Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

اِستِثنا 21

بےگُناہ کے خُون کا کفّارہ

اگر اُس مُلک میں جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے قبضہ میں دے رہے ہیں، کسی مقتول کی لاش میدان میں پڑی ہُوئی ملے اَور یہ مَعلُوم نہ ہو کہ اُس کا قاتل کون ہے، تو تمہارے بُزرگ اَور قاضی باہر نکل کر اُس لاش کے چاروں طرف کے نزدیکی شہروں کا فاصلہ ناپیں۔ تَب جو شہر اُس مقتول لاش کے بالکُل قریب ہو، وہاں کے بُزرگ ایک بچھیا لیں جِس سے کبھی کویٔی کام نہ لیا گیا ہو نہ ہل جوتنے میں اَور نہ بیج بونے میں۔ پھر وہ بُزرگ اُس بچھیا کو ایک اَیسی وادی میں لے جایٔیں جہاں نہ ہل چلایا گیا ہو اَور نہ کچھ بویا گیا ہو اَور جہاں بہتے ہویٔے پانی کا چشمہ ہو۔ اَور وہاں اُس وادی میں اُس بچھیا کی گردن توڑ دیں۔ تَب بنی لیوی جو کاہِنؔ ہیں نزدیک آئیں کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اُنہیں خدمت کرنے اَور یَاہوِہ کے نام سے برکت دینے اَور تمام تنازعوں اَور جھگڑوں کے مُعاملوں کا فیصلہ کرنے کے لیٔے مُنتخب کیا ہے۔ تَب اُس شہر کے سَب بُزرگ جو اُس مقتول لاش کے سَب سے قریب رہنے والے ہُوں، اُس بچھیا کے اُوپر اَپنے اَپنے ہاتھ دھوئیں، جِس کی گردن اُس وادی میں توڑی گئی ہو، اَور وہ یُوں اعلان کریں: ”یہ خُون ہمارے ہاتھوں نہیں ہُواہے اَور نہ اِسے ہماری آنکھوں نے ہوتے ہویٔے دیکھاہے۔ لہٰذا اَے یَاہوِہ! اَپنی قوم اِسرائیل کے واسطے جسے آپ نے چھُڑایا ہے یہ فدیہ قبُول فرمائیں، اَور کسی بےگُناہ کے خُون کے لیٔے اَپنی قوم کو مُجرم نہ قرار دیں۔“ تَب اُنہیں خُون کے جُرم سے کفّارہ مِل جایٔےگا، اِس طرح تُم بےگُناہ کے خُون کا اِلزام اَپنے اُوپر سے دُور کر دوگے کیونکہ تُم نے وہ کام کیا ہے جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست ہے۔

جنگ میں قَیدی عورت سے شادی کرنا

جَب تُم اَپنے دُشمنوں سے جنگ کرنے نکلو اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا اُنہیں تمہارے ہاتھ میں کر دیں اَور تُم اُنہیں غُلام بنا کے لاؤ، اَور اُن غُلاموں میں کویٔی حسین عورت دیکھ کر تُم اُس پر فریفتہ ہو جاؤ، تو تُم اُسے اَپنی بیوی بنا سکتے ہو۔ تُم اُسے اَپنے گھر لے آنا اَور اُس کا سَر مُنڈوانا اَور ناخون کٹوانا، اَور اسیری کے وقت جو کپڑے وہ پہنے ہویٔے تھی اُنہیں الگ کردینا۔ اَور جَب وہ تمہارے گھر میں رہ کر مُکمّل ایک ماہ تک اَپنے ماں باپ کے لیٔے ماتم کر چُکے، تَب تُم اُس کے پاس جانا اَور اُس کا خَاوند ہو جانا اَور وہ تمہاری بیوی ہوگی۔ اَور اگر تُم اُس سے خُوش نہ ہو، تو جہاں وہ جانا چاہے اُسے جانے دینا۔ تُم اُسے قیمت میں ہرگز نہ بیچنا اَور نہ ہی اُس کے ساتھ غُلام کا سا سلُوک کرنا، کیونکہ تُم نے اُسے بےحُرمت کیا ہے۔

پہلوٹھے کا حق

اگر کسی مَرد کی دو بیویاں ہوں، اَور وہ ایک سے مَحَبّت کرتا ہو اَور دُوسری سے نہیں، اَور دونوں سے اُس کے بیٹے پیدا ہوں، لیکن پہلوٹھا اُس بیوی کا بیٹاہو جِس سے وہ مَحَبّت نہیں کرتا۔ تو جَب وہ اَپنے بیٹوں کو اَپنی جائداد کا وارِث بنانے لگے تَب وہ اَپنی محبُوبہ بیوی کے بیٹے کو غَیر محبُوبہ کے پہلوٹھے بیٹے پرجو اُس کا حقیقی پہلوٹھا ہے ترجیح دے کر پہلوٹھا نہ بنائے۔ بَلکہ وہ اَپنے غَیر محبُوبہ بیوی کے بیٹے کو پہلوٹھا مان کر اُسے اَپنی جائداد میں سے دُگنا حِصّہ دے۔ کیونکہ وہ بیٹا اَپنے باپ کی قُوّت کا پہلا نِشان ہے۔ اَور پہلوٹھے کا حق اُسی کا ہے۔

باغی بیٹا

اگر کسی شخص کا ضِدّی اَور باغی بیٹاہو، جو اَپنے والدین کی فرمانبرداری نہیں کرتا ہے اَور جَب والدین اُسے تنبیہ کرتے ہیں تو اُن کی نہیں سُنتا، تو اُس کے والدین اُسے پکڑکر شہر کے پھاٹک پر بُزرگوں کے پاس لے جایٔیں۔ اَور اُس کے والدین شہر کے بُزرگوں سے کہیں، ”ہمارا یہ بیٹا ضِدّی اَور باغی ہے۔ وہ ہمارے حُکموں پر نہیں چلتا۔ وہ پیٹو اَور شرابی ہے۔“ تَب اُس کے شہر کے سَب لوگ اُسے سنگسار کرکے مار ڈالیں۔ تُم اَیسی بدکاری کو اَپنے بیچ میں سے ختم کردینا۔ تَب سَب اِسرائیلی اُس کے بارے میں سُن کر خوف کھایٔیں گے۔

مُختلف آئین

اگر کسی شخص سے کویٔی سنگین جُرم سرزد ہُوا ہو اَور اُسے قتل کرکے، اُس کی لاش کو درخت سے لٹکا دیا گیا ہو، تو دیکھنا کہ اُس کی لاش رات بھر درخت پر لٹکتی نہ رہے۔ تُم اُسے اُسی دِن ضروُر دفن کردینا، کیونکہ جو درخت پر لٹکایا گیا ہے وہ خُدا کی طرف سے لعنتی ہے۔ لہٰذا تُم اُس مُلک کو ناپاک نہ کرنا جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا مِیراث کے طور پر تُمہیں دے رہے ہیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.