Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

پیدائش 22

اَبراہامؔ کی آزمائش

کچھ عرصہ بعد خُدا نے اَبراہامؔ کو آزمایا۔ خُدا نے اُن سے فرمایا، ”اَبراہامؔ!“

اُنہُوں نے جَواب دیا، ”مَیں حاضِر ہُوں۔“

تَب خُدا نے فرمایا، ”اَپنے اِکلوتے بیٹے اِصحاقؔ کو جِس سے تُم مَحَبّت کرتے ہو ساتھ لے کر موریاہؔ کے علاقہ میں جاؤ اَور وہاں کے ایک پہاڑ پرجو میں تُمہیں بتاؤں گا اُسے سوختنی نذر کی قُربانی کے طور پر نذر کرو۔“

دُوسرے دِن صُبح سویرے اَبراہامؔ نے اُٹھ کر اَپنے گدھے پر زین کسی اَور اَپنے خادِموں میں سے دو کو اَور اَپنے بیٹے اِصحاقؔ کو اَپنے ساتھ لیا۔ جَب اُس نے سوختنی نذر کی قُربانی کے لیٔے حسبِ ضروُرت لکڑیاں کاٹ لیں تو وہ اُس مقام کی طرف چل دئیے جو خُدا نے اُنہیں بتایا تھا۔ تیسرے دِن اَبراہامؔ نے اُوپر نگاہ کی اَور وہاں سے دُور اُنہیں وہ مقام دِکھائی دیا۔ اَبراہامؔ نے اَپنے خادِموں سے فرمایا، ”تُم یہیں گدھے کے پاس ٹھہرو اَور مَیں اَور یہ لڑکا اُوپر جاتے ہیں۔ وہاں ہم عبادت کریں گے اَور پھر تمہارے پاس لَوٹ آئیں گے۔“

اَبراہامؔ نے سوختنی نذر کی قُربانی کی لکڑیاں لے کر اَپنے بیٹے اِصحاقؔ کو دیں کہ وہ اُنہیں اُٹھالے اَور آگ اَور چھُری خُود سنبھالی۔ جَیسے ہی وہ دونوں ایک ساتھ روانہ ہویٔے، اِصحاقؔ نے اَپنے باپ اَبراہامؔ سے پُوچھا، ”اَبّا؟“

اَبراہامؔ نے جَواب دیا، ”ہاں، میرے بیٹے؟“

اِصحاقؔ نے کہا، ”آگ اَور لکڑیاں یہاں ہیں لیکن سوختنی نذر کی قُربانی کے لیٔے برّہ کہاں ہے؟“

اَبراہامؔ نے جَواب دیا، ”اَے میرے بیٹے! خُدا آپ ہی سوختنی نذر کی قُربانی کے لیٔے برّہ مہیا کرےگا۔“ اَور وہ دونوں ساتھ ساتھ آگے بڑھ گیٔے۔

جَب وہ اُس مقام پر پہُنچے جو خُدا نے آپ کو بتایا تھا تو اَبراہامؔ نے وہاں مذبح اَور اُس پر لکڑیاں چُن دیں۔ پھر اَبراہامؔ نے اَپنے بیٹے اِصحاقؔ کو رسّی سے باندھ کر مذبح پر لکڑیوں کے اُوپر رکھ دیا۔ تَب اَبراہامؔ نے ہاتھ میں چھُری لی تاکہ اَپنے بیٹے کو ذبح کریں۔ لیکن یَاہوِہ کے فرشتہ نے اَبراہامؔ کو آسمان سے پُکارا، ”اَے اَبراہامؔ، اَے اَبراہامؔ!“

اَبراہامؔ نے جَواب دیا، ”مَیں حاضِر ہُوں۔“

یَاہوِہ نے فرمایا، ”اِس لڑکے پر ہاتھ نہ بڑھاؤ؛ اَور اُسے کچھ نہ کرنا۔ اَب مَیں جان گیا کہ تُو خُدا سے ڈرنے والا اِنسان ہے کیونکہ تُونے مُجھ سے اَپنے بیٹے، بَلکہ اِکلوتے بیٹے کو بھی دریغ نہ کیا۔“

اَبراہامؔ نے نگاہ اُٹھائی اَور آپ نے وہاں ایک مینڈھا دیکھا جِس کے سینگ جھاڑیوں میں پھنسے ہویٔے تھے۔ اَبراہامؔ نے جا کر اُس مینڈھے کو پکڑا اَور اُسے اَپنے بیٹے کی بجائے سوختنی نذر کی قُربانی کے طور پر چڑھایا۔ اِس لیٔے اَبراہامؔ نے اُس مقام کا نام ”یَاہوِہ یِراِہ1“ رکھا۔ آج کے دِن تک یہ مثال دی جاتی ہے، ”یَاہوِہ کے پہاڑ پر مُہیّا کیا جایٔےگا۔“

یَاہوِہ کے فرشتہ نے آسمان سے دُوسری مرتبہ اَبراہامؔ کو پُکارا یَاہوِہ نے اَپنی ذات کی قَسم کھا کر فرمایا، ”چونکہ تُونے میرے حُکم پر عَمل کیا اَور اَپنے بیٹے یعنی اَپنے اِکلوتے بیٹے کو بھی دریغ نہ کیا، اِس لیٔے میں یقیناً تُمہیں برکت دُوں گا اَور تمہاری اَولاد کو آسمان کے سِتاروں اَور سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانند بے شُمار بڑھاؤں گا اَور تمہاری اَولاد اَپنے دُشمنوں کے شہروں پر قابض ہوگی، اَور تمہاری نَسل کے ذریعہ زمین کی سَب قومیں برکت پائیں گی کیونکہ تُم نے میرا حُکم مانا۔“

تَب اَبراہامؔ اَپنے خادِموں کے پاس لَوٹ آئے اَور وہ سَب بیرشبعؔ کو روانہ ہویٔے اَور اَبراہامؔ نے بیرشبعؔ میں قِیام کیا۔

ناحوؔر کے بیٹے

چند دِنوں کے بعد اَبراہامؔ کو یہ خبر مِلی، ”مِلکاہؔ بھی ماں بَن چُکی ہے اَور آپ کے بھایٔی ناحوؔر سے بھی بیٹے پیدا ہویٔے ہیں،

یعنی عُوضؔ جو اُس کا پہلوٹھا ہے اَور اُس کا بھایٔی بوز،

قمُوایلؔ (جو ارام کا باپ ہے)،

کسِدؔ، حَازو، پِلداشؔ، جِدلافؔ اَور بیتُھوایلؔ۔“

اَور بیتُھوایلؔ سے رِبقہؔ پیدا ہُوئی۔

مِلکاہؔ کے یہ آٹھوں بیٹے اَبراہامؔ کے بھایٔی ناحوؔر سے پیدا ہویٔے۔

ناحوؔر کی داشتہ کے ہاں بھی، جِس کا نام ریُومہ تھا بیٹے پیدا ہویٔے،

جِن کے نام طیبحؔ، گاحمؔ، تحصؔ اَور معکہؔ ہیں۔

Source notes (1)
  1. Footnote یَاہوِہ یِراِہ مُہیّا کرنے والا

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.