Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

خُروج 25

مَسکن کے لئے نذرانے

اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: ”بنی اِسرائیل سے کہو کہ میرے لیٔے نذر لائیں۔ اَورجو اِنسان دِل کی خُوشی سے نذر لایٔے تو اُسے میرے لیٔے قبُول کر لینا۔

”اَورجو نذریں تُم اُن سے لوگے وہ یہ ہیں:

”سونا، چاندی، کانسے؛

نیلا، اَرغوانی، سُرخ رنگ کا کپڑا، نفیس کتان؛

بکری کی پشم؛

اَور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اَور دریائی بچھڑوں کی کھالیں1؛

اَور کیکر کی لکڑی؛

اَور چراغ کے لیٔے؛

زَیتُون کا تیل؛ مَسح کا تیل اَور خُوشبودار بخُور کے لیٔے مَسالے؛

افُود، سنگِ سُلیمانی اَور سینہ بند میں جڑنے کے لیٔے نگینے اَور دیگر جواہرات۔

”اَور پھر وہ میرے لیٔے ایک پاک مَقدِس بنائیں اَور مَیں اُن کے درمیان سکونت کروں گا۔ اَور اُس مَسکن اَور اُس کے سارے سامان کا جو نمونہ میں تُمہیں دِکھاؤں ٹھیک اُسی کے مُطابق اُسے بنانا۔

عہد کا صندُوق

”اَور وہ کیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنائیں جِس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ2 اَور چوڑائی ڈیڑھ ہاتھ3 اَور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ4 ہو۔ اَور اُس کے اَندر اَور باہر تُم خالص سونا منڈھنا اَور اُس کے اُوپر سجاوٹ کے لیٔے سونے کا بنا ہُوا کلس لگانا۔ اَور اُس کے لیٔے سونے کے چار کڑے ڈھال کر اُس کے چاروں پایوں میں لگانا، دو کڑے ایک طرف ہوں اَور دُوسری طرف بھی دو۔ اَور پھر کیکر کی لکڑی کی بَلّیاں بنا کر اُن پر سونا منڈھنا۔ اَور وہ بَلّیاں صندُوق کے اطراف کے کڑوں میں ڈالنا کہ اُن کے سہارے صندُوق کو اُٹھایا جائے۔ اَور وہ بَلّیاں اُس صندُوق کے کڑوں میں ہی رہیں۔ اُن کو الگ نہ کیا جائے۔ پھر تُم اُس شہادت نامہ کو جو میں تُمہیں دُوں گا اُس عہد کی تختیوں کو صندُوق میں رکھنا۔

”اَور تُم کفّارہ کا سرپوش خالص سونے کا بنانا جو ڈھائی ہاتھ لمبا اَور ڈیڑھ ہاتھ چوڑا ہو۔ اَور سرپوش کے دونوں کونوں پر سونے سے گڑھے ہویٔے دو کروبیم بنانا۔ اَور ایک کروب کو ایک سِرے پر اَور دُوسرے کروب کو دُوسرے پر لگانا اَور تُم دونوں سِروں کے کروبیم اَور سرپوش کو ایک ہی ٹکڑے سے بنانا۔ اَور کروبیم کے پر اُوپر کی طرف اِس طرح پھیلے ہویٔے ہُوں کہ وہ سرپوش کو ڈھانکے رہیں۔ اَور کروبیم کے چہرے ایک دُوسرے کے آمنے سامنے سرپوش کی طرف ہُوں۔ اَور تُم اُس سرپوش کو اُس صندُوق کے اُوپر لگانا اَور وہ عہد کی تختیاں جو میں تُمہیں دُوں گا اُس صندُوق کے اَندر رکھنا۔ وہاں عہد کے صندُوق پر سرپوش کے اُوپر دونوں کروبیم کے درمیان تُم سے مِلا کروں گا اَور بنی اِسرائیل کے لیٔے اَپنے تمام اَحکام تُمہیں دیا کروں گا۔

میز

”کیکر کی لکڑی کی ایک میز بنانا جو دو ہاتھ لمبی5 ایک ہاتھ چوڑی6 اَور ڈیڑھ ہاتھ اُونچی7 ہو۔ اَور اُسے خالص سونے سے منڈھنا اَور اُس کے گِرد سونے کا ایک کلس بنانا۔ اَور اُس کے چَوگرد چار اُنگل8 چوڑی کنگنی لگانا اَور سونے کا ایک کلس اُس کنگنی پر رکھنا۔ اَور اُس میز کے لیٔے سونے کے چار کڑے بنانا اَور اُنہیں اُس کے چاروں کونوں سے جہاں کہ اُس کے چاروں پایٔے ہیں جوڑ دینا۔ اَور وہ کڑے اُس کنگنی کے نزدیک ہی ہُوں تاکہ وہ میز کو اُٹھانے کے لئے اِستعمال ہونے والی بَلّیوں کو تھامے رکھیں۔ اَور وہ بَلّیاں کیکر کی لکڑی سے بنانا اَور اُنہیں سونے سے منڈھنا اَور میز کو اُن بَلّیوں کے سہارے ہی اُٹھانا۔ اَور تُم اُس کے طباق اَور ڈونگے اَور صُراحیاں اَور نذریں اُنڈیلنے کے پیالے بھی خالص سونے کے بنانا۔ اَور تُم اُس میز پر نذر کی روٹی ہمیشہ میرے رُوبرو رکھنا۔

چراغدان

”تُم خالص سونے کا ایک چراغدان بنانا۔ اُس کے پایٔے اَور ڈنڈی سَب گڑھ کر بنائے جایٔیں اَور اُس کے پیالے، کلیاں اَور پھُول سَب ایک ہی ٹکڑے کے بنے ہُوں۔ اَور اُس چراغدان کے دونوں طرف سے چھ شاخیں باہر کو نکلی ہُوں۔ تین ایک طرف اَور تین دُوسری طرف۔ ایک شاخ پر بادام کے پھُول کی شکل کے تین پیالے، کلیاں اَور پھُول ہُوں اَور تین دُوسری شاخ پر۔ اَور اِسی طرح چراغدان سے باہر کو نکلی ہُوئی چھ شاخوں پر ہُوں۔ اَور چراغدان کے اُوپر بادام کے پھُول کی شکل کے چار پیالے بنے ہویٔے ہُوں اَور اُن کے ساتھ کلیاں اَور پھُول بھی ہُوں۔ ایک کلی چراغدان سے باہر نکلی ہُوئی شاخوں کی پہلی جوڑی کے نیچے ہو۔ دُوسری کلی شاخوں کی دُوسری جوڑی کے نیچے اَور تیسری کلی تیسری جوڑی کے نیچے۔ یعنی ساری کلیاں چھ شاخوں کے نیچے۔ وہ کلیاں اَور شاخیں اَور چراغدان ایک ہی ٹکڑے کے ہُوں اَور خالص سونے کے ٹکڑے سے گڑھ کر بنائے گیٔے ہُوں۔

”پھر تُم اُس کے لیٔے سات چراغ بنانا اَور اُنہیں اُس کے اُوپر رکھنا تاکہ وہ اُس کے سامنے کی جگہ کو رَوشن کریں۔ اَور اُس کے گُلگیر اَور گلدان خالص سونے کے ہُوں۔ وہ چراغدان اَور اُس کے لوازمات ایک تالنت9 خالص سونے کے بنے ہویٔے ہُوں۔ اَور خیال رکھو کہ جو نمونہ تُمہیں پہاڑ پر دِکھایا گیا تھا اُسی کے مُطابق سَب چیزیں بنانا۔

Source notes (9)
  1. Footnote دریائی بچھڑوں عِبرانی میں تخس یعنی ایک دریائی جانور
  2. Footnote ڈھائی ہاتھ لمبائی 110 سینٹی مِیٹر
  3. Footnote چوڑائی ڈیڑھ ہاتھ 68 سینٹی مِیٹر
  4. Footnote اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ 68 سینٹی مِیٹر
  5. Footnote دو ہاتھ لمبی 90 سینٹی مِیٹر
  6. Footnote چوڑی تقریباً 48 سینٹی مِیٹر
  7. Footnote اُونچی تقریباً 68 سینٹی مِیٹر
  8. Footnote چار اُنگل ساڑھے سات سینٹی مِیٹر
  9. Footnote ایک تالنت تقریباً 34کِلوگرام

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.