابق اِن ہی سے نامزد ہیں۔

اِشمعیل کی کُل عمر ایک سَو سینتیس بَرس کی ہو گئی۔ تَب آپ نے وفات پائی اَور اَپنے لوگوں سے جا مِلے۔ اُن کی اَولاد مِصر کی مشرقی سرحد کے نزدیک اشُور کی سمت میں حَویلہؔ سے شُورؔ تک کے علاقے میں آباد ہوئی۔ یہ لوگ اَپنے سَب قبیلوں کے لوگوں سے بَیر رکھتے تھے۔

یعقوب اَور عیسَوؔ

اَبراہامؔ کے بیٹے اِصحاقؔ کا نَسب نامہ یہ ہے:

اَبراہامؔ سے اِصحاقؔ پیدا ہُوا۔ اَور اِصحاقؔ چالیس بَرس کے تھے جَب آپ نے رِبقہؔ سے بیاہ کیا جو فدّان ارام کے باشِندہ بیتُھوایلؔ ارامی کی بیٹی اَور لابنؔ ارامی کی بہن تھی۔

اَور اِصحاقؔ نے اَپنی بیوی کے لیٔے یَاہوِہ سے دعا کی کیونکہ وہ بانجھ تھیں۔ یَاہوِہ نے اُن کی دعا سُنی اَور اُن کی بیوی رِبقہؔ حاملہ ہُوئیں۔ اَور اُن کے رِحم میں دو بچّے آپَس میں زورآزمائی کرنے لگے۔ تَب رِبقہؔ نے کہا، ”میرے ساتھ اَیسا کیوں ہو رہاہے؟“ چنانچہ رِبقہؔ نے یَاہوِہ سے پُوچھا۔

یَاہوِہ نے رِبقہؔ سے فرمایا،

”تمہارے رِحم میں دو بیٹے گویا دو قومیں ہیں،

اَور یہ قوموں کے لوگ جو تمہارے بطن سے ہُوں گی ایک دُوسری سے جُدا کر دی جایٔیں گی؛

ایک بیٹا دُوسرے بیٹے سے زورآور ہوگا،

اَور بڑا چُھوٹے کی خدمت کرےگا۔“

جَب اُن کی زچگی کا وقت آ گیا تَب پتہ چلا کہ اُن کے رِحم میں جُڑواں بچّے ہیں۔ جو پہلے پیدا ہُوا وہ سُرخ تھا اَور اُس کا سارا جِسم بالوں سے بنے ہویٔے کپڑے کی طرح تھا۔ اِس لیٔے اُنہُوں نے اُس کا نام عیسَوؔ1 رکھا۔ اُس کے بعد اُس کا بھایٔی پیدا ہُوا جو اَپنے ہاتھ سے عیسَوؔ کی اِیڑی پکڑے ہویٔے تھا اِس لیٔے اُس کا نام یعقوب2 رکھا گیا۔ جَب رِبقہؔ نے اُن دونوں کو پیدا کیا تَب اِصحاقؔ کی عمر ساٹھ بَرس کی تھی۔

پھر لڑکے بڑے ہو گئے اَور عیسَوؔ ماہر شِکاری بَن گیا۔ اُسے کھُلی جگہ میں رہنا پسند تھا۔ اَور یعقوب خاموش طبیعت اِنسان تھا اَور اُسے خیموں ہی میں رہنا اَچھّا لگتا تھا۔ اِصحاقؔ جسے شِکار کا گوشت بہت پسند تھا عیسَوؔ سے پیار کرتا تھا لیکن رِبقہؔ یعقوب کو پیار کرتی تھی۔

ایک دفعہ یعقوب دال پکا رہے تھے کہ عیسَوؔ جنگل سے لَوٹا اَور اُسے سخت بھُوک لگ رہی تھی۔ عیسَوؔ نے یعقوب سے کہا، ”جلدی کیجئے اَور مُجھے اِس لال لال شَے میں سے کچھ کھانے کو دیجئے کیونکہ مَیں بھُوک سے بےدم ہو رہا ہُوں۔“ (اِسی وجہ سے اُس کا نام اِدُوم پڑ گیا یعنی سُرخ۔)

یعقوب نے کہا، ”اَچھّا پہلے اَپنا پہلوٹھا ہونے کا حق مُجھے دے دو۔“

عیسَوؔ نے کہا، ”دیکھو، مَیں تو بھُوک سے مَرا جا رہا ہُوں؛ پہلوٹھے ہونے کا حق میرے کِس کام کا؟“

لیکن یعقوب نے کہا، ”پہلے آپ مُجھ سے قَسم کھاؤ۔“ اِس لیٔے عیسَوؔ نے قَسم کھا کر اَپنا پہلوٹھا ہونے کا حق یعقوب کے ہاتھ بیچ دیا۔

لہٰذا یعقوب نے عیسَوؔ کو کچھ روٹی اَور مسور کی دال جو آپ نے پکائی تھی دے دی اَور عیسَوؔ کھا پی کر اُٹھا اَور چلا گیا۔

اِس طرح عیسَوؔ نے پہلوٹھے ہونے کے اَپنے حق کی بےقدری کی۔

Source notes (2)
  1. Footnote عیسَوؔ بالوں والا
  2. Footnote یعقوب مُراد اِیڑی پکڑنے والا یہ عِبرانی مثال ہے جِس کے معنی دھوکے باز

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.